دہشت گردی بیرونی سازش کے تحت کرائی جا رہی ہے‘وزیراعلیٰ سندھ
اشاعت کی تاریخ: 11th, February 2025 GMT
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی اندرونی معاملہ نہیں بلکہ بیرونی سازش کے تحت کرائی جا رہی ہے، اب ملکی معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے، جس کا فائدہ پورے ملک کو ہوگا۔ یہ بات انہوں نے فرانس کے سفیر نکولس گالے سے وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے2022ء کے سیلاب سے متاثرین کی بحالی کے حوالے سے پیش رفت پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ سیلاب متاثرین کے 21 لاکھ گھروں کی تعمیر تیزی سے جاری ہے جبکہ زراعت کے لیے زرعی زمینوں اور آبپاشی کے نظام کو بحال کیا جا چکا ہے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے تاہم گزشتہ معاشی صورتحال کے باعث ترقیاتی پروگرام متاثر ہوئے، اب معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے، جس کا فائدہ پورے ملک کو ہوگا۔ ملاقات میں زرعی ٹیکس پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئی ایم ایف زراعت پر بھی ٹیکس لگانا چاہتا تھا لیکن صوبے میں زرعی ٹیکس پہلے سے نافذ تھا، زرعی ٹیکس 15 فیصد سے بڑھا کر 45 فیصد کر دیا گیا ہے، جو کاشتکاروں پر بڑا بوجھ پڑے گا۔دہشت گردی اورسیکورٹی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی اندرونی معاملہ نہیں بلکہ بیرونی سازش کے تحت کرائی جا رہی ہے، ملک میں دہشت گردی پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے اورسیکورٹی ادارے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں، سندھ میں امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہے، جو سرمایہ کاروں کے لیے بہت مفید ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت نے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) کے تحت بہت اہم منصوبے بنائے ہیں اور مزید منصوبے جاری ہیں ۔ انہوں نے فرانسیسی کمپنیوں کو واٹر ڈیسیلینیشن کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ فرانس کے سفیر نے فرانسیسی کمپنیوں کی سندھ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت مختلف منصوبوں کی فہرست فرینچسفیر کو فراہم کرے گی تاکہ فرانسیسی کمپنیوں کو سندھ میں لایا جا سکے۔ فرانسیسی سفیر نے وزیراعلیٰ سندھ کو یو این اوشین کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی، جو 9 سے 13 جون 2025ء تک فرانس میں منعقد ہو گی۔
.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان کھیل نے کہا کہ کے تحت رہی ہے
پڑھیں:
پنجاب اسمبلی میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی دہشت گردی کیخلاف قرارداد منظور
پنجاب اسمبلی میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ہے۔
پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں قرارداد حکومتی رکن اسمبلی رانا محمد ارشد نے پیش کی، جس میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان فلسطین ، خصوصاً غزہ میں اسرائیلی افواج کے ہاتھوں معصوم بچوں کے قتل عام ،نسل کشی، بھوک، علاج اور پناہ سے محرومی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ درجنوں بچے روزانہ شہید ہو رہے ہیں اور ہزاروں بھوک، زخم اور خوف کے سائے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، یہ ایوان قرار دیتا ہے کہ یہ ظلم بین الا قوامی قوانین، اقوام متحدہ کے بچوں کے حقوق کے کنونشن اور بنیادی انسانی اقدار کی صریح خلاف ورزی ہے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت پاکستان فوری اور مؤثر سفارتی اقدامات کرے تا کہ اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم میں جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
اس کے علاوہ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ عالمی برادری اسرائیل کو جنگی جرائم پر جوابدہ ٹھہرائے، انسانی ہمدردی کی تنظیمیں فوری طور پر فلسطینی بچوں کو خوراک، علاج اور پناہ فراہم کریں۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان فلسطین کے مظلوم عوام اور معصوم بچوں کے ساتھ بھر پور یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور اُن کی آزادی اور انسانی حقوق کی جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔