اقتصادی مشاورتی کونسل کا اجلاس، حکومتی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار
اشاعت کی تاریخ: 19th, February 2025 GMT
اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت اقتصادی مشاورتی کونسل کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں حکومتی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا اور ملک کی مستحکم معیشت اور ترقی کے مثبت رجحانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرِاعظم نے اجلاس میں شریک ماہرین اور حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ معاشی استحکام کسی فرد واحد کی نہیں، بلکہ پوری ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت معیشت کی پائیدار ترقی، صنعت، زراعت، آئی ٹی اور برآمدات کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ حکومت برآمدات کو بین الاقوامی مارکیٹ میں مزید مسابقتی بنانے، خطے میں تجارت کے فروغ کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے، ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کی بہتری اور انٹرنیٹ کی دور دراز علاقوں تک رسائی یقینی بنانے، ڈیجیٹل کرنسی کو ریگولیٹ کرنے کے لیے مشاورت جاری رکھنے اور گرین ڈیٹا سینٹرز کے قیام پر کام تیز کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
اجلاس میں شریک کاروباری برادری اور ماہرین نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مستحکم اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ قیمتوں میں استحکام کے باعث پیداوار میں اضافہ ہورہا ہے، اسمگلنگ کی روک تھام سے برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی بار ادارہ جاتی اصلاحات پر سنجیدگی سے عملدرآمد شروع کیا ہے اور وزیرِاعظم کی کاروباری برادری اور اسٹیک ہولڈرز سے مسلسل مشاورت خوش آئند ہے۔
اجلاس میں جہانگیر خان ترین، ثاقب شیرازی، شہزاد سلیم، مصدق ذوالقرنین، ڈاکٹر اعجاز نبی، آصف پیر، زید بشیر اور سلمان احمد سمیت کئی اقتصادی ماہرین، کاروباری شخصیات اور وفاقی وزراء نے شرکت کی۔ وزیرِاعظم نے اجلاس میں دی گئی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ کونسل ممبران کے ساتھ مل کر ایک جامع حکمتِ عملی مرتب کریں تاکہ ان سفارشات کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: اجلاس میں
پڑھیں:
وزیر اعظم کی اسلام آباد بار، پنجاب بار کونسل کے انتخابات میں انڈیپینڈنٹ گروپ کی برتری پر مبارک باد
وزیراعظم شہباز شریف نے انڈیپینڈنٹ گروپ اور اس کے سربراہ احسن بھون کو اسلام آباد بار کونسل اور پنجاب بار کونسل کے انتخابات میں واضح برتری پر مبارک باد دیتے ہوئے جیتنے والے تمام وکلا کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک جاری بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ وکلاء برادری جمہوریت کی مضبوطی، انصاف کو یقینی بنانے اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ نو منتخب نمائندے دیانتداری، پیشہ ورانہ مہارت اور معاشرے کے لئے ذمہ داری کے گہرے احساس کے ساتھ اپنی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے آپ عدلیہ اور قانون کی سر بلندی کے لیے بھی اپنا اہم کردار ادا کرتے رہیں گے، وزیرِ قانون وکلا کے مسائل کے حل کے لیے سرگرم عمل ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وکلا برادری کے مسائل کے حل کے لیے وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ مسلسل کوشاں اور ان سے رابطےمیں رہتے ہیں، وکلا برادری نے سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر اصولی مؤقف اپنایا، اصول پر ووٹ دینے کا ثمر کامیابی کی صورت میں ملا۔