شہریوں کو ایندھن سے الیکٹرک گاڑیوں پر منتقل کرنے کے لئے حکومت کا بڑا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 15th, January 2025 GMT
اسلام آباد:شہریوں کو ایندھن استعمال کرنے والی گاڑیوں سے الیکٹرک گاڑیوں پر منتقل کرنے کے لیے حکومت نے بڑا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق۱ وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ عوام کے لیے بجلی کی قیمت کم کرنے اور ایندھن والی گاڑیوں کے مقابلے میں الیکٹرک گاڑیوں پر منتقل کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے فیصلے جن کا تعلق عوام سے ہوتا ہے، ہم آپ کے سامنے پیش کرتے ہیں۔ اس سال گردشی قرضے میں 12 ارب کی کمی کی ہے۔ ڈسٹریبیوشن کمپنیز نے پچھلےسال 240 ارب کا نقصان کیا جو ہم نے اس سال 170 ارب سے بڑھنے نہیں دیا۔یہ بورڈز کے غیر سیاسی اور بہتر گورننس ہونے کا 53 ارب روپے کا فائدہ ہے جو پہلے 5 ماہ میں قوم کو ملا۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ ملک میں الیکٹرک موٹر سائیکلوں کے لیے ہر جگہ پر چارجنگ اسٹیشنز نہیں ہیں، اس نئے کاروبار کی حوصلہ افزائی اور شہریوں کو سستا متبادل فراہم کرنے کے لیے حکومت چارجنگ اسٹیشنز کے لیے بجلی کے ٹیرف میں 45 فیصد کمی کررہی ہے۔ الیکٹرک موٹر سائیکل پر منتقل ہونے سے 77 فی صد تک کی بچت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ الیکٹرک وہیکل کے لیے 15 دن کے اندر پورٹل سے اجازت نامہ مل جائے گا، اس سلسلے میں کسی افسر سے بات نہیں کرنی پڑے گی ۔ اسی طرح بجلی کی قیمت 71 روپے سے کم کرکے 39 روہے پر لائی جا رہی ہے۔
اویس احمد لغاری کا کہنا تھا کہ کل ہم نے ایک بہت بڑا فیصلہ کیا۔ صنعت کار شکایات کرتے ہیں کہ آپ کا ایکس سی این، چیف انجینئر یا دیگر حکام لوڈ بڑھانے یا نئے کنکشنز اور بلنگ کے معاملات میں ہمیں تنگ کرتے ہیں۔ ہمیں ان مسائل کے حل کے لیے ون ونڈو آپریشن چاپیے، جس پر وزیراعظم نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی میں فیصلہ کیا، جس کے تحت تمام انڈسٹریل اسٹیٹس بشمول اسپیشل اکنامک زونز سب کو ایک ہی جگہ پر بجلی ملے گی، وہاں جو بھی بلنگ اور کنکشنز کے مسائل ہوں گے، وہ سب ایک ہی جگہ پر حل ہوں گے۔
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
پی ڈی ایم اے پنجاب کا شدید بارشوں کا الرٹ، اربن فلڈنگ کا خدشہ
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے صوبہ میں موسلادھار بارشوں، گرج چمک اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی۔پی ڈی ایم اے کے مطابق 24 سے 27 جولائی تک لاہور سمیت جنوبی اور وسطی پنجاب کے مختلف اضلاع میں شدید بارش اور آندھی کا امکان ہے جبکہ لاہور، گوجرانوالہ اور دیگر شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق بہاولپور، ملتان، سیالکوٹ، فیصل آباد اور رحیم یار خان میں بھی شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک اور گجرات میں 24 سے26جولائی کے دوران وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور ڈھانچوں، سولر پینلز اور بجلی کے کھمبوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، اس لیے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ادارے نے سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، جبکہ کسانوں کو فصلوں اور مویشیوں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے، پیشگی انتظامات مکمل کرنے، ڈرینوں کی صفائی، بھاری مشینری کی دستیابی اور مؤثر ایمرجنسی رسپانس یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔