دوسری شادی سے اپنے شوہر کو کیوں روکا، نکاح کی خواہش مند خاتون کا ساتھیوں کے ہمراہ پہلی بیوی پر تشدد
اشاعت کی تاریخ: 29th, October 2025 GMT
لاہور:
لاہور کے علاقے مصطفیٰ آباد میں شوہر کو دوسری شادی سے روکنے پر خاتون کو مبینہ طور پر اس کے شوہر سے نکاح کی خواہش مند خاتون اور اس کے مرد ساتھیوں نے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
واقعے کی اطلاع پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے متاثرہ خاتون کے گھر کا دورہ کیا اور واقعے کی تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ تمام نامزد ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔
حنا پرویز بٹ نے متاثرہ خاتون اور اس کی والدہ سے ملاقات کر کے انہیں مکمل قانونی، طبی اور نفسیاتی مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی خاتون کے گھر میں گھس کر تشدد کرنا انتہائی قابلِ مذمت عمل ہے، ایسے عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔
چیئرپرسن نے مزید کہا کہ خواتین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا وژن "خواتین کے لیے محفوظ پنجاب" ہی ہمارا مشن ہے۔
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
بھارت: شادی کے دباؤ پر نوجوان نے محبوبہ کو قتل کر دیا
بھارتی ریاست پنجاب کے ضلع لدھیانہ میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شخص نے شادی کے لیے دباؤ ڈالنے پر اپنی محبوبہ کو قتل کر دیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ لدھیانہ کے ایک ہوٹل میں پیش آیا۔ دورانِ قیام، خاتون اور اس کے ساتھی امیت نشاد کے درمیان شادی کے معاملے پر تلخ کلامی ہوئی، جس کے دوران خاتون نے مبینہ طور پر تیز دھار آلے سے نشاد کو زخمی کر دیا۔ شدید زخمی ہونے پر برہم ہو کر نشاد نے خاتون کو گلا گھونٹ کر مار ڈالا اور موقع سے فرار ہو گیا، تاہم پولیس نے بعد ازاں اسے گرفتار کر لیا اور زخمی ہونے کے باعث علاج کے لیے چندی گڑھ کے اسپتال منتقل کیا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ دو بچوں کی ماں تھی اور اس کا اپنے شوہر کے ساتھ طلاق کے مقدمے کی وجہ سے قانونی معاملات چل رہے تھے۔ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور خاتون کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے تحویل میں لے لی گئی ہے۔