غزہ امن معاہدے پر شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ، ٹرمپ
اشاعت کی تاریخ: 13th, October 2025 GMT
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شرم الشیخ امن سربراہی اجلاس میں اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ امن بندی معاہدے پر دستخط کی تقریب کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ’اپنے پسندیدہ‘ فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت کئی عالمی رہنماؤں کا غزہ میں امن قائم کرنے کی کوششوں پر خاص طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کو تقریب میں خصوصی خطاب کی دعوت بھی دی۔
خطاب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ڈونلڈ ٹرمپ اور مصری صدر کا امن معاہدہ طے کرانے کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج غزہ کے عوام کیلئے تاریخی دن ہے کیونکہ انتھک کوششوں کے بعد امن حاصل کرلیا گیا ہے۔ یہ کوششیں صدر ٹرمپ کی قیادت میں کی گئیں جو حقیقتاً امن کے علمبردار ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے صدر ٹرمپ کو امن کے نوبیل انعام کے لیے نامزد کیا تھا، اور آج میں ایک بار پھر صدرٹرمپ کونوبیل انعام دینے کے لیے درخواست کرتا ہوں کیونکہ وہ اس انعام کے حقیقی حقدار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے نہ صرف جنوبی ایشیا میں امن قائم کیا بلکہ لاکھوں کی زندگیاں بچائیں، اور آج شرم الشیخ میں غزہ میں قیام امن کے ذریعے مشرق وسطیٰ میں لاکھوں زندگیاں بچائی ہیں۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: وزیراعظم شہباز شریف
پڑھیں:
قومی وحدت ہماری طاقت ، دشمن کے عزائم ملکر ناکام بنائیں گے : فیلڈ مارشل
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ قومی سلامتی اولین ترجیح ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا جہاں شرکاء کو پاکستان کی علاقائی اور اندرونی سکیورٹی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے وفد نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی ملاقات کی۔ فیلڈ مارشل نے شرکاء کو خطے کی صورتحال، سرحد پار دہشتگردی اور ہائبرڈ خطرات کے حوالے سے بتایا۔ خطے کی بدلتی صورتحال اور جیو پولیٹیکل چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ شرکاء کو سمگلنگ، انسداد منشیات اور ملکی سلامتی کیلئے خطرناک جرائم کے خلاف کارروائیوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ سرحدی انتظامی امور، غیر ملکیوں کی واپسی کے حوالے سے اقدامات کے بارے میں بتایا گیا۔ ملکی مفاد کے تحفظ اور امن کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ورکشاپ کے شرکاء میں پارلیمنٹیرینز، سول و فوجی افسران، تعلیمی ماہرین اور سول سوسائٹی کے نمائندے شامل تھے۔ پاک افواج ملکی یکجہتی، سلامتی اور شہریوں کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے ادارے پرعزم ہیں۔ معرکہ حق میں افواجِ پاکستان کی کارکردگی سے ملک کا وقار بلند ہوا۔ پاکستان ایک اہم ملک ہے، اپنا مقام ضرور پائے گا۔ قوم کی اصل طاقت قومی وحدت میں ہے۔ دشمن کے تمام مذموم عزائم مل کر ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ پاکستان کی علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ پائیدار امن و ترقی کے لئے ادارہ جاتی تعاون ضروری ہے۔ فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ مسلح افواج، خفیہ اور معلومات فراہم کرنے والے ادارے ان تمام چیلنجز کا پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے جواب دے رہے ہیں۔ مسلح افواج اور ادارے ملکی سلامتی کیلئے پرعزم ہیں۔ پاکستان دنیا میں اپنا بہترین مقام حاصل کررہا ہے اور کرتا رہے گا۔ ہماری قوت قومی اتحاد اور اتفاق سے جڑی ہے۔ ہم دشمنوں کے ناپاک ارادوں کو ان شاء اللہ ناکام بنا دیں گے۔ سید عاصم منیر نے مزید کہا کہ پاک فوج ان مقاصد پر کسی بھی صورتحال میں سمجھوتا نہیں کرے گی۔ پاک فوج وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔ امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے مشترکہ کوششیں بڑی اہمیت رکھتی ہیں۔ علاوہ ازیں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری نے ملاقات کی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعاون اور علاقائی سکیورٹی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے پر زور دیا گیا، جبکہ خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے علاقائی امن و استحکام کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ایران سے قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور بدلتی جیو سٹرٹیجک صورتحال کے تناظر میں سٹرٹیجک تعاون کی بڑھتی اہمیت اجاگر کی۔ ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کے کلیدی کردار کو سراہا۔ علی لاریجانی نے پاک ایران تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا اور پاکستان ایران مکالمے اور شراکت داری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ باہمی تعاون علاقائی چیلنجز سے نمٹنے اور دیرپا استحکام کیلئے ضروری ہے۔