عمران خان سے ملاقات نہ کروانے پر پی ٹی آئی کا سینیٹ میں شدید احتجاج
اشاعت کی تاریخ: 28th, November 2025 GMT
اسلام آباد:
سینیٹ اجلاس میں بانی پی ٹی آئی کی صحت اور ان سے ملاقات نہ کرانے پر پی ٹی آئی نے آج بھی سینیٹ میں شدید احتجاج کیا، اجلاس میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کراؤ کی نعرہ بازی بھی کی گئی۔
وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت بالکل ٹھیک ہے، بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیرِ صدارت سینیٹ اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔
اجلاس میں سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ جب تک وفاقی وزیر بانی پی ٹی آئی سے متعلق جواب نہیں دیں گے تو اجلاس نہیں چلنے دیں گے، جس پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ میں نے اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی سے بات چیت کی ہے، اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کا وقت بنایا ہے، ان سے ملاقات کرکے اس معاملہ کا حل نکالتے ہیں۔
اجلاس کے دوران بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرنے اور ان کی صحت سے متعلق سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں پر پی ٹی آئی نے احتجاج ریکارڈ کیا، اجلاس میں ڈائس بجا کر احتجاج کیا گیا، تاہم وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے تمام تر سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کو جھوٹا اور پروپیگنڈا قرار دے دیا۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ملاقاتوں کے حوالے سے وزیر داخلہ سے بھی بات کر لیتے ہیں۔
سینیٹ اجلاس میں کارروائی کے دوران کورم بھی پوائنٹ آوٹ کیا گیا، کورم پورا نہ ہونے کی صورت میں اجلاس میں آدھے گھنٹے کا وقفہ کیا گیا، وقفے کے بعد پی ٹی آئی کا احتجاج جاری رہا اور اسی دوران سینیٹ میں انکم ٹیکس ترمیمی بل 2025 کی نقل پیش کی گئی اور بل کو متعلقہ خزانہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔
اجلاس میں نجکاری کمیشن ترمیمی بل 2025 پیش کیا گیا جو کہ متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا، کارروائی کے دوران صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کا بل مشترکہ اجلاس کے سپرد کیا گیا۔
بل مشترکہ اجلاس بھیجنے کی تحریک سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے پیش کی، بل سینیٹ نے منظور کیا تھا تاہم قومی اسمبلی نے منظور نہیں کیا تھا، بعد ازاں سینیٹ اجلاس پیر شام 4 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بانی پی ٹی آئی سینیٹ اجلاس اجلاس میں سے ملاقات نے کہا کہ کیا گیا
پڑھیں:
بھارتی میڈیا عمران خان کے حوالے سے غلط خبریں پھیلا کر انتشار پھیلانا چاہتا ہے، علی امین گنڈا پور
پشاور:خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چئیرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ کے حوالے سے بھارٹی میڈیا کے خبروں کو پروپیگنڈا قرار دے دیا۔
علی امین گنڈاپور نے ویڈیو بیان میں کہا کہ بھارتی میڈیا بانی چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کے حوالے سے غلط خبریں پھیلا کر ملک میں انتشار پھیلانا چاہتا ہے جبکہ بانی چئیرمین اور ان کی اہلیہ کی طبیعت ٹھیک اور وہ ہشاش بشاش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی چئیرمین اور بشریٰ بی بی ٹھیک اور صحت مند ہیں، بانی چئیرمین ہشاش بشاش ہیں، بانی چئیرمین اور ان کی اہلیہ کو ناحق قید کیا ہوا ہے، انہیں ان کے حقوق نہیں دیے جا رہے ہیں، جس کی ہم مذمت کرتے ہیں اور اس پر ہمارے تحفظات بھی ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بھارتی میڈیا بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہا ہے اور پاکستان میں انتشار پھیلانے کے لیے بھارتی میڈیا غلط خبریں پھیلا رہا ہے۔
سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ بانی چئیرمین اور ان کی اہلیہ کو جلد رہا کیا جائے، ان کے خلاف جعلی پرچے کاٹے گئے ہیں اور فسطائیت کی جارہی ہے، ان کے ساتھ رویہ انسانی حقوق کی پامالی ہے اور انہیں حقوق نہیں دیے جا رہے ہیں۔