غزہ میں اسرائیلی بمباری، ایک ہی دن میں 72 فلسطینی شہید
اشاعت کی تاریخ: 28th, September 2025 GMT
غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق ہفتے کے روز اسرائیلی فوج کی بلا تعطل بمباری میں کم از کم 72 فلسطینی جاں بحق ہوگئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
صرف غزہ سٹی میں ہی اسرائیلی گولہ باری سے 42 افراد مارے گئے۔ اسرائیلی فوج غزہ کے سب سے بڑے شہری مرکز پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
قریبی اسپتالوں نے بتایا کہ گزشتہ دو برسوں میں جاری اسرائیلی حملوں سے اب تک کم از کم 65 ہزار 549 فلسطینی جاں بحق اور ایک لاکھ 67 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔
نصیرات کیمپ میں ایک رہائشی عمارت پر بمباری سے کئی افراد جاں بحق ہوئے۔ جائے وقوعہ پر ملبے کے ڈھیر اور تباہ حال مکانات دکھائی دیے۔ بچ جانے والے شہری ملبے سے اپنا سامان نکالنے کی کوشش کرتے رہے۔
الشاطی پناہ گزین کیمپ پر رات گئے حملے میں بکر خاندان کے سات افراد مارے گئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان سو رہا تھا کہ اچانک میزائل جا گرا۔
غزہ کے سب سے بڑے اسپتال الشفا نے تصدیق کی کہ حملے کے بعد کئی لاشیں اسپتال لائی گئیں۔ ایک خاتون، سلمیٰ بکر نے کہا: ’’ہم سو نہیں سکتے، بمباری ہر وقت جاری ہے۔ کہاں جائیں، کہاں پناہ لیں؟‘‘
فلسطینی عوام کا کہنا ہے کہ وہ مسلسل دربدری اور بمباری کا شکار ہیں اور کسی محفوظ مقام کی طرف نہیں جا پا رہے۔
دوسری جانب، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 29 ستمبر کو اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے ملاقات کریں گے۔ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ’’غزہ پر ایک معاہدہ طے پا گیا ہے‘‘ لیکن حماس نے واضح کیا ہے کہ انہیں کوئی باضابطہ جنگ بندی منصوبہ موصول نہیں ہوا۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
محراب پور، مسلح افراد کا پولیس چوکی پر حملہ، 2 پولیس اہلکار شہید
محراب پور:بھریا روڈ پولیس اسٹیشن کے پولیس اہلکاروں پر ٹیل نہر پر واقع پولیس چوکی پر مسلح افراد نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
پولیس کے مطابق یہ حملہ نائٹ ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں پر کیا گیا جن کی شناخت سعید سولنگی اور غلام حسین راجپر کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی اور تمام آنے جانے والے راستوں کی ناکہ بندی کر دی گئی۔
ایس ایس پی نوشہروفیروز روحل خان کھوسہ بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور ملزمان کو کسی صورت میں نہیں بخشنے کا عزم ظاہر کیا۔
شہید پولیس اہلکاروں کی نعشیں بہریا سٹی ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں جہاں آخری رسومات کی تیاری کی جا رہی ہے۔