سلمان کو بھولا پن نہ ہونے کی وجہ سے ’وواہ‘ میں کاسٹ نہیں کیا، ہدایتکار کا انکشاف
اشاعت کی تاریخ: 30th, January 2025 GMT
بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار سورج برجاتیا نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے 2006 میں ریلیز ہونے والی فلم ’وواہ‘ میں سلمان خان کو کاسٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیوں کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک حالیہ انٹرویو میں سورج برجاتیا نے کہا کہ وہ اپنے کام کے حوالے سے خود غرض ہیں اور ان کے لیے کہانی سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔ ان کے مطابق ہر فلم کا موضوع خود ان کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے اور وہ ہمیشہ کہانی کے مطابق فنکاروں کا انتخاب کرتے ہیں۔
سورج نے انکشاف کیا کہ فلم ’وواہ‘ کی کہانی انہیں ان کے والد کی دی ہوئی ایک اخبار کی رپورٹ سے ملی، جس میں ذکر تھا کہ میرٹھ کے ایک درزی نے اپنی دلہن سے شادی کرلی، حالانکہ وہ حادثے میں جھلس چکی تھی۔ اس واقعے نے انہیں متاثر کیا اور انہوں نے اس پر فلم بنانے کا فیصلہ کیا۔
View this post on InstagramA post shared by Bollywood ORRYginals (@thebollywoodorryginals)
ہدایتکار کا کہنا تھا کہ انہیں اس کردار کے لیے نوجوان اور معصوم چہرے کی ضرورت تھی، اس لیے شاہد کپور اور امرتا راؤ کو کاسٹ کیا گیا اور سلمان خان کو عمر میں زیادہ ہونے اور بھولا پن نہ ہونے کی وجہ سے اس فلم کیلئے کاسٹ نہیں کیا۔
واضح رہے کہ سورج برجاتیا اور سلمان خان جلد ہی ایک نئی فلم میں دوبارہ ساتھ کام کریں گے۔ دوسری جانب شاہد کپور کی فلم ’دیوا‘ اور سلمان خان کی فلم ’سکندر‘ جلد ریلیز ہوں گی۔
یاد رہے کہ ’وواہ‘ میں شاہد کپور اور امرتا راؤ نے مرکزی کردار ادا کیے تھے، اور یہ فلم باکس آفس پر کامیاب رہی تھی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
60 کروڑ کے فراڈ کیس میں نیہا دھوپیا اور بپاشا باسو کے ملوث ہونے کا انکشاف
بالی ووڈ کی اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر اور بزنس مین راج کندرا 60 کروڑ روپے کے فراڈ کیس میں بھارتی اداکارہ نیہا دھوپیا اور بپاشا باسو کا نام بھی سامنے آگیا ہے۔
ان دنوں راج کندرا اور اداکارہ شلپا شیٹی 60 کروڑ روپے سے زائد کے فراڈ کیس میں تحقیقات کا سامنا کر رہے ہیں، یہ مقدمہ ان کی سابقہ کمپنی کا ہے جس میں ان کی اہلیہ اداکارہ شلپا شیٹی کے ملوث ہونے کا بھی اشارہ دیا گیا ہے۔
اس ہائی پروفائل کیس کی تفتیش ممبئی پولیس کی اکنامک آفینسز ونگ (EOW) کر رہی ہے جس میں اب نئے انکشافات سامنے آئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق راج کندرا نے تحقیقاتی ٹیم کو اپنے نئے بیان میں بتایا ہے کہ کمپنی کے جمع شدہ فنڈز کا ایک بڑا حصہ بنائی جانے والی فلموں اور دیگر پراجیکٹس کی تشہیری مہم پر خرچ کیا گیا، جس میں تقریباً 20 کروڑ بھارتی روپے پروموشن اور دیگر اخراجات پر خرچ کیے گئے۔
راج کندرا نے اپنے بیان میں یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ بالی ووڈ کی نامور اداکارہ بپاشا باسو اور نیہا دھوپیا بھی ان پروموشنز کا حصہ تھیں جس کو ادائیگیاں کی گئی تھیں۔ راج نے پروموشنز کی تصاویر بھی بطور ثبوت دکھائی ہیں۔
تاہم اس بات کی اب تک تصدیق نہیں ہوسکی ہے کہ بپاشا اور نیہا کو یہ ادائیگیاں واقعی ہوئیں یا یہ دوںوں بھی کمپنی کی مبینہ مالی بے ضابطگیوں سے آگاہ تھیں اور اس کا حصہ تھیں۔