کراچی، احسن آباد سے مغوی نوجوان کی گلا کٹی مدفن شدہ لاش برآمد
اشاعت کی تاریخ: 13th, January 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد میں سائٹ سپر ہائی وے احسن آباد کے قریب نور محمد گوٹھ میں ایک نوجوان کی ہاتھ پاؤں بندھی مدفن لاش برآمد ہوئی ہے۔
ایدھی حکام کے مطابق مقتول کی شناخت اسد ولد عابد حسین کے نام سے ہوئی، جو پیشے سے نائی تھا اور تین ماہ قبل ہی اسلام آباد سے کراچی آیا تھا۔
ایدھی حکام کے مطابق مقتول کا گلا تیز دھار آلے سے کٹا گیا تھا۔ لاش کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول کی والدہ نے اپنے شوہر توقیر پر قتل کا الزام عائد کیا ہے۔ توقیر مقتول کا سوتیلا باپ تھا، جو اپنی تین بیٹیوں کو ساتھ لے کر فرار ہو گیا ہے۔
مقتول کی والدہ نے بتایا کہ وہ 15 سال قبل توقیر سے شادی کے بعد کراچی منتقل ہوئی تھی، جبکہ مقتول حال ہی میں اسلام آباد سے اپنی ماں سے ملنے آیا تھا۔
پولیس حکام کو مقتول کی والدہ نے بتایا کہ اس کا اکثر اپنے سوتیلے باپ سے جھگڑا رہتا تھا۔
مقتول کی والدہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اسد نے اپنے سوتیلے باپ سے کہا تھا کہ اس گھر میں اس کا پیسہ لگا ہے اور اسے ماں کے نام کیا جائے، جس پر دونوں میں تنازع چل رہا تھا۔
پولیس کے مطابق مقتول کی والدہ بنگلے میں بطور ماسی کام کرتی تھی اور دو دن بعد جب وہ گھر واپس آئی تو وہاں کوئی موجود نہیں تھا۔
گھر کے ایک کمرے میں کھدائی دیکھ کر شک ہوا تو مزید جانچ کے بعد لاش برآمد ہوئی۔ والدہ کے مطابق گھر میں پڑی ہوئی ریت میں کمبل دبا ہوا دکھا، جب میں نے کمبل کھینچا تو اس میں میرے بیٹے کی لاش تھی۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ مقتول کی والدہ نے انصاف کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ ان کے بیٹے کے قتل میں اس کا سوتیلا باپ ملوث ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی میں ایک اور بڑی ڈکیتی، کریم آباد پل پر ڈاکو 1 کروڑ 20 لاکھ لے اُڑے
کراچی:شہر قائد کے علاقے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں ایک ہفتے کے دوران ڈکیتی کی دوسری بڑی واردات سامنے آ گئی۔
کریم آباد پل پر موٹرسائیکل سوار مسلح ڈاکو جیولر کے ملازمین سے ایک کروڑ 20 لاکھ روپے نقد چھین کر فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق، متاثرہ ملازمین صدر صرافہ بازار کے معروف دانیال جیولر کے لیے کام کرتے ہیں۔ شمس اور تنویر نامی ملازمین دکان سے رقم لے کر مالک کے گھر جا رہے تھے کہ راستے میں واردات پیش آ گئی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ لوٹی گئی رقم موٹرسائیکل کی ٹنکی پر رکھے ایک تھیلے میں موجود تھی جسے ڈاکو آسانی سے لے اُڑے۔ واردات کی ایف آئی آر دانیال جیولر کی مدعیت میں درج کر لی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں واردات مشکوک لگ رہی ہے اور واقعے کی مکمل جانچ کی جا رہی ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ واردات میں ملوث عناصر کا سراغ لگایا جا سکے۔
یاد رہے کہ 11 ستمبر کو لیاقت آباد میں بھی اسی نوعیت کی ڈکیتی کی واردات میں موٹرسائیکل سوار ڈاکو جیولر کے ملازمین سے ڈیڑھ کروڑ روپے نقد لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔