لاہور سے جدہ جانے والا پی آئی اے کا طیارہ پرندہ ٹکرانے کے بعد کراچی میں اتار لیا گیا
اشاعت کی تاریخ: 6th, November 2025 GMT
لاہور سے جدہ جانے والی قومی ایئرلائن کی پرواز ایک ممکنہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی۔ دورانِ پرواز طیارے سے ایک پرندہ ٹکرا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی پرواز PK-859 لاہور سے جدہ کے لیے روانہ ہوئی تھی، تاہم پرواز کے آغاز کے کچھ ہی دیر بعد پرندہ طیارے سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز کی ونڈ اسکرین کو شدید نقصان پہنچا۔
پائلٹ نے غیر معمولی مہارت اور حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی طور پر اتار لیا۔
ذرائع کے مطابق اس پرواز میں 344 مسافر سوار تھے، جن میں بڑی تعداد عمرہ زائرین کی تھی۔ حادثے کے فوراً بعد کراچی ایئرپورٹ پر ریسکیو اور ایئرپورٹ سیکورٹی عملہ متحرک ہوگیا اور تمام مسافروں کو بحفاظت طیارے سے نکال کر ایئرپورٹ لاؤنج منتقل کیا گیا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور تمام مسافر مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
ابتدائی معائنے میں پتا چلا ہے کہ پرندہ طیارے کے اگلے حصے سے ٹکرایا جس سے ونڈ اسکرین پر دراڑیں پڑ گئیں اور حفاظتی اقدامات کے تحت طیارے کو فوری طور پر کراچی کی طرف موڑ دیا گیا۔ ایئرلائن کے مطابق طیارے کی مرمت کا عمل جاری ہے، جو تقریباً 12 گھنٹے میں مکمل ہوگا۔ مرمت کے بعد جہاز کو انجینئرنگ ٹیم کی کلیئرنس کے بعد دوبارہ اڑان کی اجازت دی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ فضائی حدود میں پرندوں کی موجودگی کا مسئلہ طویل عرصے سے درپیش ہے اور اس کے تدارک کے لیے ایئرپورٹس کے اطراف صفائی، شور شرابہ اور کوڑا کرکٹ ہٹانے کی مہم تیز کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
متاثرہ پرواز کے مسافروں کو فی الحال کراچی میں ہوٹل میں ٹھہرایا گیا ہے جہاں انہیں کھانے ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ جیسے ہی طیارے کو کلیئرنس ملے گی، تمام مسافروں کو آج رات ہی جدہ روانہ کر دیا جائے گا۔
.ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان کھیل کے مطابق
پڑھیں:
امریکی ریاست کینٹکی میں ایئرپورٹ کے قریب طیارہ گر کر تباہ، 7 افراد ہلاک
کینٹکی ( نیوزڈیسک) امریکی ریاست کینٹکی میں ایئرپورٹ کے قریب کارگو طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے۔
خبر ایجنسی کے مطابق کارگو طیارہ لوئی ول ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے بعد گر کر تباہ ہوا، حادثے کا شکار طیارہ امریکی شہر ہونولولو کے ڈینیئل کےانوئے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جانب جا رہا تھا، حادثے کے بعد متعدد عمارتوں میں آگ بھڑک اٹھی۔
لوئی ول کے میئر کے مطابق حادثے کے وقت کارگو طیارے میں 2 لاکھ 80 ہزار گیلن ایندھن موجود تھا، واقعے کی وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارہ گرنے کے بعد بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی جس کا دھواں دور دور تک اٹھتا دکھائی دیا۔
حادثے کے بعد ایئرپورٹ سے تمام آنے اور جانے والی پروازیں معطل کر دی گئیں، حادثے کے مقام پر آگ بجھانے اور ریسکیو کا کام جاری ہے، ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی تاہم امریکی نیشنل ٹرانسپورٹ سیفٹی بورڈ نے واقعے سے متعلق تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔