پنجاب، مختلف موٹرویز پر دھند کی شدت معمول سے زیادہ
اشاعت کی تاریخ: 11th, January 2025 GMT
پنجاب کے مختلف موٹرویز پر دھند کی شدت معمول سے زیادہ ہوگئی، ایم 2 لاہور اسلام آباد شدید دھند کے باعث بند کردیا گیا۔
ترجمان موٹر وے پولیس سید عمران احمد نے بتایا کہ ایم 3 لاہور سے جڑانوالہ تک دھند کی وجہ سے بند ہے، گوجرانوالہ میں جی ٹی روڈ پر راہولی، گکھڑ، وزیر آباد سے گجرات تک شدید دھند ہے۔
گوجرانوالا ایکسپریس وے کو بھی ٹریفک کے لیے بند کیا گیا ہے، جہلم، حافظ آباد اور گردونواح میں شدید دھند کے سبب ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
ترجمان موٹر وے سید عمران احمد نے کہا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے بند کیا جاتا ہے، دھند میں لین کی خلاف ورزی حادثات کا سبب بن سکتی ہے، روڈ یوزرز دھند میں لین ڈسپلن کو یقینی بنائیں، شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صبح 10 سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں، ڈرائیور حضرات آگے اور پیچھےدھند والی لائٹس کا استعمال کریں، عوام غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ترجمان موٹروے نے ڈرائیورز سے اپیل کی ہے کہ تیز رفتاری سے پرہیز کر یں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں جبکہ معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک شہر میں دھند کی شدت برقرار رہے گی، کل شہر میں بوندا باندی کا بھی امکان ہے
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: دھند کی
پڑھیں:
پنجاب بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں 7 روز کی توسیع
پنجاب بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں 7 یوم کی توسیع کردی گئی، اس دوران ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیوں، دھرنوں، اجتماعات اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی برقرار رہے گی۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق دفعہ 144 کے تحت 4 یا زائد افراد کے عوامی مقامات پر جمع ہونے پر مکمل پابندی عائد ہوگی، اسلحہ کی نمائش اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر بھی مکمل پابندی نافذ ہے۔
اشتعال انگیز، نفرت آمیز یا فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت اور تقسیم پر بھی سخت پابندی ہوگی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع کا فیصلہ امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، جنازوں اور تدفین پر نہیں ہوگا، سرکاری فرائض کی انجام دہی پر موجود افسران و اہلکار اور عدالتیں اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دی گئی ہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ لاؤڈ اسپیکر صرف اذان اور جمعے کے خطبے کے لیے استعمال کیے جا سکیں گے، محکمہ داخلہ پنجاب نے ہفتہ 8 نومبر تک دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع کا باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے۔