کراچی؛ بھائی نے پسند کی شادی کرنیوالی بہن کو گھر آنے پر قتل کردیا
اشاعت کی تاریخ: 30th, January 2025 GMT
کراچی:
بھائی نے پسند کی شادی کرنے والی بہن کو گھر واپس آنے پر قتل کردیا اور فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن تھانے کے علاقے بنارس بخاری کالونی بلال مسجد کے قریب گھر میں فائرنگ سے لڑکی جاں بحق ہو گئی، جس کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، جہاں اس کی شناخت 20 سالہ شاہین دختر امین خان کے نام سے کی گئی۔
لڑکی نے 17 اگست 2024ء کو گھر سے فرار ہونے کے بعد پسند کی شادی تھی اور جمعرات کی دو پہر ڈیڑھ بجے کے قریب واپس اپنے گھر لوٹی تو اس کے سگے بھائی شہباز ولد امین خان نے فائرنگ کرکے اسے قتل کردیا ۔
پولیس کے مطابق غیرت کے نام پر بہن کو قتل کرنے کے بعد بھائی شہباز موقع سے فرار ہوگیا۔پولیس کو جائے وقوع سے 30بور پستول کے 2 خول ملے ہیں، جنہیں قبضے میں لے کر ملزم کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ڈی آئی خان، بسیاہ خیل پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں کا حملہ، جوابی کارروائی میں حملہ آور فرار
ڈیرہ اسماعیل خان:خیبرپختونخوا کے ضلع ڈی آئی خان میں بسیاہ خیل پولیس اسٹیشن پر رات گئے دہشت گردوں نے مختلف سمتوں سے حملہ کر دیا، تاہم پولیس کی بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کے باعث حملہ آور فرار ہو گئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق حملہ رات تقریباً 01:35 پر کیا گیا، جس میں دہشت گردوں نے سنائپرز اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا۔ حملہ شدید نوعیت کا تھا اور دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہا۔
پولیس اہلکاروں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری جوابی کارروائی کی، جس کے بعد دہشت گرد پسپا ہو کر فرار ہو گئے۔
ڈی پی او بنوں کے مطابق واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔