کراچی : ڈمپر کی ٹکر، موٹرسائیکل سوار ایف آئی اے افسر جاں بحق،ڈرائیور گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 2nd, November 2025 GMT
کراچی (اسٹاف رپورٹر) راشدی گوٹھ کے قریب ڈمپر نے موٹرسائیکل کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں اس پر سوار ایف آئی اے کا افسر جاں بحق ہوگیا۔کراچی کے علاقے راشدی گوٹھ میں یہ اندوہناک حادثہ پیش آیا جہاں ایک ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار کو روند ڈالا، حادثے کےنتیجے میں موٹر سائیکل سوار موقع ہی پر جاں بحق ہوگیا۔ملیر کینٹ پولیس کے ایس ایچ او آغا عبدالرشید نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 38 سالہ محمد ایوب کے طور پر ہوئی جو ایف آئی اے میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر کے طور پر تعینات تھے اور ایئرپورٹ پر ڈیوٹی دے رہے تھے۔
ایس ایچ او آغا عبدالرشید کے مطابق جب محمد ایوب ایک لنک روڈ سے نکلے تو ایک لاپرواہی سے چلائے جانے والے ڈمپر نے انہیں ٹکر مار کر کچل دیا۔ایس ایچ او کے مطابق، محد ایوب کے سر پر شدید چوٹیں آئیں جس کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ افسر نے ہیلمٹ پہنا ہوا تھا، تاہم حادثہ اتنا شدید تھا کہ ان کا سر کچل گیا۔لاش کو قانونی کارروائی کے لیے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) منتقل کر دیا گیا۔ واقعہ صبح 8 بج کر 45 منٹ پر پیش آیا۔ ڈمپر کے ڈرائیور انور خان کو گرفتار کرکے ٹرک کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے 6 دہشتگرد مارے گئے، مرد و خواتین خودکش بمبار گرفتار
سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں انٹیلیجنس بیسڈ مؤثر کارروائیاں جاری ہیں، مستونگ کے علاقہ کھڈ کوچہ میں فتنہ الہندوستان کے 6 دہشتگرد مارے گئے۔
سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران متعدد دہشتگرد گرفتار کیے گئے، گرفتار دہشتگردوں میں سہولتکار سمیت مرد اور خواتین خودکش بمبار بھی شامل ہیں، کارروائی میں دہشتگردوں کےمتعدد ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔
علاقے میں سرچ اور کلیئرنس کارروائیاں جاری ہیں، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مکمل نگرانی برقرار ہے، دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود برآمد کرلیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مستونگ کے علاقہ کھڈ کوچہ میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز تیز کر دیے گئے، دہشت گردی کے خاتمے اور علاقے میں امن و امان کے قیام تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔