غزہ میں جنگ بندی سے قبل اسرائیلی فورسز کی کارروائیوں میں تیزی
اشاعت کی تاریخ: 19th, January 2025 GMT
غزہ میں جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل مغربی کنارے پر قابض اسرائیلی فورسز کی کارروائیوں میں تیزی آگئی جب کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اسرائیلی فوج کو حکم دیا کہ وہ غزہ میں جنگ بندی نہ کرے جب تک کہ حماس یرغمالیوں کے نام جاری نہیں کر دیتی۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ عربی نے اپنی اپنی تازہ ترین اپ ڈیٹس میں رپورٹ کیا کہ اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہروں اور قصبوں میں چھاپہ مار کارروائیاں تیز کردیں۔
ذرائع نے الجزیرہ عربی کو بتایا کہ نابلس میں اسرائیلی فورسز نے متعدد علاقوں کے ساتھ ساتھ شرفی مارکیٹ میں واقع جامع مسجد پر بھی دھاوا بول دیا۔
اسرائیلی فورسز نے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کیں اور اس دوران فائرنگ بھی کی گئی لیکن کسی شخص کی گرفتاری یا زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ملی۔
رپورٹ کے مطابق تمون کے علاقے میں اسرائیلی افواج نے نئی فوجی چوکیاں بھی قائم کرلیں۔
ایک اور اپ ڈیٹ میں الجزیرہ عربی نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے وسطی اور جنوبی غزہ پر حملے شروع کر دیے، غزہ کی پٹی کے جنوب میں رفح کے شمالی اور مغربی علاقوں پر 4 چھاپے مارے گئے۔
رپورٹ کے مطابق فلسطینی میڈیا نے وسطی شہر دیر البلاح کے ساتھ ساتھ خان یونس شہر کے قریب اباسان کے جنوبی قصبے میں ایک گودام پر اسرائیلی فضائی حملے کی بھی اطلاع دی، جانی نقصان کے بارے میں فوری طور پر کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
دوسری جانب سے کچھ دیر قبل غیر ملکی خبر رساں ادارے نے رپورٹ کیا کہ اسرائیلی فورسز نے رفح کے علاقوں سے انخلا شروع کردیا۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی افواج نے رفح کے علاقوں سے مصر اور غزہ کی سرحد کے ساتھ واقع فلاڈیلفی کوریڈور کی طرف انخلا شروع کر دیا ہے۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اسرائیلی فوج کو حکم دیا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ بندی نہ کرے جب تک کہ حماس یرغمالیوں کے نام جاری نہیں کر دیتی۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے آئی ڈی ایف کو ہدایت کی ہے کہ جنگ بندی جو کہ مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 30 منٹ پر نافذ ہونی ہے، اس وقت تک نہیں ہو گی جب تک کہ اسرائیل کو رہائی پانے والوں کی فہرست نہیں مل جاتی جو حماس نے فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ 15 ماہ سے جاری اسرائیلی جارحیت کے بعد اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ آج سے نافذ ہو گا، جس سے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی رکنے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔
اسرائیل کابینہ نے جنگ بندی معاہدے کی توثیق کے بعد غزہ میں اس بات کی تصدیق کر دی کہ معاہدہ مکمل طور پر عمل میں آئے گا۔
اسرائیلی وزیراعظم آفس نے بتایا کہ حکومت نے یرغمالیوں کی واپسی کے منصوبے کی منظوری بھی دے دی ہے، اور اس بات کی تصدیق کی کہ اسرائیل اپنے ثابت قدم مؤقف کی بدولت امن کے متلاشی فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکنے کے قریب پہنچ چکا ہے۔
جنگ بندی معاہدے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ ہم نے مشرقِ وسطیٰ کا چہرہ بدل دیا ہے۔ ہمارے بہن، بھائی اپنے گھروں کو واپس آ رہے ہیں، اور ان میں سے اکثریت زندہ ہے، یہ سب اسرائیل کے ثابت قدم مؤقف کے سبب ممکن ہوا ہے۔
نیتن یاہو نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جنگ بندی معاہدے پر عمل اس وقت تک نہیں کیا جائے گا جب تک یرغمالیوں کی فہرست کی مکمل معلومات اسرائیل کے حوالے نہیں کی جاتیں۔
اسرائیلی وزیراعظم نے مزید کہا کہ اسرائیل کو 33 یرغمالیوں کی فہرست موصول ہونے تک معاہدہ آگے نہیں بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو اسرائیل لڑائی دوبارہ شروع کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
یہ جنگ بندی معاہدہ فلسطین میں کئی ماہ سے جاری خونریزی کے خاتمے کی ایک اہم کوشش ہے، جس سے نہ صرف اسرائیل بلکہ مشرقِ وسطیٰ میں امن کے حوالے سے بھی نئے امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: اسرائیلی فورسز نے جنگ بندی معاہدے رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو نے کہ اسرائیلی کہ اسرائیل
پڑھیں:
لاہور میں تیزی سے بڑھتی ہوئی شہری آبادی نے شدید گرمی کے بحران کو سنگین بنا دیا
کبھی لاہور کے باسی چاروں موسموں کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہوتے تھے۔ خوشگوار گرمی، خنک خزاں، سردیاں اور بہار کی رونقیں، لیکن گزشتہ چند برسوں میں تیزی سے بڑھتی شہری آبادی اور موسمیاتی تبدیلیوں نے شہر کو صرف دو موسموں، دم گھٹاتی اسموگ اور جھلسا دینے والی گرمی تک محدود کر دیا ہے۔
پنجاب کے مختلف اضلاع سمیت لاہور میں شدید گرمی کی نئی لہر کا آغاز ہو چکا ہے اور محکمہ موسمیات نے آئندہ دس دنوں کے دوران غیر معمولی درجہ حرارت کی پیش گوئی کی ہے۔ اپریل میں عمومی طور پر درجہ حرارت 30 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہتا ہے، تاہم پچھلے چند سالوں میں درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اپریل 2020 میں اوسط درجہ حرارت 33 ڈگری تھا، جو 2021 میں 35، 2022 میں 42، 2023 میں 35 اور 2024 میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ رواں برس 2025 میں یہ درجہ حرارت 40 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔
ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ لاہور میں بڑھتی آبادی اور تیز رفتار تعمیرات درجہ حرارت میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔ تحقیق کے مطابق 1990 سے 2020 کے دوران شہر کے بڑے حصے پر موجود سبزہ ختم ہو کر کنکریٹ، سڑکوں اور عمارتوں میں تبدیل ہو گیا۔ 2010 سے 2017 کے درمیان لاہور کا 70 فیصد درختوں کا احاطہ ختم ہو چکا ہے۔
پنجاب اربن یونٹ کے مطابق گزشتہ دو دہائیوں میں لاہور کا تعمیراتی رقبہ 438 مربع کلومیٹر سے بڑھ کر 759 مربع کلومیٹر تک جا پہنچا ہے جبکہ شہر کے مجموعی رقبے کا صرف 2.8 فیصد حصہ اب سبزہ زاروں پر مشتمل ہے۔ درختوں کی کٹائی کے باعث لاہور ’’اربن ہیٹ آئی لینڈ ایفیکٹ‘‘ کا شکار ہو چکا ہے، جہاں عمارتیں اور سڑکیں دن بھر گرمی جذب کر کے رات کو اسے آہستہ آہستہ خارج کرتی ہیں، جس سے درجہ حرارت میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ماہرین نے عالمی حدت، سبزہ زاروں کی کمی، صنعتی آلودگی اور ناقص شہری منصوبہ بندی کو گرمی کی لہروں کا بنیادی سبب قرار دیا ہے۔ جامعہ پنجاب کے پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کا کہنا ہے کہ ’’جب کئی دن تک درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہتا ہے اور قدرتی ٹھنڈک کے ذرائع موجود نہ ہوں، تو گرمی کی شدت مزید بڑھ جاتی ہے۔‘‘
شدید گرمی کی ممکنہ لہر کے پیش نظر، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے شہریوں کے تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر جاری کی ہیں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ دن 11 بجے سے 4 بجے کے دوران غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، زیادہ پانی پئیں، ہلکے اور ڈھیلے کپڑے پہنیں، ٹھنڈے مشروبات استعمال کریں اور بچوں و بزرگوں کا خصوصی خیال رکھیں۔ گرمی کی شدت سے چکر آنا، بخار، نقاہت، متلی یا بے ہوشی کی شکایت ہو تو متاثرہ شخص کو فوراً سائے میں لے جاکر پانی یا او آر ایس پلایا جائے، اور ضرورت پڑنے پر طبی امداد حاصل کی جائے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ عارضی احتیاطی تدابیر وقتی ریلیف تو دے سکتی ہیں، لیکن اس سنگین ماحولیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے مستقل اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں، جن میں سبزہ زاروں کا تحفظ، نئے درختوں کی شجر کاری، موسمیاتی تبدیلی کو شہری منصوبہ بندی کا حصہ بنانا اور عوامی آگاہی شامل ہیں۔
اگر فوری اور جامع اقدامات نہ کیے گئے، تو گرمی کی یہ شدید لہریں لاہور جیسے بڑے شہروں میں معمول کا حصہ بن سکتی ہیں، جس کے اثرات نہ صرف انسانی صحت بلکہ معیشت، زراعت اور شہری زندگی کے دیگر شعبوں پر بھی مرتب ہوں گے۔