کرم انتظامیہ نے نقصانات کے ازالے کیلئے کے پی حکومت سے 60 کروڑ روپے مانگ لیے
اشاعت کی تاریخ: 30th, January 2025 GMT
خیبر پختونخوا کے ضلع کرم کی انتظامیہ نے حالیہ کشیدگی کے دوران ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے صوبائی حکومت سے 60 کروڑ روپے مانگ لیے۔
ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ کرم فسادات میں ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے، ڈی سی کرم نے کہا کہ بگن و دیگر علاقوں کا ابتدائی سروے مکمل کر لیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کرم کا کہنا ہے کہ عمارتوں کی آرائش اور مکمل بحالی کے لیے صوبائی حکومت سے 60 کروڑ روپے طلب کئے ہیں، کرم میں امن معاہدے پر عمل درآمد کے تحت غیر قانونی بنکرز کے خاتمے کا عمل تیزی سے جاری ہے، اب تک کی کارروائی میں مجموعی طور پر 14 بنکرز کو دھماکوں سے تباہ کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 6 بنکرز کو جزوی طور پر ناکارہ بنایا گیا ہے، انتظامیہ کے مطابق، کرم میں 250 سے زائد غیر قانونی بنکرز قائم ہیں، جنہیں مرحلہ وار ختم کیا جا رہا ہے، حکومت کرم میں پائیدار امن کے قیام کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
لاہور، اسموگ کے تدارک کیلئے مارکیٹوں کے اوقات کار تبدیل
لاہور شہر میں اسموگ کے تدارک کے لیے ضلعی انتظامیہ نے مارکیٹوں کے اوقات کار تبدیل کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنرز کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مراسلہ جاری کردیا گیا ہے۔
مراسلے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنرز کو روزانہ کی بنیاد پر عمل درآمد رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسموگ کے تدارک کے لیے مارکیٹس رات 10 بجے بند ہوں گی اور لاہور کے تمام ریسٹورنٹس رات 11 بجے بند ہوجائیں گے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہےکہ نئے اوقات کار پر پابندی لازم ہے، خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہوگی۔
واضح رہے کہ عدالتی حکم پر لاہور میں اتوار کے روز کمرشل سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے اور شادی ہالوں پر رات 10 بجے کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
عدالت نے ہر سماعت پر محکمہ ماحولیات کے ڈائریکٹر سطح کے افسر کو پیش ہونے کا بھی حکم دیا۔