پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کا دورہ آئرلینڈ کیلئے حتمی کیمپ ایک دن کیلئے موخر
اشاعت کی تاریخ: 28th, July 2025 GMT
کراچی:
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے دورہ آئرلینڈ کیلئے حتمی کیمپ کو ایک دن کیلئے موخر کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق حتمی کیمپ اب پیر کی بجائے منگل سے شروع ہوگا، یہ فیصلہ قومی ویمن کرکٹرز کو آرام دینے کی غرض سے کیا گیا ہے، ویمن کرکٹرز نے قبل ازیں 20 روزہ اسکلزاینڈ فٹنس کیمپ میں شرکت کی تھی۔
نیشنل اسٹیڈیم کے حنیف محمد ریجنل کرکٹ اکیڈمی اور اوول گراؤنڈ پر 2 اگست تک جاری رہنے والے قومی تربیتی کیمپ میں اسکواڈ خصوصی ٹریننگ حاصل کرے گا جبکہ ٹوئنٹی پریکٹس میچز بھی طے ہیں۔
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد وسیم کیمپ کمانڈنٹ کی ذمہ داری ادا کریں گے، جنید خان فاسٹ بولنگ کوچ، طاہر خان خان اسپن بولنگ کوچ ، سعد فیلڈنگ کوچ اور اسفند ٹرینر ہوں گے، آئرلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کا مقصد عالمی کپ کی تیاری کرنا ہے۔
سیریز کیلئے پاکستان ویمنز ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ میں فاطمہ ثنا (کپتان)، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، ایمان فاطمہ، گل فیروزہ، منیبہ علی، نجیحہ علوی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، ناتالیہ پرویز، رمین شمیم، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، طوبیٰ حسن اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔
ٹیم 3 اگست کوآئرلینڈ روانہ ہوگی، تین میچز کی سیریز 6 سے 10 اگست تک ڈبلن میں طے ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پاکستان ویمن ویمن کرکٹ
پڑھیں:
مظفر آباد میں 2 روزہ ویمن ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کا انعقاد
مظفرآباد:مظفر آباد میں 2 روزہ بنیان المرصوص ایچ ای سی انٹرا یونیورسٹی ویمن ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ اختتام پذیر ہوگئی۔
ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کا انعقاد حکومت آزاد کشمیر، پاک فوج اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے باہمی اشتراک سے کیا گیا جس میں ملک بھر سے 18 یونیورسٹیز کی خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
فائنل میچ میں کنیئرڈ یونیورسٹی لاہور نے پنجاب یونیورسٹی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی، اختتامی تقریب میں خواتین کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ کیا اور یونیورسٹی بینرز کے ساتھ پاکستان اور آزاد کشمیر کے جھنڈے لہرائے، بہترین کارکردگی دکھانے والی کھلاڑیوں کو میڈلز جبکہ فاتح اور رنراپ ٹیموں کو ٹرافیاں دی گئیں۔
ٹورنامنٹ میں شریک ملک بھر کی یونیورسٹیز کی طالبات کا کہنا تھا کہ مظفرآباد میں پاکستانی یونیورسٹیز کی طالبات کو جمع کرنا علامت ہے کہ کشمیری ہمیشہ پاکستان کیساتھ کھڑے ہیں، ہم نے بنیان المرصوص میں بھی دکھا دیا کہ کشمیر اور پاکستان ایک ہیں۔
طالبات نے کہا کہ ٹیموں کو محفوظ ماحول دیا گیا جس سے لڑکیوں کو اس فیلڈ میں مزید آگے آنے کا حوصلہ ملا ہے، کھیلوں کے ایسے مقابلے اور بھی ہونے چاہیں تاکہ لڑکیاں آگے آ سکیں۔