ٹی ٹوئنٹی سیریز؛ پاکستان کیخلاف ویسٹ انڈیز کا ممکنہ اسکواڈ سامنے آگیا
اشاعت کی تاریخ: 31st, July 2025 GMT
کراچی:
پاکستان کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ویسٹ انڈیز کا ممکنہ اسکواڈ سامنے آگیا، جس میں ایک تبدیلی کی توقع ہے۔
تجربہ کار آل راؤنڈر آندرے رسل کی ریٹائرمنٹ کے بعد اسکواڈ میں ممکنہ طور پر ٹاپ آرڈر بیٹر کیسی کارٹی کو شامل کیا جا سکتا ہے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کا آغاز جمعہ کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بجے سے ہوگا۔
ویسٹ انڈیز کے ممکنہ 16 رکنی اسکواڈ میں شائے ہوپ کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
بقیہ اسکواڈ میں برینڈنگ کنگ، ایون لیوس، کیسی کارٹی، روومین پاول، شیرفین ردرفورڈ، شمرون ہیٹمائر، جیسن ہولڈر، روماریو شیفرڈ، روسٹن چیس، جیول اینڈریو، اکیل ہوسین، الزاری جوزف، گڈاکیش موتی، جیدیہ بلیڈز، میتھیو فورڈ شامل ہیں۔
حال ہی میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو اس کی سرزمین پر 5 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ وائش کیا ہے جبکہ پاکستان کو ڈھاکا میں بنگلا دیش کے ہاتھوں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست ہوئی ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ٹی ٹوئنٹی سیریز ویسٹ انڈیز
پڑھیں:
ویسٹ انڈیز سے ٹکراؤ، گرین شرٹس کی ہارڈ ہٹنگ پر توجہ مرکوز
کراچی:ویسٹ انڈیز سے ٹکراؤ کے لیے گرین شرٹس نے ہتھیار چمکا لیے، لاؤڈرہل میں 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کے لیے سخت ٹریننگ کا سلسلہ جاری رہا، بیٹرز نے خاص طور پر ہارڈ ہٹنگ پر بھرپور توجہ دی جبکہ بولرز نے بھی نیٹ میں خوب پسینہ بہایا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کا آغاز جمعہ کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بجے سے ہوگا، اس کے لیے گرین شرٹس کی تیاریاں جاری ہیں۔
حال ہی میں گرین شرٹس کو بنگلا دیش کے ہاتھوں ٹی 20 سیریز میں 2-1 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس سیریز کے دوران سامنے آنے والی خامیوں کو دور کرنے کیلیے لاؤڈرہل میں گذشتہ شب بھی بھرپور ٹریننگ کی گئی۔
بیٹرز نے خاص طور پر جارحانہ شاٹس کھیلنے پر توجہ دی جبکہ کوچ مائیک ہیسن رہنمائی کرتے دکھائی دیے، نیٹس میں بولرز نے بھی خوب پسینہ بہایا۔ اس دوران فیلڈنگ میں بہتری کیلیے کھلاڑی کوشاں دکھائی دیے۔
براؤڈ کاؤنٹی اسٹیڈیم میں دوسرے دن پریکٹس سیشن کے دوران کوچز نے کنڈیشنز کے لحاظ سے کھلاڑیوں کو مختلف اہداف بھی دیے، جنھیں وہ نیٹ پریکٹس میں حاصل کرنے کی کوشش کرتے رہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کو بنگلا دیش کے ہاتھوں ابتدائی دونوں میچز میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا ، تیسرے اور آخری میچ میں صاحبزادہ فرحان کی عمدہ بیٹنگ نے فتح دلائی، اس کے بعد دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے ٹیم میں ردوبدل کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور حسن علی کو بھی بولنگ اٹیک کا حصہ بنایا گیا، سینیئرز کی واپسی سے اس شعبے میں ٹیم کی جانب سے زیادہ بہتر کارکردگی کا امکان ہے۔
دوسری جانب ویسٹ انڈیز کو حال ہی کھیلی گئی 5 ٹی 20 میچز کی سیریز میں آسٹریلیا کے ہاتھوں وائٹ واش کا منہ دیکھنا پڑا، کیریبیئن جزائر میں کھیلی گئی سیریز میں میزبان بیٹرز کی کارکردگی میں تسلسل کا فقدان رہا تھا اور بولرز بھی اچھا پرفارم نہ کر سکے، ٹیم اس شرمناک شکست کا غصہ گرین شرٹس پر اتارنے کیلیے بے چین ہوگی۔