موٹرسائیکل پر دنیا گھومنے والا برطانوی جوڑا ایران میں گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 16th, February 2025 GMT
تہران: ایران نے موٹرسائیکل پر دنیا گھومنے والے برطانوی جوڑے کو گرفتار کر لیا ہے، برطانوی حکومت نے دونوں شہریوں کی حراست کی تصدیق کر دی۔
برطانوی دفتر خارجہ کے مطابق کریگ اور لنڈسے فورمین نامی 50 سالہ جوڑے کو گزشتہ ماہ جنوری میں کرمان شہر میں حراست میں لیا گیا تھا، جہاں انہیں سیکیورٹی جرائم کے الزام میں قید کیا گیا ہے۔
جوڑے کے اہل خانہ نے کہا کہ یہ واقعہ ہمارے لیے انتہائی تشویشناک ہے، اور وہ ان کی محفوظ واپسی کے لیے پوری کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے دوستوں، اہل خانہ اور کمیونٹی کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور برطانوی حکومت سے مزید اقدامات کا مطالبہ کیا۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے تصدیق کی ہے کہ دونوں برطانوی شہریوں کو نامعلوم سیکیورٹی الزامات میں گرفتار کیا گیا ہے۔ برطانوی دفتر خارجہ نے کہا کہ وہ ایرانی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں اور گرفتار شہریوں کو قونصلر معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
یہ گرفتاری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایران اور برطانیہ کے تعلقات پہلے ہی کشیدگی کا شکار ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ معاملہ سفارتی سطح پر مزید کشیدگی پیدا کر سکتا ہے۔
برطانوی حکومت اس جوڑے کی رہائی کے لیے سفارتی سطح پر کوششیں کر رہی ہے، جبکہ ایرانی حکام نے ابھی تک مکمل تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
جیوانی : سمندر کے راستے غیرقانونی طور پر ایران جانے کی کوشش پر 13 ملزمان گرفتار
غیر قانونی طور پر سمندر کے راستے ایران جانے کی کوشش پر 13 ملزمان کو جیوانی سے گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل گوادر نے بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے سمندر کے راستے غیر قانونی طور پر ایران جانے والے 13 ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان کا تعلق پنجاب اور خیبرپختون خوا کے مختلف علاقوں سے ہے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں سے 9 کا تعلق پنجاب جبکہ 4 کا تعلق کے پی کے مختلف اضلاع سے ہے سے ہے، ملزمان کو جیوانی سے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان غیر قانونی طور پر سمندر کے راستے پاکستان سے ایران جا رہے تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان کو ایران سے غیر قانونی طور پر دیگر ممالک جانا تھا، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔