وینزویلامیں مادورو تیسری بار صدر منتخب،امریکا کا گرفتاری کیلیے انعامی رقم میں اضافہ
اشاعت کی تاریخ: 11th, January 2025 GMT
وینزویلا: مادورو نے تیسری بار صدارتی عہدے کا حلف اٹھالیا، امریکا کا گرفتاری کیلئے انعامی رقم میں اضافہ
جنوبی امریکی ملک وینیزویلا کے نکولس مادورو کے تیسری بار صدارتی عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد امریکا نے ان کی گرفتاری کے لیے انعامی رقم میں اضافہ کردیا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق 2013 میں پہلی بار وینزویلا کے صدر منتخب ہونے والے رہنما کو گزشتہ سال جولائی کے انتخابات میں عدالت عظمیٰ اور انتخابی حکام نے کامیاب قرار دیا تھا تاہم ان کی فتح کے تفصیلی اعداد و شمار اب تک سامنے نہیں آئے۔
خیال رہے کہ نکولس مادورو کی 12 سالہ حکمرانی کے دوران وینزویلا شدید اقتصادی اور معاشی بحران کا شکار رہا ہے۔
قومی اسمبلی میں تیسری صدارتی مدت کے لیے حلف اٹھانے کے بعد ان کا کہنا تھا کہ ’وینیزویلا کے کمانڈر ان چیف اور صدر کے طور پر آئین کے مطابق اپنی خدمات انجام دیں گے، انہیں جو اختیار دیا گیا وہ کسی غیر ملکی حکومت، صدر یا کسی حکومت نے نہیں دیا، وینزویلا میں کوئی بھی صدر کو زبردستی مسلط نہیں کر سکتا۔‘
دوسری جانب جو بائیڈن انتظامیہ نے منشیات اسمگلنگ کے الزامات میں نکولس مادورو کی گرفتاری میں مدد فراہم کرنے کے لیے رقم میں اضافہ کیا ہے، مجموعی رقم کو 1 کروڑ 50 لاکھ ڈالر سے بڑھا کر 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کردیا گیا ہے۔
اسی طرح امریکا نے وینزویلا کے وزیر داخلہ اور وزیردفاع کی گرفتاری پر بھی ڈیڑھ، ڈیڑھ کروڑ ڈالر کا انعام رکھا ہے۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: رقم میں اضافہ
پڑھیں:
خیبر پختونخوا سے نو منتخب سینیٹرز کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا سے نو منتخب سینیٹرز کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
پی ٹی آئی کے 6، جے یو آئی، پی پی کے 2 اور ن لیگ کے ایک سینیٹر کا نوٹیفکیش جاری ہوا۔
روبینہ خالد، روبینہ ناز، اعظم خان سواتی، مولانا عطا الحق درویش، نور الحق قادری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
فیصل جاوید، مراد سعید، نیاز احمد مرزا محمد آفریدی طلحہ محمود کی کامیابی کا بھی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق نوٹی فکیشن کے بعد نومنتخب سینیٹرز حلف اٹھائیں گے، نومنتخب سینیٹرز کی مدت اپریل 2030 کو ختم ہوگی، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سینیٹرز کو آزاد قرار دیا گیا۔