9 مئی مقدمات کی کارروائیوں پر تحفظات، شبلی فراز کا چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی کو خط
اشاعت کی تاریخ: 30th, July 2025 GMT
— فائل فوٹو
قائد حزب اختلاف سینیٹ شبلی فراز نے چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی کو خط لکھ دیا۔
شبلی فراز نے خط میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو آگاہ کیا ہے کہ 9 مئی کے مقدمات میں عدالتی کارروائیوں پر سنگین تحفظات ہیں، 9 مئی کے مقدمات میں بنیادی انسانی حقوق پامال ہو رہے ہیں۔
اُنہوں نے خط میں لکھا کہ پولیس اور پراسیکیوشن کا کردار جانبدار اور دباؤ پر مبنی ہے، مقدمات کا انتخابی اندراج، شواہد میں چھیڑ چھاڑ تشویشناک ہے، عدالتوں کے غیر معمولی اوقات پر بھی تحفظات ہیں۔
شبلی فراز نے خط میں لکھا کہ رات 3 سے 4 بجے تک مقدمات چلانا انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے، وکلاء کے بغیر فیصلے، زبردستی سرکاری وکیل مقرر کیے جا رہے ہیں، رسائی محدود کر کے کارروائیاں بند دروازوں کے پیچھے کی جا رہی ہیں۔
اُنہوں نے خط میں اپیل کی کہ 9 مئی کے تمام مقدمات کے طریقہ کار کا از سر نو جائزہ لیا جائے، چیف جسٹس پاکستان غیر جانبدار انکوائری اور شفاف ٹرائل یقینی بنائیں۔
شبلی فراز نے خط میں یہ بھی لکھا کہ عدلیہ آئین کی محافظ ہے اور انصاف کا معیار برقرار رکھنا آپ کی ذمہ داری ہے۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: شبلی فراز نے چیف جسٹس
پڑھیں:
افغانیوں کو دکان و گھر کرائے پر دینے والے مالکان پر 79 مقدمات درج
—فائل فوٹوراولپنڈی ریجن میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
آر پی او کے ترجمان کے مطابق راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال اور مری پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں، افغان شہریوں کو دکان اور گھر کرائے پر دینے والے مالکان کے خلاف 79 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
پاکستان میں مقیم غیرقانونی افغان شہریوں کی وطن واپسی کے لیے طورخم سرحدی گزرگاہ کھول دی گئی۔
ترجمان آر پی او نے بتایا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم 14342 افغان شہری واپس بھجوائے جا چکے ہیں، جبکہ غیر قانونی طور پر مقیم 1523 افغان شہریوں کو ہولڈنگ سینٹر منتقل کیا جا چکا ہے۔
آر پی او کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہری غیر قانونی طورپر مقیم غیر ملکیوں کو مکان، دکان یا گاڑی کرائے پر ہرگز نہ دیں، غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی کسی قسم کا کاروبار، خرید و فروخت یا ملازمت نہیں کر سکتے۔
ترجمان آر پی او نے یہ بھی کہا ہے کہ قانونی طور پر مقیم غیر ملکی اپنی رجسٹریشن متعلقہ تھانے میں کروائیں۔