غزہ سے کشمیر تک ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، متحد ہونا پڑے گا: خواجہ آصف
اشاعت کی تاریخ: 9th, November 2025 GMT
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ غزہ سے کشمیر تک ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، مسلمانوں کو متحد ہونا پڑے گا۔سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاغ خواجہ آصف نے کہا کہ عالم اسلام کے خلاف لڑائی جاری ہے، اگر متحد نہ ہوئے تو سب اسی مشکل میں مبتلا ہوں گے جس میں فلسطین،غزہ اور کشمیر کے مسلمان ہیں۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال کے پیغام کو زندہ وجاوید بنائیں، تمام پاکستانیوں کو علامہ اقبال کے کلام کی تعبیر بننا ہوگا، علامہ اقبال وقائداعظم قوم کے محسن ہیں، زندہ قومیں اپنے محسنوں کو ضرور یاد رکھتی ہیں، جو قومیں اپنے محسنوں کو بھول جائیں وہ منزل کھودیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج سیالکوٹ میں علامہ اقبال کی ولادت کا جشن انہی کی جائے ولادت پر منارہے ہیں، میرے بزرگ بھی سیالکوٹ میں علامہ اقبال کے محلے میں رہنے والے ہیں، کلام اقبال اردو اور فارسی زبان میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ہم شاعرمشرق کے پیغام کو بھلا بیٹھے، علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے الگ وطن کا خواب دیکھا، شاعر مشرق کی شاعری وفلسفے کے چرچے دنیا میں پہلے بھی تھے اوراب بھی ہیں۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ امت اس وقت بھٹک گئی ہے، غزہ سے کشمیر تک ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، اللہ ہمیں ہمت دے کہ غزہ، فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کیلئے لڑ سکیں، اپنی اپنی مملکت بچانے کے بجائے غزہ،فلسطین وکشمیر کاز کیلئے آواز بلند کرنی ہے۔
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: علامہ اقبال خواجہ ا صف رہے ہیں
پڑھیں:
ایرانی وفد کی ملاقات‘ علامہ اقبال کا دن ملکر منائیں گے: عظمیٰ بخاری
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری سے ایرانی وفد نے ملاقات کی۔ ایرانی وفد کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ وفد میں ایران کے ڈائریکٹر برائے اوورسیز افیئرز ڈاکٹر احمد نوروزی، عباس محمد نژاد، مرتضیٰ شمسی اور علی محمدی نافچی شامل تھے۔ سیکرٹری اطلاعات طاہر رضا ہمدانی اور ڈی جی پی آر فرید احمد بھی موجود تھے۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی طرف سے ایرانی وفد کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے بتایا وزیراعلیٰ پنجاب نے بیرون ملک روانگی سے قبل خصوصی ہدایت کی تھی کہ ایرانی مہمانوں کی مہمان نوازی میں کوئی کمی نہ رکھی جائے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا پاکستان اور ایران میں مذہبی اور ثقافتی گہری مماثلت رکھتی ہیں۔ مفکر اسلام ڈاکٹر علامہ اقبال کو ایران میں بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ دونوں ممالک مل کر علامہ اقبال کا دن منائیں گے۔ یہ تقریب یادگار ثابت ہوگی۔ تقریب کی تیاری میں محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب نے بھرپور محنت کی۔ ایرانی قونصل جنرل آفس نے بھی تعاون کیا۔ یہ دن پاک ایران دوستی کے ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہوگا۔ جلد ہی پاکستان، بالخصوص پنجاب کے صحافیوں کا ایک وفد ایران کا دورہ کرے گا۔ جس سے میڈیا اور ثقافت کے میدان میں باہمی تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکے گا۔