جیکب آباد، عوام نے ٹول پلازہ کا قیام مسترد کردیا
اشاعت کی تاریخ: 26th, January 2025 GMT
جیکب آباد: ٹول پلازہ کے قیام کے خلاف شہری تنظیموں کی جانب سے احتجاج کیا جا رہا ہے
جیکب آباد (نمائندہ جسارت) ٹول پلازہ کے قیام کو عوام نے مسترد کردیا، غیر قانونی ٹول پلازہ کے خلاف سیاسی، سماجی، مذہبی اور بیوپاری تنظیموں کی جانب سے زبردست احتجاجی مظاہر ہ شہید اللہ بخش پارک سے نکالا گیا جس میں شہری اتحاد کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر اے جی انصاری، ضلعی امیر جماعت اسلامی ابوبکر سومرو، امیر جماعت اسلامی شہر، مزدور رہنما حاجی غلام بنی رند، ایس ٹی پی کے عبدالستار جاگیرانی، مجلس وحدت المسلمین کے علامہ مقصود ڈومکی، پیپلز پارٹی شہید بھٹو کے ندیم قریشی، سندھ دوست کمیٹی کے انتظار چھلگری، بی این پی کے گلاب مینگل، ایڈووکیٹ عبدالحئی سومرو، کلاتھ مرچنٹ کے گل حسن ٹالانی، فقہ جعفریہ کے سید شبیر شاہ، نثار احمد ویسر، پی ٹی آئی کے آغا عبدالعزیز پٹھان، اے پی سی کے محمد شعبان ابڑو، وارڈ ممبر شلو کمار، ہیومن رائٹس کے راحیل منگی سمیت عبدالنبی لاشاری، نور احمد منجھو اور دیگر نے شرکت کی، مظاہرین نے ٹول پلازہ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے شہر کے راستوں پر مارچ کیا اور ڈی سی ہائوس کے سامنے قومی شاہراہ پر دھرنا دے کر روڈ بلاک کر دیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ رشوت کے طور پر ٹول پلازہ کا قیام کیا جا رہا ہے جوکسی صورت قبول نہیں، ٹول پلازہ کے نام پر عوام سے غنڈہ ٹیکس وصولی کی کوشش کی جا رہی ہے، عوام مہنگائی کی ماری اور شہر پسماندہ ہے، کاروبار تباہ ہے، سہولیات دینے کے بجائے عوام سے نئے ٹیکس وصولی کی تیاری کی جا رہی ہے، جو سراسر زیادتی ہے۔ مظاہرین نے اعلان کیا کہ 28 جنوری سے ٹول پلازہ کے خلاف روزانہ بھوک ہڑتال کی جائے گی۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: کے خلاف
پڑھیں:
اسلامی ملکوں کے حکمران وسائل کا رخ عوام کی جانب موڑیں: حافظ نعیم
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے اسلامی ممالک کے حکمرانوں پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت روکنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں۔ ملائیشین اسلامی پارٹی ’’پاس‘‘ کی خصوصی دعوت پر 71 ویں سالانہ مرکزی موتمر کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے اتحاد امت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ اسلامی ممالک کے درمیان معاشی و تجارتی تعاون کے فروغ اور نوجوانوں کے وفود کے تبادلے کی ضرورت ہے۔ تعلیم اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کیے بغیر امت اپنا کھویا ہوا عظیم ماضی واپس حاصل نہیں کر سکتی۔ امریکا اور دیگر استعماری طاقتیں اسلامی ممالک کے وسائل پر قابض ہیں، ان قوتوں سے چھٹکارا حاصل کرنا ہو گا۔ اسلامی ممالک کے حکمران وسائل کا رخ اپنے عوام کی جانب موڑیں۔ جنوبی ایشیا سمیت دنیا بھر کی مختلف اسلامی تحریکوں کے قائدین، علماء کرام اور پالیسی سازوں کی ایک بڑی تعداد ملائیشیا کی ریاست قدح کے دارالحکومت الورسیتار میں منعقد ہونے والی کانفرنس میں مدعو تھیں۔ مسلم امہ انٹرنیشنل فورم 2025ء (MUNIF) کے عنوان کے تحت ہونے والی کانفرنس سے نائب امیر جماعت اسلامی بنگلہ دیش پروفیسر مجیب الرحمن اور دیگر کئی رہنماؤں و دانشوروں نے بھی خطاب کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر عطاء الرحمن بھی اس کانفرنس میں امیر جماعت کیساتھ ہیں۔ دریں اثناء امیر جماعت اسلامی پاکستان نے ملائیشین اسلامک پارٹی جسے پین ملائیشین اسلامک پارٹی (PAS) بھی کہا جاتا ہے کے قائد عبدالہادی اواغ سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے مسئلہ فلسطین، جنوبی ایشیائی اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے مسائل پر گفتگو کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے صدر اسلامک سرکل آف ملائیشیا (ICM) ڈاکٹر حیات خان، صدرICM قدح ریاست روجھان سید سمیت دیگر قائدین سے بھی ملاقاتیں کیں اور فلسطین سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔