کراچی، سائٹ ایریا ہارون آباد میں فائرنگ، دو بھائی جاں بحق، تین بھائی زخمی
اشاعت کی تاریخ: 20th, January 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد کے سائٹ ایریا ہارون آباد میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو بھائی جاں بحق اور تین بھائی زخمی ہو گئے۔
پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت سمیع اللہ اور اسد اللہ کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمیوں میں اکرام اللہ، شفیع اللہ، اور امیر عبداللہ شامل ہیں۔ اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
زخمی شفیع اللہ کے بیان کے مطابق، چار سے پانچ مسلح افراد گھر میں گھس آئے اور ان کے بھائیوں کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملزمان نے گھر سے کوئی چیز نہیں لوٹی۔
شفیع اللہ نے بتایا کہ ان کا آبائی تعلق گمبٹ سے ہے اور ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی، ہم پانچوں بھائی سرکاری ملازم ہیں۔
تاہم، پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کے بیانات میں تضاد پایا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ واقعہ بھائیوں کے آپس کے جھگڑے کا نتیجہ ہے، لیکن بعد میں بتایا گیا کہ یہ حملہ بیرونی افراد نے کیا۔
پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
دیر لوئر: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کالج لیکچرر جاں بحق
پشاور:دیر لوئر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بٹ خیلہ ڈگری کالج کے لیکچرر محمد عثمان جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دیر لوئر کے علاقے میاں بڑنگولہ دیگان میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں بٹ خیلہ ڈگری کالج کے لیکچرر محمد عثمان جاں بحق ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
دیر لوئر پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے تاہم تاحال قتل کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔