شب معراج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے
اشاعت کی تاریخ: 27th, January 2025 GMT
27ویں رجب المرجب کی مقدس رات’’ شب معراج‘‘ دنیا بھر کے مسلمانوں کی جانب سے انتہائی عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں نماز مغرب کے بعد اس مقدس رات کا آغاز ہوا، جس میں مساجد کو خوبصورت روشنیوں سے سجایا گیا ہے اور خصوصی محافل منعقد کی جا رہی ہیں۔ ملک میں شب معراج کی مناسبت سے منعقد ہونے والی محافل میں علمائے کرام واقعہ معراج پر روشنی ڈال رہے ہیں جبکہ نعت خواں حضرات حضور اکرم ﷺ کی شان میں نعتیہ کلام پیش کر رہے ہیں۔
شب معراج کی مناسبت سے ٹی وی چینلز خصوصی پروگرام نشر کر رہے ہیں اور اخبارات خصوصی ایڈیشنز شائع کر رہے ہیں۔
شب معراج وہ رات ہے جب نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰﷺ کو مکہ مکرمہ سے مسجد اقصیٰ تک براق پر سوار ہو کر لے جایا گیا۔ مسجد اقصیٰ میں آپ ﷺ نے تمام انبیائے کرام کی امامت فرمائی۔ اس کے بعد آپ ﷺ کو آسمانوں پر لے جایا گیا، جہاں اللہ تعالیٰ سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا۔
اس مبارک سفر کے دوران رسول اکرمﷺ کو جنت اور دوزخ دکھائی گئی اور مختلف انبیائے کرام سے ملاقات کرائی گئی۔ اس رات کا سب سے بڑا انعام نماز ہے، جو امت مسلمہ کے لیے ایک تحفہ ہے۔
یہ مقدس رات اللہ کے حضور عبادات، دعاؤں اور مغفرت کے لیے وقف ہے اور مسلمان اپنی روحانی پاکیزگی کے لیے اس رات کو خاص اہتمام کے ساتھ مناتے ہیں۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: رہے ہیں
پڑھیں:
عراق میں مقدس مقامات کی زیارات کے لیے عمر کی حد مقرر
اسلام آباد:عراق میں مقدس مقامات کی زیارات کے لیے عمر کی حد مقرر کر دی گئی۔
عراقی حکام نے زائرین کے لیے نئی ہدایات جاری کر دیں۔
حکام کے مطابق 50 سال سے کم عمر اکیلے مردوں کو زیارت کے لیے ویزا جاری نہیں کیا جائے گا۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق 50 سال سے کم عمر مردوں کو خاندان کے ہمراہ درخواست دینے پر زیارت ویزا جاری کیا جائے گا۔