بیرسٹر سیف نے جماعت اسلامی کو بانی پی ٹی آئی کا پیغام پہنچایا
اشاعت کی تاریخ: 24th, January 2025 GMT
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے منصورہ پہنچ کر جماعت اسلامی کو بانی پی ٹی آئی کا پیغام پہنچایا۔
جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں بیرسٹر سیف نے جماعت اسلامی کے رہنماؤں لیاقت بلوچ اور امیر العظیم سے ملاقات کی، اس موقع پر سینئر سیاستدان محمد علی درانی بھی ملاقات میں موجود تھے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ جماعت اسلامی کی عوامی ریلیف کےلیے جدوجہد کو سراہتے ہیں، عوامی مینڈیٹ چھیننے سے متعلق جماعت کے بیان پر شکر گزار ہیں، بانی پی ٹی آئی نے جماعت اسلامی قائدین کیلئے نیک تمناﺅں کا پیغام دیا، بانی نے قومی سیاسی جماعتوں سے رابطوں کی ہدایت کی ہے۔
اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ عوام مہنگائی میں حقیقی کمی چاہتے ہیں، کسی کا وجود مٹانے یا منوانے سے ملک مسائل سے نہیں نکلے گا، مسائل کا حل دانشمندی سے نکل سکتا ہے۔
بیرسٹر سیف نے کرم میں حکومتی کوششوں سے بھی جماعت اسلامی کی قیادت کو آگاہ کیا اور مشاورتی اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ بھی دیا۔
ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: بیرسٹر سیف نے جماعت اسلامی
پڑھیں:
اسٹیبلشمنٹ فیڈریشن کو ون یونٹ نظام نہ بنائے: لیاقت بلوچ
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ — فائل فوٹونائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کا اندرونی انتشار اسٹیبلشمنٹ کی طاقت بن گیا ہے، اسٹیبلشمنٹ فیڈریشن کو ون یونٹ نظام نہ بنائے۔
لاہور سے جاری بیان میں لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ متناسب نمائندگی طرز انتخاب پر قومی جمہوری جماعتیں اتفاق کرلیں، غیر جانبدارانہ انتخاب کا مستقبل 2024ء کے انتخابات کے فارم 45 میں پوشیدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت زراعت و کسان سے مجرمانہ لاپرواہی بند کرے۔
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان سیاسی نورا کشتی پر اتفاق ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ 26 اپریل ملک گیر ہڑتال فلسطینیوں سے فقید المثال یکجہتی ہوگی جبکہ 27 اپریل کو مینار پاکستان پر یکجہتی فلسطین جلسہ تاریخ ساز ہوگا۔