امریکا میں پھر مسافر بردار طیارے آپس میں ٹکرا گئے؛ 1 ہلاک اور 4 زخمی
اشاعت کی تاریخ: 11th, February 2025 GMT
امریکی ریاست ایریزونا کے اسکاٹسڈیل ہوائی اڈے کے رن وے پر ایک طیارہ دوسرے سے ٹکرا گیا۔
امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی نے بتایا کہ لیئرجیٹ 35 (اے) رن وے پر کامیابی سے اترنے کے بعد گلف اسٹریم 200 بزنس جیٹ سے ٹکرا گیا۔
ابتدائی طور پر معلوم ہوا کہ یہ ٹکراؤ ممکنہ طور پر رن وے پر پھسلن کے باعث ہوا تاہم حتمی وجوہات جاننے کے لیے کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔
دونوں جہازوں میں تصادم کے بعد متعدد پروازوں کو گھنٹوں معطل کرنا پڑا۔ جائے حادثہ سے ایک لاش اور 4 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان ایف اے اے نے بتایا کہ ایک شخص اب بھی جہاز میں پھنسا ہوا ہے جسے نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمیں نہیں معلوم کہ جہاز میں کتنے لوگ سوار تھے۔ مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 30 جنوری کو بھی امریکی فوج کا ہیلی کاپٹر مسافر طیارے سے ٹکرا گیا تھا جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 67 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
اس حادثے کے دو روز بعد ہی فلاڈیلفیا میں ایئر ایمبولینس طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں مریضہ بچی اس کی والدہ اور عملے کے 4 ارکان ہلاک ہو گئے تھے۔
بعد ازاں ایک اور ریاست الاسکا میں بھی لاپتا طیارے کا ملبہ دو روز بعد ملا تھا۔ اس حادثے میں 10 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ملتان:موٹر وے پر بس حادثہ ،ایک مسافر جاں بحق اور 4 شدید زخمی
ملتان کے قریب موٹر وے پر بس حادثے میں ایک مسافر جاں بحق اور 4 شدید زخمی ہوگئے۔موٹروے ایم 5 پر بس صادق آباد سے لاہور آرہی تھی جو حادثے کا شکار ہوگئی، حادثہ ملتان کے قریب پیش آیا جب بس کا ڈرائیور اچانک اونگھنے کے باعث بس سے قابو نہ پا سکا اور وہ موٹروے سے نیچے اتر گئی۔ترجمان موٹروے پولیس نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویش ناک ہے ۔ترجمان موٹر وے پولیس نے کہا کہ بس میں سوار دیگر مسافروں کی زندگی بچانے کے لئے فوری طور پر کارروائیاں کی گئیں اور امدادی ٹیموں نے صورتحال پر قابو پا لیا۔