31 مئی کو اہل غزہ سے یکجہتی کیلئے ’’ڈاکٹروں کا مارچ‘‘ ہو گا: حافظ نعیم
اشاعت کی تاریخ: 25th, May 2025 GMT
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر اور اسرائیل غزہ میں بدترین جارحیت اور دہشت گردی کر رہا ہے۔ امریکی صدر پر ہرگز اعتماد نہیں کیا جا سکتا، وہ بھارت کے حامی اور غزہ میں فلسطینیوں کے قتل کے ذمہ دار ہیں۔ پاک فوج اور ائیر فورس نے جس طرح بھارت کے خلاف مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کا مظاہرہ کیا ہے اسی طرح اسرائیل کے خلاف بھی عملی اقدامات کیے جائیں۔ جماعت اسلامی شعبہ میڈیکل کے تحت 31مئی کو اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی میں ’’ڈاکٹروں کا مارچ‘‘ ہو گا، یکم جون کو حیدر آباد میں عظیم الشان و تاریخی’’بھارت و اسرائیل مردہ باد جلسہ عام‘‘کیا جائے گا۔ مسلم ممالک کے حکمران غیرت و حمیت کا مظاہرہ کریں اور فلسطین کی مدد کریں۔ اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔ جماعت اسلامی اور الخدمت کے تحت غذائی اجناس فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پیپلز پارٹی آرمی چیف کی تصاویر لگانے سے مقبول نہیں ہو سکتی۔ کراچی کو اس کا حق دے، پانی بحران سمیت دیگر مسائل حل کرے، منتخب بلدیاتی نمائندوں کو سپریم کورٹ کے حکم اور آرٹیکل 140-Aکے تحت اختیارات و وسائل فراہم کرے، کے الیکٹرک، نیپرا اور حکومتی گٹھ جوڑ سے کراچی کے عوام کی خون پیسنے کی کمائی لوٹی جا رہی ہے۔ کے الیکٹرک کو رائٹ آف کلیم کے نام پر 76 ارب روپے وصولی کی اجازت دی گئی تو جماعت اسلامی وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کرے گی۔ کے الیکٹرک لائسنس منسوخ اور فارنزک آڈٹ کرایا جائے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: جماعت اسلامی
پڑھیں:
کراچی، این آئی سی ایچ میں انتظامی بحران شدت اختیار کرگیا، ینگ ڈاکٹر کا اوپی ڈی کا بائیکاٹ
کراچی:سندھ میں بچوں کے سب سے بڑے اسپتال (این آئی سی ایچ) میں طبی اور انتظامی بحران شدت اختیار کرگیا ہے، جہاں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سندھ کی جانب سے او پی ڈی کا مکمل بائیکاٹ کیا گیا۔
این آئی سی ایچ میں انتظامی بحران کے خلاف مظاہرین نے کہا کہ اسپتال میں کولنگ سسٹم ناکام ہوچکا ہے، جس سے آئی ٹی یو اور وارڈز کی سروسز بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔
احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں نے دعویٰ کیا کہ اسپتال میں ڈاکٹروں کی شدید کمی ہے اور حکومت تعیناتیوں میں تاخیر کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کی ناقص صورت حال کے باعث ڈاکٹرز پر تشدد کے واقعات معمول بن چکے ہیں، ریڈیالوجی ڈپارٹمنٹ کی سروسز معطل ہوچکی ہیں اور ادویات کی قلت نے والدین کو مہنگی دوائیں جیب سے خریدنے پر مجبور کر دیا ہے۔
ڈاکٹروں کے مطابق وہ زکوٰۃ اور عطیات کے ذریعے مریض بچوں کے لیے ادویات کا بندوبست کرنے پر مجبور ہیں۔
مذکورہ ڈاکٹروں نے مطالبہ کیا کہ بچوں کو علاج کی سہولیات، عملے کو تحفظ اور اسپتال کا نظام شفاف بنایا جائے، بصورت دیگر او پی ڈی سروسز غیر معینہ مدت کے لیے بند کر کے دھرنا دیا جائے گا۔
دوسری جانب اسپتال کے ڈائریکٹر ناصر سدل نے احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں کو او پی ڈی بحال کرنے کی ہدایت کی، جس پر ان کے اور ڈاکٹروں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔