سندھ حکومت نے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے ماڈل کا کامیاب فارمولا دیا، بلاول بھٹو
اشاعت کی تاریخ: 14th, January 2025 GMT
فائل فوٹو۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے معیشت کی مضبوطی کیلئے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے ماڈل کا کامیاب فارمولا دیا۔
بلاول بھٹو کی سربراہی میں سندھ میں پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے منصوبوں پر اجلاس ہوا۔
کراچی سے ترجمان کے مطابق اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سینئر وزیر شرجیل میمن اور وزیر توانائی سید ناصر شاہ موجود تھے۔
بلاول بھٹو کو وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ قاسم نوید نے زراعت، ماہی گیری اور الیکٹرانک وہیکل چارجنگ سمیت مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ میں زراعت کے شعبے میں پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں سے بہتری آئی، چاول، آلو، کیلے، کینو، آم، امرود اور کھجور سمیت دیگر فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔
صوبےمیں ماہی گیری میں برآمدات بڑھانے کیلئے پیکیجنگ اور پراسیسنگ کے منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صحت سے انفرااسٹرکچر تک پبلک پرائیوٹ منصوبے عوام کی زندگیوں میں بہتری لا رہے ہیں۔ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں سے ملک میں معاشی انقلاب لاسکتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ حکومت نے معیشت کی مضبوطی کیلئے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے ماڈل کا کامیاب فارمولا دیا۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے 1993 میں پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کا وژن دیا جس کے نتائج آج سب کے سامنے ہیں۔
اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ اور پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے ڈی جی اسد ضامن بھی شریک تھے۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: بلاول بھٹو کے منصوبوں
پڑھیں:
سندھ حکومت کینالز منصوبہ رکوانے میں کامیاب ہے، مراد علی شاہ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کینالز منصوبے کو رکوانے میں کامیاب ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کے دوران سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے نہروں کے معاملے کو بہت خراب کردیا، حکومت گرانا نہیں چاہتے لیکن گراسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کینالز کے معاملے پر بات آگے بڑھ رہی ہے، اس پروجیکٹ پر ابھی کام نہیں چل رہا، سندھ حکومت اس پروجیکٹ کو رکوانے میں کامیاب ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ ہمارے پاس دلیل موجود ہے کہ یہ منصوبہ ملک کے لیے فائدہ مند نہیں، دھرنے کے باعث مسافر پھنسے ہوئے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ دھرنے کے باعث مویشی لانے والی گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں، احتجاج کریں لیکن سڑکیں بند نہ کریں۔
سید مراد علی شاہ نے یہ بھی کہا کہ وفاقی حکومت منصوبہ ختم کرنے کا اعلان کرے تاکہ بےچینی ختم ہو، ہم نے ارسا کے سرٹیفکیٹ کو چیلنج کیا ہے، جون سے یہ کیس سی سی آئی میں پڑا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ارسا میں ان کی درخواست ہے 27 فیصد پانی سمندر میں جارہا ہے اس لیے کینالز کی اجازت دیں، درخواست میں یہ نہیں لکھا کہ پانی بچانے کے اقدامات کریں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ نئی درخواست دیں کہ اتنا پانی بچائیں گے ان اقدامات سے اتنی بہتری ہے، پوچھتا ہوں کہ جولائی سے ستمبر تک کونسی گندم اگتی ہے؟
اُن کا کہنا تھا کہ یہ وضاحت کریں ان نئے کینالز کے لیے پانی کہاں سے لائیں گے؟ بالائی علاقوں میں پانی کے پروجیکٹ پر زیریں علاقوں کی رضامندی لازمی ہے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پانی سے متعلق یہی مسئلہ پاکستان کا بھارت اور بھارت کا چین کے ساتھ ہے، سندھ میں کینالز کی لائننگ پر سرمایہ کاری کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے لوگ اب ایک چیز پر راضی ہوں گے کہ اس منصوبے کو ختم کیا جائے،ہمیں اس نہج پر نہ لے کر جائیں کہ ایسا فیصلہ ہو جس سے سب کا نقصان ہو۔