اٹلی کے قونصل جنرل سندھ کی ثقافت سے متاثر، اہم خواہش بھی ظاہر کردی
اشاعت کی تاریخ: 27th, June 2025 GMT
کراچی میں تعینات اٹلی کے قونصل جنرل سندھ کی ثقافت کے سحر میں گرفتار ہوگئے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اٹلی کے قونصل جنرل فابریزیو بیئیلی نے سندھ اسمبلی کا دورہ کیا جہاں مہمان کا آمد پر اسپیکر اسمبلی اویس قادر شاہ نے استقبال کیا۔
اسپیکر کے ہمراہ سیکریٹری سندھ اسمبلی جی ایم عمر فاروق، ڈائریکٹر جنرل میڈیا عرفان احمد میمن اور هما اکرام اللہ موجود تھیں۔
ملاقات میں اٹلی اور پاکستان کے مابین دوستانہ تعلقات کو اجاگر کیا گیا اور تجارت، پانی کے انتظام، ثقافتی تبادلوں اور ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال ہوا۔
قونصل جنرل فابریزیو بیئیلی نے سندھ کی روایتی مہمان نوازی اور ثقافتی روایات کی تعریف کی اور صوبے کی تنوع اور ورثے کو سراہا۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے سفارتی مشن کی بنیادی ترجیحات میں اقتصادی مواقع کو وسعت دینا، ثقافتی مکالمے کو فروغ دینا اور پائیدار ترقی کی حمایت شامل ہے۔
دونوں فریقین نے پاکستان کے قانون سازی نظام پر بھی گفتگو کی۔
اسپیکر اویس قادر شاہ نے اٹلی اور صوبہ سندھ کہ قانون سازوں کے مابین مکالمے کو فروغ دینے کے لیے ’’پارلیمانی فرینڈشپ گروپ‘‘ کے قیام کی تجویز دی۔
ملاقات میں کراچی سمیت سندھ کے دیگر بڑے شہروں کو درپیش شہری مسائل پر بھی بات چیت ہوئی، جس میں پانی کو صاف کرنے کی ٹیکنالوجی، تجارت کو آسان بنانے اور مشترکہ سیمینارز کے انعقاد پر ممکنہ تعاون کا جائزہ لیا گیا۔
اسپیکر نے قونصل جنرل کو سندھ کے ثقافتی شہروں کے دورے کی دعوت بھی دی تاکہ وہ سندھ صوبہ کا مزید مشاہدہ کر سکیں۔
قونصل جنرل نے پاکستانی مارکیٹ میں اٹلی کی اعلیٰ معیار کی مصنوعات کی صلاحیت کو اجاگر کیا اور مختلف شعبوں میں پاکستان کی ترقیاتی کوششوں میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات کے اختتام پر اسپیکر سید اویس قادر شاہ نے اٹلی کہ قونصل جنرل کو سندھ اسمبلی کی “لیگیسی شیلڈ” سندھی اجرک اور ٹوپی پیش کی جو سندھ کی مہمان نوازی اور ثقافت کی علامت ہیں۔
فابریزیو بیئیلی نے اسپیکر سید اویس قادر شاہ کی جانب سے پرتپاک استقبال اور بامعنی گفتگو پر شکریہ ادا کیا جب کہ اٹلی اور سندھ کے عوام کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: اویس قادر شاہ سندھ کی
پڑھیں:
ایرانی وفد کی ملاقات‘ علامہ اقبال کا دن ملکر منائیں گے: عظمیٰ بخاری
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری سے ایرانی وفد نے ملاقات کی۔ ایرانی وفد کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ وفد میں ایران کے ڈائریکٹر برائے اوورسیز افیئرز ڈاکٹر احمد نوروزی، عباس محمد نژاد، مرتضیٰ شمسی اور علی محمدی نافچی شامل تھے۔ سیکرٹری اطلاعات طاہر رضا ہمدانی اور ڈی جی پی آر فرید احمد بھی موجود تھے۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی طرف سے ایرانی وفد کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے بتایا وزیراعلیٰ پنجاب نے بیرون ملک روانگی سے قبل خصوصی ہدایت کی تھی کہ ایرانی مہمانوں کی مہمان نوازی میں کوئی کمی نہ رکھی جائے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا پاکستان اور ایران میں مذہبی اور ثقافتی گہری مماثلت رکھتی ہیں۔ مفکر اسلام ڈاکٹر علامہ اقبال کو ایران میں بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ دونوں ممالک مل کر علامہ اقبال کا دن منائیں گے۔ یہ تقریب یادگار ثابت ہوگی۔ تقریب کی تیاری میں محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب نے بھرپور محنت کی۔ ایرانی قونصل جنرل آفس نے بھی تعاون کیا۔ یہ دن پاک ایران دوستی کے ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہوگا۔ جلد ہی پاکستان، بالخصوص پنجاب کے صحافیوں کا ایک وفد ایران کا دورہ کرے گا۔ جس سے میڈیا اور ثقافت کے میدان میں باہمی تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکے گا۔