مشرق وسطیٰ میں کشیدگی: چینی صدر نے اہم تجاویز پیش کر دیں
اشاعت کی تاریخ: 20th, June 2025 GMT
مشرق وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر چینی صدر شی جن پنگ نے خطے میں امن کے قیام کے لیے اہم تجاویز پیش کر دی ہیں۔
چینی وزارت خارجہ کے مطابق صدر شی جن پنگ نے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے شہریوں کے تحفظ کو اولین ترجیح قرار دیا ہے۔
وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر شی جن پنگ نے زور دیا ہے کہ مذاکرات اور مکالمہ ہی آگے بڑھنے کا بنیادی راستہ ہے جبکہ بین الاقوامی برادری کی جانب سے امن کی کوششیں ناگزیر ہیں۔
اس سے قبل روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو بھی ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے ایران پر اسرائیلی حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔
دونوں صدور نے ایران اسرائیل تنازع کے سفارتی حل پر زور دیا اور واضح کیا کہ ایرانی جوہری پروگرام سے متعلق تمام تنازعات کا کوئی فوجی حل ممکن نہیں۔
یہ پڑھیں: چین نے ایران اسرائیل جنگ میں امریکی مداخلت کی مخالفت کردی
چینی صدر کا کہنا تھا کہ وہ ایران کے معاملے میں روسی ثالثی کی حمایت کرتے ہیں کیونکہ یہ کشیدگی میں کمی کا باعث بن سکتی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایران اسرائیل تنازع میں ممکنہ امریکی مداخلت خطے میں ایک اور خطرناک بحران کو جنم دے سکتی ہے۔
چین اور روس کی قیادت کی جانب سے اس متفقہ موقف کو عالمی امن کے لیے ایک مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: چینی صدر
پڑھیں:
ٹرمپ کیخلاف وسطی لندن میں احتجاجی مظاہرہ، غزہ میں جنگ رُکوانے کا مطالبہ
فلسطینی پرچم اٹھائے مظاہرین نے ٹرمپ مخالف پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، مظاہرین ٹرمپ سے اسرائیل کو ہتھیار نہ دینے اور غزہ میں جنگ رُکوانے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ اسلام ٹائمز۔ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سرکاری دورے پر برطانیہ میں موجود ہیں، امریکی صدر کی آمد کے خلاف وسطی لندن میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ فلسطینی پرچم اٹھائے مظاہرین نے ٹرمپ مخالف پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، مظاہرین ٹرمپ سے اسرائیل کو ہتھیار نہ دینے اور غزہ میں جنگ رُکوانے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر لندن میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ کی برطانیہ آمد پر پرنس ولیم اور شہزادی کیتھرین نے پرتپاک استقبال کیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق صدر ٹرمپ ہیلی کاپٹر کے ذریعے شاہی محل ونزر کاسل پہنچے، برطانوی شاہی خاندان اور امریکی مہمانوں کے درمیان خصوصی جلوس نکالا گیا، جس میں صدر ٹرمپ کے ساتھ کنگ چارلس سوار تھے، جبکہ کوئین کمیلا اور میلانیا ٹرمپ اسکاٹش اسٹیٹ کوچ میں موجود تھیں۔ شاہی محل پہنچنے پر شاہ چارلس سوم اور ملکہ کمیلا نے ٹرمپ اور میلانیا ٹرمپ کو خوش آمدید کہا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کل برطانوی وزیراعظم اسٹارمر سے ملاقات ہوگی۔