قومی اسمبلی کا اجلاس : کشمیر کے حق میں قرارداد منظور
اشاعت کی تاریخ: 18th, February 2025 GMT
اسلام آباد:
قومی اسمبلی نے کشمیر کے حق میں قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی جس میں کہا گیا کہ سلامتی کونسل کی قرارداد کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کیا جائے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفی شاہ کی صدارت میں شروع ہوا۔ پی ٹی آئی ارکان نے کورم پورا نہیں ہوا کا شور کیا، اقبال آفریدی نے کورم کی نشاندہی کردی۔
وزیر امور کشمیر امیر مقام کی طرف سے کشمیر پر قرارداد پیش کرنے کی کوشش کی گئی اور کہا کہ کشمیر پر تو بات سن لیں باقی سیاست بعد میں کرلیں، مگر کورم دیکھا گیا تو پورا نہ نکلا جس پر قومی اسمبلی اجلاس میں پندرہ منٹ وقفہ کیا گیا اور کورم پورا ہونے پر اجلاس شروع ہوا۔
وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام نے کہا کہ آفسوس آج اپوزیشن نے کشمیر کی قرارداد پیش کرنے کے وقت کورم کی نشاندہی کردی۔
اپوزیشن ارکان ایوان میں واپس آگئے اور کہا کہ ہم کشمیر کی قرارداد کی حمایت کرتے ہیں۔ وزیر امور کشمیر امیر مقام نے پانچ فروری کی مناسبت سے کشمیر پر قرارداد پیش کردی جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔
پی ٹی آئی چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ ریکارڈ درست کرنا چاہتا ہوں کہ اپوزیشن نے کشمیر پر قرارداد کی بھرپور حمایت کی ہے، پاکستان تحریک انصاف نے جس طرح کشمیریوں کا مقدمہ لڑا ہے وہ سب کے سامنے ہے، آج کشمیر سمیت دیگر ایشوز پر ہماری حکومت نے جرأت کے ساتھ بات کی ہے آج کی حکومت مودی کی یار ہے۔
اس موقع پر اپوزیشن نے مودی کا جو یار ہے غدار ہے غدار ہے کے نعرے لگائے۔
ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ جو انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں مودی کررہا ہے کیا وہی ہماری حکومت نہیں کررہی ہے؟ آٹھ فروری کو مینڈیٹ چوری کے روز ہمارے کارکنان کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا، جو مرضی ہتھکنڈے استعمال کرلیں ہم ڈٹ کر کھڑے ہیں، مقبوضہ کشمیر کی طرح کاش کوئی یہاں بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بات کی جائے۔
ایم کیو ایم کے رکن مصطفی کمال نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ آج اپوزیشن کشمیر کا مقدمہ لڑنے کی بات کررہی ہے، یاد کریں جب ان کے بانی چیئرمین ٹرمپ سے مل کر آئے تھے تو چند روز بعد ہی بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرلیا، ان کی حکومت نے حل یہ نکالا کہ اپنے اشاروں پر قوم کو آدھ گھنٹہ روک کر رکھا گیا، یہ تو امریکا سے ورلڈ کپ جیت کر آرہے تھے کیا یہی ورلڈ کپ تھا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت نے قبضہ مکمل کرلیا؟ آدھا سچ بولنا بند کریں۔
مصطفی کمال نے مزید کہا کہ بھارت نے را کی سرمایہ کاری کراچی میں کی ہم نے اسے ناکام بنایا، کشمیر کو کاؤنٹر کرنے کے لیے بھارت نے کراچی میں نیٹ ورک بنایا، ہم نے کشمیر کی جنگ کراچی کی سڑکوں پر لڑی اور بھارتی سازش کو ناکام بنا کر لڑی۔پی پی پی کے رکن آغا رفیع اللہ نے کہا کہ ان کی حکومت نے کشمیر پر سودا کیا، شہید ذوالفقار علی بھٹو کشمیر پر سودے کا خواب میں بھی نہیں سوچ سکتے، پی پی پی نے کشمیر پر ہزار سال تک جنگ لڑنے کا اعلان کیا، آج مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکی ہے کشمیر پر ہم سب ایک ہیں۔
دریں اثنا رکن پی ٹی آئی رکن علی محمد خان نے کہا کہ گزشتہ کافی عرصے سے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد آرہا ہے حکومت وقت اس کا سخت نوٹس لے ختم نبوت پر اس ملک میں قانون پاس ہوچکا ہے حکومت اس میں استغاثہ بن کر کیسز کرے حکومت اس معاملے میں کمیشن کی طرف نہ جائے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ایک جج نے حکومت کو توہین سے متعلق مقدمات میں کمیشن بنانے کی تجویز دی ہے، کمیشن کی تجویز پر حکومت عمل نہ کرے، کمیشن بنا تو خدانخواستہ توہین و گستاخی کے مقدمات کمزور ہوں گے، گستاخی کے مرتکب ملزمان بیرون ملک جاکر پھر توہین کریں گے، عدالتوں میں ہی توہین سے متعلق مقدمات چلنے دیئے جائیں تاکہ اوپن کورٹ میں سب کو صفائی کا موقع دیا جاسکے۔
بعدازاں قومی اسمبلی اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا۔
قرارداد کا متن:
قرارداد میں کہا گیا کہ سلامتی کونسل کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کا حل جنوبی ایشیا میں دیر پا امن کے لیے ضروری ہے، ہر سال 5 فروری کو پوری قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتی ہے تاکہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جاسکے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ جموں و کشمیر کا تنازعہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر سب سے قدیم حل طلب تنازعات میں سے ایک ہے، جموں وکشمیر کے بارے میں سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں پر کئی دہائیاں گزرنے کے باجودعمل درآمد نہیں ہوا، یہ ایوان کشمیری عوام کی ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کے منصفانہ جدوجہد کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ ایوان ہندوستان کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی بہادری، حو صلے اور قربانیوں کو زبر دست خراج تحسین پیش کرتا ہے، یہ ایوان ہندوستان کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر پر خاص طور پر 5 اگست 2019 کے اس کے غیر قانونی اور یک طرفہ اقدامات کے نتیجے میں اپنے قبضے کو مستحکم کرنے اور اس کی بین الا قوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو نقصان پہنچانے کے لئے بھارت کی مسلسل کوششوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتا ہے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان زور دیتا ہے کہ ہندوستان کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں کوئی بھی سیاسی عمل جموں و کشمیر کے لوگوں کے حق خودارادیت کے استعمال کا متبادل نہیں بن سکتا، جیسا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قرار دادوں میں درج ہے۔
ایوان ہندوستان کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں کی خدمت کرتا ہے، سخت قوانین کے تحت جو انصاف کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہیں، یہ ایوان آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے حوالے سے بھارتی سیاسی رہنماؤں اور اعلیٰ فوجی افسران کے اشتعال انگیز بیانات کو مسترد کرتا ہے۔
یہ ایوان اس بات پر زور دیتا ہے کہ جموں و کشمیر تنازعہ کا حل، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق، جنوبی ایشیا میں دیر پا امن کے لئے ضروری ہے۔
یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کو بہتر بنائے، تمام کشمیری سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے اور سخت ایمر جنسی اور انسداد دہشت گردی کے قوانین کو منسوخ کیا جائے۔
یہ ایوان مزید مطالبہ کرتا ہے کہ بھارت سلامتی کونسل کی متعلقہ قرار دادوں پر عمل درآمد کرے تاکہ کشمیری عوام اقوام متحدہ کے زیر اہتمام منصفانہ اور غیرجانبدارانہ استصواب رائے کے جمہوری طریقہ کار کے ذریعے اپنے مستقبل کا تعین کرسکیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ہندوستان کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر قرارداد میں کہا گیا کہ سلامتی کونسل کی انسانی حقوق کی کشمیری عوام قومی اسمبلی نے کہا کہ کشمیر کے بھارت نے کشمیر کی کے مطابق کی قرار کرتا ہے
پڑھیں:
مقبوضہ وادی میں جماعت اسلامی پر پابندی
ریاض احمدچودھری
بھارتی وزارت داخلہ اور اس کی ریاستی تحقیقاتی ایجنسی ایس آئی اے نے آر ایس ایسـبی جے پی کے رہنما آر آر سوائن کی سربراہی میں جماعت اسلامی جموں و کشمیر سمیت آزادی پسند جماعتوں پر چھاپوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ جماعت اسلامی کے بینک اکائونٹس منجمد کرنے کے بعدایس آئی اے نے زمینوں، اسکولوں، مکانات اور دفاترسمیت اس کی جائیدادوں کو ضبط کرنا شروع کر دیا ہے۔ اس نے پہلے ہی اسلام آباد، شوپیاں، پلوامہ اور جنوبی کشمیر کے کئی دیگر اضلاع میں سو کروڑروپے سے زائد مالیت کے جماعت اسلامی کے اثاثے ضبط کرلئے ہیں۔جموں و کشمیر میں جماعت کی مزید 100جائیدادیں ضبط کرنے کی بھارتی وزارت داخلہ کی فہرست میں شامل کی گئی ہیں۔ اس کے لئے نوٹیفکیشن کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد جائیدادوں کو سیل کردیا جائے گا۔عہدیدارنے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ نوٹیفکیشن کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ایسی تمام جائیدادوں کو مرحلہ وار سیل کر دیا جائے گا۔نریندر مودی اور امیت شاہ کی زیر قیادت ہندوتوا حکومت حق خود ارادیت کے مطالبے کی حمایت کرنے پرجماعت اسلامی کو نشانہ بنارہی ہے۔
2019 میں مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی کی حمایت کرنے پر بھارت نے جماعت اسلامی کشمیر پر پابندی لگا دی تھی۔بھارت کے مرکزی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ جماعت اسلامی کے عسکریت پسندوں سے قریبی روابط ہیں اور وہ ان کی مکمل حمایت بھی کرتے ہیں۔جماعت اسلامی پر پابندی لگانے کے اقدام کی وادی کشمیر کی تقریباً تمام سیاسی، مذہبی و سماجی جماعتوں نے مذمت کی تھی۔ جماعت نے پانچ سالہ پابندی کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ اس سے قبل مقبوضہ کشمیر میں محاصرے اور تلاشی کارروائیوں میں جماعت اسلامی کے پانچ رہنماؤں سمیت مقبوضہ جموں وکشمیر کے7 سرکردہ علمائے کرام کوگرفتار کر لیا گیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں جمعیت اہلحدیث کے رہنما مولانا مشتاق احمد ویری، عبدالرشید داودی، جماعت اسلامی کے رہنما عبدالمجید دار المدنی، فہیم رمضان اور غازی معین الدین بھی شامل ہیں۔
جماعت اسلامی نے دہشت گردی کی فنڈنگ سے متعلق بھارتی ایجنسیوں کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کا، ‘نہ تو کبھی کسی عسکریت پسند گروہ کے ساتھ کوئی تعلق رہا ہے اور نہ ہی وہ تحریکی سیاست پر یقین رکھتی ہے’۔بھارتی ایجنسیوں کا یہ بھی الزام ہے کہ جماعت اسلامی وادی کشمیر میں بھارت مخالف مظاہروں اور بھارت مخالف سیاسی سرگرمیوں میں ملوث رہی ہے۔ اسی لیے گزشتہ ہفتے این آئی اے نے جموں و کشمیر میں واقع جماعت اسلامی سے وابستہ بہت سے کارکنان کے گھروں پر چھاپے بھی مارے تھے۔تنظیم کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یہ بس ہراساں کرنے اور دھونس جتانے کے لیے کیا جا رہا ہے کیونکہ تنظیم اس وقت سرگرم تو ہے نہیں۔ انہیں کوئی ثبوت دینا چاہیے کہ آخر جماعت نے کس کو فنڈنگ کی ہے اور کہاں دیا ہے؟ جماعت 1997 سے یہ مسلسل کہتی رہی ہے کہ ہمارا عسکریت پسندی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ جماعت اسلامی کشمیر میں سماجی خدمات کا کام کرتی ہے اور زیادہ سے زیادہ مذہبی تبلیغ کے لیے جلسے جلوس کرتی تھی جو پابندی کے سبب سب بند پڑے ہیں۔کشمیر میں اس وقت زبردست خوف اور دہشت ہے۔ ہر ایک کو کم سے کم بنیادی آزادی کے حقوق ملنے چاہیں۔ ہر شخص کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے آزادانہ طور پر کام کرنے کی تو اجازت ہونی چاہیے۔ ہم کسی غیر قانونی کام کی بات نہیں کرتے ہیں۔
مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے مظالم ڈھانے کا سلسلہ تو گزشتہ پون صدی سے جاری ہے۔ اب کشمیریوں کے مذہبی، سیاسی اور انسانی حقوق کو دبانے کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں جن سے واضح ہوتا ہے کہ مودی سرکار بین الاقوامی قوانین اور عالمی اداروں کی طرف سے طے کردہ حدود و قیود کو بھی خاطر میں نہیں لا رہی۔ حال ہی میں بھارتی حکومت کی طرف سے کشمیریوں کی آواز دبانے کے لیے دو تنظیموں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے بھارتی حکام کی جانب سے عوامی ایکشن کمیٹی اور جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کو پانچ سال کے لیے غیر قانونی قرار دینے کی مذمت کی ہے۔ عوامی ایکشن کمیٹی کی قیادت ممتاز سیاسی اور مذہبی رہنما میر واعظ عمر فاروق کررہے ہیں جبکہ جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کی بنیاد ایک اور قابل ذکر سیاسی اور مذہبی رہنما مولانا محمد عباس انصاری نے رکھی تھی۔حالیہ فیصلے سے کالعدم کشمیری سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کی کل تعداد 16 ہو گئی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مختلف سیاسی جماعتوں اور تنظیموں پر پابندی لگانا کشمیر میں بھارتی حکام کے ظالم ہاتھوں سے چلنے والے رویے کا ایک اور مظہر ہے۔ یہ سیاسی سرگرمیوں اور اختلاف رائے کو دبانے کی خواہش کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ جمہوری اصولوں اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون کی سراسر بے توجہی کو بھی ظاہر کرتا ہے۔ بیان میں بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ کشمیری سیاسی جماعتوں پر عائد پابندیاں ہٹائے۔ تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے اور جموں و کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر ایمانداری سے عمل درآمد کروائے۔
مودی سرکار ہر اس آواز کو دبانا چاہتی ہے جو کشمیر اور مسلمانوں کے حق میں بلند ہوتی ہو۔ مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں مسلمانوں کی ہر قسم کی آزادی سلب کی جا چکی ہے۔ انھیں نہ مذہبی آزادی حاصل ہے نہ سیاسی۔ عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو بھارت کے یہ مظالم کیوں نظر نہیں آتے؟
مقبوضہ جموں و کشمیر میں نریندر مودی اور امیت شاہ کی قیادت میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی ہندوتوا حکومت سیاسی اور سماجی کارکنوں پر چھاپوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے علاقے میںجماعت اسلامی اور دیگر فلاحی تنظیموں سے وابستہ تقریبا 100مزید تعلیمی اداروں اور جائیدادوں کو سیل کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
٭٭٭