ٹی 20 سیریز؛ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو دھول چٹا دی! فلوریڈا میں شاندار فتح
اشاعت کی تاریخ: 1st, August 2025 GMT
امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاؤڈرہل میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 14 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
میچ کا آغاز ویسٹ انڈین کپتان شائے ہوپ کی ٹاس جیتنے کے ساتھ ہوا، جنہوں نے پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستانی بلے بازوں نے اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا اور 6 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز کا زبردست مجموعہ ترتیب دیا۔ صائم ایوب نے جارحانہ انداز میں 57 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، جبکہ فخر زمان نے 28، حسن نواز نے 24 اور فہیم اشرف نے 16 رنز کے ساتھ اسکور کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔
کپتان سلمان علی آغا اور محمد حارث بالترتیب 11 اور 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
ویسٹ انڈین بولنگ میں شیمار جوزف نے سب سے زیادہ 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ ہولڈر، عقیل حسین اور شیفرڈ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز نے خطرناک آغاز کیا، لیکن پاکستانی بولرز کی شاندار کارکردگی نے ان کے عزائم خاک میں ملا دیے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 164 رنز تک محدود رہی۔ محمد نواز نے 3 وکٹیں لے کر میچ کا پانسہ پلٹا، صائم ایوب نے بھی شاندار اسپیل میں 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ شاہین آفریدی اور سفیان مقیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ویسٹ انڈیز
پڑھیں:
شبمن گل نے عظیم بلے باز سر گیری سوبرز کا 59 سالہ پرانا ریکارڈ توڑ دیا
کراچی:بھارت کے ٹیسٹ کپتان شبمن گل نے انگلینڈ کے خلاف دی اوول میں جاری پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے دن تاریخی کارنامہ انجام دے کر ویسٹ انڈیز کے عظیم بلے باز سر گیری سوبرز کا 59 سالہ پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔
شبمن گل نے SENA ممالک (جن میں جنوبی افریقہ، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا شامل ہیں) میں کسی غیر ملکی کپتان کی جانب سے ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ سر گیری سوبرز نے 1966 کی انگلینڈ ویسٹ انڈیز سیریز میں 722 رنز بنائے تھے جبکہ شبمن گل کو یہ ریکارڈ توڑنے کے لیے صرف ایک رن درکار تھا۔ انہوں نے اننگز کی چھٹی گیند پر دو رنز بنا کر یہ سنگِ میل عبور کیا۔
25 سالہ بھارتی کپتان اب تک جاری پانچ میچز پر مشتمل سیریز میں 724 رنز بنا چکے ہیں اور بھارت و انگلینڈ کے درمیان کسی بھی دو طرفہ سیریز میں تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن چکے ہیں۔
شبمن گل اب دو بڑے بھارتی ریکارڈز کے قریب بھی پہنچ چکے ہیں۔ اگر وہ دی اوول ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں مزید 11 رنز بنا لیتے ہیں، تو وہ سنیل گاوسکر کا 732 رنز کا ریکارڈ توڑ دیں گے، جو انہوں نے 1978-79 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بنایا تھا۔
اگر وہ اس میچ میں مجموعی طور پر 53 یا اس سے زیادہ رنز اسکور کر لیتے ہیں، تو وہ گاوسکر کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیں گے، جو 1971 کے دورۂ ویسٹ انڈیز میں 774 رنز کے ساتھ بھارت کی جانب سے کسی بھی ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں۔
اس کے علاوہ شبمن گل پہلے ہی ویرات کوہلی کا 2016 میں انگلینڈ کے خلاف بنایا گیا 655 رنز کا ریکارڈ بھی پیچھے چھوڑ چکے ہیں۔
گل کی نظریں اب انڈیا-انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کی تاریخ کے سب سے بڑے انفرادی اسکور پر ہیں۔ اگر وہ اس میچ میں مزید 31 رنز بنا لیتے ہیں، تو وہ انگلینڈ کے گراہم گوچ کا 1990 میں بنایا گیا 752 رنز کا ریکارڈ بھی توڑ دیں گے، جو اس سیریز میں اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے۔