ملک کے بیشتر علاقے گرمی کی لپیٹ میں؛ گرم موسم کی شدت کب تک رہے گی؟
اشاعت کی تاریخ: 11th, June 2025 GMT
ملک کے بیشتر علاقے اس وقت گرمی کی لپیٹ میں ہیں، دوسری جانب محکمہ موسمیات نے موسم کی شدت کے حوالے سے پیش گوئی بھی جاری کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں شدید گرمی کی لہر بدستور جاری ہے اور یہ صورتِ حال جمعرات تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔
11 اور 12 جون کے دوران ملک کے بالائی علاقوں بشمول وسطی و بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک زائد رہے گا جب کہ جنوبی علاقوں جیسے بالائی و وسطی سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ صبح 11 بجے سے شام 4 بجے تک براہ راست سورج کی روشنی میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں تاکہ ہیٹ اسٹروک جیسے خطرناک اثرات سے بچا جا سکے۔
بدھ اور جمعرات کے روز ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم نہایت گرم رہے گا اور ان دنوں دوپہر کے بعد تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے، جس سے صورتِ حال مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی شدید گرمی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں تیز ہواؤں کے ساتھ ساتھ گرد آلود فضا متوقع ہے۔
درجہ حرارت کی تفصیل کے مطابق بہاولپور، راولپنڈی اور ساہیوال میں 44 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ، ملتان، فیصل آباد، لاہور اور اٹک میں 45 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ جب کہ ڈیرہ غازی خان، سرگودھا، چکوال اور جہلم میں درجہ حرارت 46 سے 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
شہروں کی موجودہ صورت حال پر نظر ڈالیں تو ملتان میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ اور نمی کا تناسب 56 فیصد، ڈیرہ غازی خان میں 46 ڈگری اور نمی 42 فیصد، سرگودھا میں 47 ڈگری اور نمی 52 فیصد جب کہ لاہور میں 46 ڈگری اور نمی 36 فیصد ریکارڈ ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ فیصل آباد، اٹک، جہلم اور ساہیوال میں بھی گرمی کی شدت معمول سے کہیں زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
شدید گرمی کے باعث محکمہ موسمیات اور ماہرین صحت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، خاص طور پر بزرگ، بچے اور بیمار افراد سخت احتیاط برتیں۔
دھوپ میں کام کرنے والے افراد کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سایہ دار جگہوں پر قیام کریں، پانی اور نمکیات کا استعمال بڑھا دیں تاکہ ہیٹ اسٹروک، لو لگنے یا پانی کی کمی جیسے مسائل سے بچا جا سکے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ڈگری سینٹی گریڈ محکمہ موسمیات امکان ہے کے بیشتر گرمی کی ملک کے
پڑھیں:
متحدہ عرب امارات میں عوام کو شدید گرمی سے بچانے کیلئے نئی منصوبہ بندی
ابوظہبی(نیوز ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں عوام کو شدید گرمی سے بچانے کے لیے نئی منصوبہ بندی بنا لی گئی۔
اماراتی نیشنل سینٹر آف میٹیورولوجی اور پبلک ہیلتھ سینٹر میں 5 سالہ معاہدہ ہو گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے رپورٹس کے مطابق شدید گرمی، نمی اور فضائی آلودگی سے متعلق جدید ڈیٹا شیئر کیا جائے گا، ملک میں کہیں بھی شدید گرمی کی صورت میں عوام کو فوری ڈیجیٹل اطلاعات دی جائیں گی۔
گرمی سے متاثرہ علاقے میں موجود عوام کو بروقت آگاہ کیا جائے گا، فوری آگاہی مہم سے کلائمٹ چینج کے اثرات کم کرنے میں مدد دے گی۔
متحدہ عرب امارات میں رواں سال اگست میں درجۂ حرارت 51.8 ڈگری تک پہنچا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یو اے ای میں مئی اور اپریل بھی ریکارڈ گرم ترین مہینے قرار پائے تھے، یو اے ای میں دن 12:30 سے 3:30 بجے تک دھوپ میں کام کرنا ممنوع ہے۔
Post Views: 6