وزیراعظم شہباز شریف جرگے میں شرکت کیلیے کوئٹہ پہنچ گئے
اشاعت کی تاریخ: 31st, May 2025 GMT
کوئٹہ:
وزیراعظم شہباز شریف جرگے میں شرکت کے لیے کوئٹہ پہنچ گئے۔
بلوچستان میں امن و امان کے معاملات، جرگے میں شرکت اور سوراب دھماکے کے زخمیوں کی عیادت سمیت دیگر امور کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے۔
وزیراعظم کے اس دورے کا مقصد بلوچستان میں قیامِ امن کے لیے جاری کوششوں کو قبائلی، سیاسی اور انتظامی سطح پر مربوط بنانا ہے۔
حکام کے مطابق وزیراعظم کے کوئٹہ پہنچنے پر قائم مقام گورنر بلوچستان عبدالخالق اچکزئی، وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی اور دیگر سینئر افسران نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم کا دورہ بلوچستان کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور صوبائی قیادت کے ساتھ براہِ راست مشاورت کے تناظر میں اہمیت کا حامل ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف صوبے میں امن و امان کے حوالے سے منعقدہ ایک بڑے خصوصی جرگے میں شرکت کریں گے، جس میں بلوچستان کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے قبائلی و سیاسی عمائدین کو مدعو کیا گیا ہے۔
جرگے میں نہ صرف بلوچستان کی موجودہ سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا، بلکہ امن کے فروغ کے لیے مقامی سطح پر اعتماد سازی کے اقدامات پر بھی بات کی جائے گی۔
جرگے میں گورنر، وزیراعلیٰ، صوبائی وزرا، ارکانِ اسمبلی اور قبائلی رہنماؤں کی بڑی تعداد شریک ہو گی۔ حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی کوشش ہے کہ صوبے کے پائیدار امن کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے اور ان کی تجاویز اور خدشات کو قومی پالیسی کا حصہ بنایا جائے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم اپنے اس دورے کے دوران سوراب دھماکے کے زخمیوں کی عیادت بھی کریں گے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: وزیراعظم شہباز شریف جرگے میں شرکت کے لیے
پڑھیں:
کراچی میں شہریوں کی رہنمائی کیلیے روڈ سیفٹی آفیسر یونٹ قائم کرنے کرنا کا فیصلہ
ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کے لیے ’’روڈ سیفٹی آفیسر یونٹ‘‘ کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس نے شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی، روڈ سیفٹی کے فروغ اور عوام دوست پولیسنگ کے وژن کو مزید مؤثر بنانے کے لیے "روڈ سیفٹی آفیسر یونٹ" قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
روڈ سیفٹی آفیسرز شہر کی اہم اور مصروف شاہراہوں بشمول شاہراہ فیصل ، ماڑی پور روڈ ، کورنگی روڈ اور شاہراہ لیاقت پر تعینات کیے جائیں گے جہاں وہ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے، شہریوں کو متبادل راستوں اور سفری سہولیات سے متعلق معلومات فراہم کرنے اور بروقت مدد کے فرائض انجام دیں گے۔
ترجمان کے مطابق یونٹ کے قیام سے شہریوں کو محفوظ سفری ماحول میں رہنمائی ملے گی ، یہ یونٹ شہریوں اور ٹریفک پولیس کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ دوران سفر پیش آنے والی مشکلات کے فوری حل اور مؤثر رہنمائی میں اہم کردار ادا کریگا۔
یونٹ کا مقصد ٹریفک قوانین ، روڈ سیفٹی اقدامات اور ذمہ دارانہ طرز ڈرائیونگ کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر اور اس میں مزید اضافہ کرنا ہے۔