رمضان سے تین دن قبل ہر ضلع میں چینی کے سٹالز لگائے جائیں گے
اشاعت کی تاریخ: 12th, February 2025 GMT
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کی زیر صدارت شوگر مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کا اجلاس منعقد ہوا جس میں چینی کی قیمتوں اور اس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ وفاقی وزیر نے چینی کی قیمتوں کو عوام کے لیے قابل رسائی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا چینی کی تقسیم کے لیے ایک مائیکرو پلان تیار کیا جائیگا جو ہر ضلع میں رواں ہفتے کے دوران سامنے آئے گا۔رانا تنویر حسین نے مزید کہا رمضان المبارک کے دوران عوام کو کم قیمت پر چینی فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان کے آغاز سے تین دن قبل ہر ضلع میں چینی کے اسٹالز لگائے جائیں گے، جو 27 رمضان تک جاری رہیں گے۔ ان سٹالز پر چینی وافر مقدار میں دستیاب ہوگی تاکہ عوام کو چینی کی فراہمی میں کسی قسم کی کمی نہ ہو۔وفاقی وزیر نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ رعایتی قیمتوں پر چینی کی قیمت کا اعلان رواں ہفتے کیا جائے گا تاکہ عوام خصوصاً غریب طبقے کو رمضان میں سستے داموں چینی مل سکے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
غیررسمی معیشت کے سدباب کیلئے انفورسمنٹ سے متعلق مزید اقدامات کیے جائیں: وزیر اعظم شہباز شریف
—فائل فوٹووزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ غیررسمی معیشت کے سدباب کے لیے انفورسمنٹ سے متعلق مزید اقدامات کیے جائیں۔
شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر کی جاری اصلاحات پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء عطاء اللّٰہ تارڑ، احد خان چیمہ، اعظم نذیر تارڑ، چیئرمین ایف بی آر شریک تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے ڈیجیٹائزیشن سے اہداف کے حصول میں معاونت ملی، مستقل بنیادوں پر پائیدار نظام بنانے کے لیے اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ رپورٹ میں بروقت قرض کی ادائیگی کا بھی اعتراف کیا گیا ہے، رپورٹ یقینی طور پر حکومتی معاشی صورتحال میں بہتری کا ثبوت ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایف بی آر ڈیجیٹل ونگ کی ازسرنو تشکیل کے لیے اہداف کے حصول کے وقت کا تعین کیا جائے، اصلاحات کے اطلاق میں کاروباری حضرات، تاجر برادری اور ٹیکس دہندگان کی سہولت کو مدنظر رکھا جائے، ٹیکس نظام کی بہتری سے ملکی آمدن میں اضافہ اور عام آدمی پر ٹیکس بوجھ کم کرنا ترجیحات ہیں۔
شہباز شریف نے ایف بی آر حکام اور اصلاحات میں شامل افسران و اہلکاروں کی کوششوں کی تعریف کی اور آئندہ ہفتے تجاویز سے متعلق قابل عمل اہداف اور مدت کا تعین کر کے پیش کرنے کی ہدایت کی۔