WE News:
2025-07-26@09:28:29 GMT

شعر اک مشغلہ تھا قاصؔر کا

اشاعت کی تاریخ: 20th, February 2025 GMT

غلام محمد قاصؔر کی مشہور نظم ’سمیتا پاٹل‘ کی تخلیقی کہانی بہت پراسرار ہے۔ یہ نظم جس صبح مکمل ہوئی اسی شام سمیتا پاٹل کا انتقال ہو گیا تھا۔ پیرا سائیکالوجی میں ایسے واقعات کو Precognition کہا جاتا ہے، یعنی آئندہ واقعات کی پہلے سے خبر ہو جانا۔

قاصؔر گورنمنٹ کالج درہ آدم خیل میں بطور معلم تعینات تھے اور روزانہ پشاور سے پبلک ٹرانسپورٹ پر وہاں آیا جایا کرتے تھے۔ کئی روز سے راستے میں ایک خاص مقام (بڈھ بیر کے آس پاس) پر انہیں آمد ہوتی لیکن نظم مکمل نہیں ہو رہی تھی۔ پھر ایک روز اسی مقام پر ان کی گاڑی خراب ہو گئی۔ قریب ہی ویران جگہ پر ایک زیارت تھی، قاصؔر نے وہاں فاتحہ پڑھی تو انہیں لگا جیسے گھنٹیاں بجنے لگی ہیں، پھر اسی کیفیت میں نظم مکمل ہوئی جبکہ گاڑی بھی سفر کے لیے تیار تھی:

دل کے مندر میں خوش بو ہے لوبان کی، گھنٹیاں بج اٹھیں، دیوداسی تھی وہ
کتنے سرکش اندھیروں میں جلتی رہی، دیکھنے میں تو مشعل ذرا سی تھی وہ
نور و نغمہ کی رم جھم پھواروں تلے، مسکراتی ہوئی اِک اداسی تھی وہ
پانیوں کی فراوانیوں میں رواں اس کی حیرانیاں، کتنی پیاسی تھی وہ

حسن انساں سے فطرت کی سرگوشیاں گھل گئیں تیرے لہجے کی جھنکار میں
فن کی تکمیل سچا سراپا ترا ، بے زبانی کو لایا جو اظہار میں
مدتوں تک نمائش کی خواہش رہی، زندگی تب ڈھلی تیرے کردار میں
جو تھی زندہ محبت کی بنیاد پر وقت نے چن دیا اس کو دیوار میں

دھوپ ہر روپ میں، ریت ہر کھیت میں، فصلِ جذبات پر خشک سالی رہے
دو گھڑی دل کسی کے خیالوں میں گم اور پھر عمر بھر بے خیالی رہے
آئنہ اب ترستا رہے عکس کو اور نظر روشنی کی سوالی رہے
میرے حصے کا یہ آنکھ بھر آسماں جگمگاتے ستاروں سے خالی رہے

اس غیر معمولی واقعہ کی تفصیلات پروفیسر سہیل احمد (شعبہ اردو پشاور یونیورسٹی) کے ایم فل کے تحقیقی مقالے (غلام محمد قاصؔر: فن اور شخصیت) میں موجود ہیں۔ معروف شاعر سجاد بابر مرحوم اور قاصؔر کے آخری ایام کے معالج ڈاکٹر علی رضوی بھی راوی ہیں کہ وہ یہ واقعہ قاصؔر کی زبانی سن چکے ہیں۔

تشنگی اور تشفی کی ملی جلی کیفیت میں، عزیز شاعر قاصؔر کے صاحبزادے عماد قاصر سے رابطہ کیا تو انہوں نے مزید حیران کن تفصیلات سے آگاہ کیا۔ قاصؔر اسکول پہنچے تو آدھی چھٹی کے وقت اپنے دوست اور کیمسٹری کے معلم منیر حسین شاہ کو نظم سنائی، جو صاحبِ کشف بھی تھے۔ انہوں نے نظم سنتے ہی آنکھیں کھولیں اور کہا کہ یہ تو آپ کی پسندیدہ اداکارہ سمیتا پاٹل کا نوحہ ہے۔

قاصؔر نے کہا کہ سمیٹا پاٹل تو حیات ہیں؟ منیر حسین شاہ نے پھر یہی کہا کہ یہ سمیٹا پاٹل کا نوحہ ہے اور کمرے سے نکل گئے۔ قاصؔر اس روز گھر پہنچے تو حیران کن خبر ان کی منتظر تھی کہ بھارتی آرٹ فلموں کی معروف اداکارہ سمیٹا پاٹل (17 اکتوبر 1955 – 13 دسمبر 1986) دورانِ زچگی زندگی کی بازی ہار گئیں۔ قاصؔر نے وہ ورق نکالا جس پر نظم تحریر تھی، اسے ’سمیٹا پاٹل‘ کا عنوان دیدیا۔

’شعر اک مشغلہ تھا قاصرؔ کا
اب یہی مقصد حیات بنا‘

آج غلام محمد قاصؔر کی 26ویں برسی ہے۔ وہ 4 ستمبر 1941 کو ڈیرہ اسماعیل خان کے دور افتادہ گاؤں پہاڑ پور میں پیدا ہوئے۔ آنکھیں کھولیں تو باپ کا سایہ سر پر نہ تھا۔ ماں نے انتہائی غربت اور کسمپرسی میں پرورش کی اور تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا۔ قاصؔر کہتے تھے’میری پرورش ایسے قصبے میں ہوئی جہاں ریل گاڑی تو اب بھی نہیں۔ ہمارے زمانہ طالب علمی تک وہاں بجلی بھی نہیں تھی۔ پہاڑ پور ہائی اسکول سے میٹرک کیا پھر وہیں ملازمت شروع کردی۔ ملازمت کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ طور پر ایم اے اردو کیا۔

قاصؔر نے اس دوران پاکستان ریلوے لاہور، شعبہ آڈٹ میں بھی دو برس تک خدمات انجام دیں۔ پھر فیڈرل پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کرکے مردان میں لیکچرر تعینات ہوگئے۔ بطور مدرس پشاور، درہ آدم خیل، پشاور، طورو اور پبی میں خدمات انجام دیں۔ ٹیکسٹ بک بورڈ پشاور کے لیے مختلف سطح پر نصاب بھی مرتب کیا۔ پی ٹی وی پشاور کے لیے بیش بہا خدمات ہیں، باالخصوص ڈرامہ ’تلاش‘ اور ’بھوت بنگلہ‘ سنگ میل ہیں۔

قاصؔر کہتے تھے کہ ’میری شاعرانہ تربیت میں ہیمنت کمار، نوشاد اور شنکر جے کشن کی موزوں کی ہوئی دھنوں نے اہم کردار ادا کیا۔ کم عمری میں شاعری کی جو اولین کوششیں کیں وہ فلمی دھنوں پر سرائیکی یا اردو میں اہل بیت کے فضائل و مصائب کے بیان پر مشتمل ہیں۔ قاصؔر کا پہلا مجموعہ ’تسلسل‘ 1977، دوسرا ’آٹھواں آسماں بھی نیلا ہے‘ 1988 اور تیسرا مجموعہ ’دریائے گماں‘ 1997 میں شائع ہوا۔

20 فروری 1999 کو قاصؔر، کینسر جیسے موذی مرض کے ہاتھوں پشاور میں زندگی کی بازی ہار گئے۔ قاصؔر اپنی شاعری کی بدولت ہمیشہ اردو دنیا میں زندہ و جاوید رہیں گے۔ قابل تحسین بات یہ ہے کہ ان کی اہلیہ سلمیٰ قاصر اور بچوں عماد، عدنان اور نیلم نے ان کی میراث پر کڑا پہرہ دیا۔ 2009 میں قاصؔر کی کلیات ’اِک شعر ابھی تک رہتا ہے‘ اور مذہبی کلام ’سرِ شاخِ یقین‘ کی اشاعت ان ہی کی مرہونِ منت ہے۔

1988 میں قاصؔر کا دوسرا شعری مجموعہ ’آٹھواں آسماں بھی نیلا ہے‘ منظر عام پر آیا تھا، انہوں نے اس کا پیش لفظ ’پس منظر‘ لکھا تھا جو بوجوہ شائع نہیں کیا جا سکا تھا جو ’رنگ ادب‘ کے غلام محمد قاصؔر نمبر میں 2022 میں بعد از وفات شائع ہوا۔ قاصؔر کی یہ تحریر بطور نقاد ایک اہم دستاویز ہے۔

قاصؔر لکھتے ہیں کہ ’ہمارے علاقے میں کسی کو پاگل کتا کاٹ لے تو اس کا علاج ٹوٹکوں سے کیا جاتا ہے اور جب ہائیڈرو فوبیا کی علامات ظاہر ہوتی ہیں تو ’معالج‘ کہتا ہے اب اس پر نیلا کپڑا ڈال دو، اس کے بعد مریض انتہائی اذیت سے مر جاتا ہے۔ میڈیکل سائنس کی تازہ اطلاع ہے کہ کاٹنے کی صورت میں ہر کتے کو پاگل تصور کیا جائے۔ بہرحال لگتا ہے کہ ہم میں سے اکثر لوگ سگ گزیدہ ہیں جن میں سے کسی کو نفسانی خواہشات نے کاٹا ہے اور کسی کو ہوس زر کے باؤلے کتے نے، اور ہم سب پر آسمان کی نیلی چادر ڈال دی گئی ہے۔ دیکھیں اس ردائے نیلگوں کے نیچے ہم کب تک ایڑیاں رگڑتے ہیں۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

مشکور علی

اک شعر ابھی تک رہتا ہے شعر اِک مشغلہ تھا قاصؔر کا غلام محمد قاصر قاصر مشکورعلی.

ذریعہ: WE News

کلیدی لفظ: شعر ا ک مشغلہ تھا قاص ر کا غلام محمد قاصر مشکورعلی غلام محمد قاص ر قاص ر کی قاص ر کا کے لیے تھی وہ

پڑھیں:

بدامنی کیخلاف جماعت اسلامی کا 30 جولاِئی کو پشاور میں امن جرگہ منعقد کرنیکا اعلان

اس موقع پر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت صوبہ خیبر پختونخوا کا سب سے بڑا مسئلہ قیام امن کا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی نے صوبہ خیبرپختونخوا میں جاری بدترین بدامنی کے خلاف معاشرے کے تمام طبقات سے مشاورت کے لئے 30 جولائی کو پشاور میں دہ امن غگ کے نام سے امن جرگہ منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امن جرگہ کے حوالے سے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا وسطی کے صوبائی میڈیا سیل کے زیراہتمام مرکز الاسلامی میں سوشل میڈیا کے ضلعی ذمہ داران کا اہم اجلاس نائب امیر صوبہ میاں صہیب الدین کاکاخیل کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر میڈیا احمد فرقان خلیل، صوبائی سیکرٹری اطلاعات نورالواحد جدون، سوشل میڈیا انچارج صداقت محمود سمیت اضلاع کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں امن مارچ کی کامیابی کے لئے صوبہ بھر میں سوشل میڈیا ٹیموں کو منظم کر کے گراس روٹ لیول پر انتظامات کی منصوبہ بندی کی گئی۔

اس موقع پر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت صوبہ خیبر پختونخوا کا سب سے بڑا مسئلہ قیام امن کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت معاشرے کا ہر فرد بدامنی سے براہ راست متاثر ہے اور کاروبار ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو درپش مسائل کی اصل وجہ صوبے میں جاری بدامنی ہے۔ جماعت اسلامی 30 جولائی کو گل مکئی شادی ہال نزد نادرن بائی پاس میں امن جرگہ منعقد کرے گی، جس سے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین و کارکنان سمیت  علمائے کرام، وکلا، تاجر برادری، چیمبر آف کامرس کے نمائندوں، صحافیوں سمیت معززہن شہر کثیر تعداد میں شریک ہوں گے۔ امن جرگہ سے امیر جماعت اسلامی پاکستان انجینر حافظ نعیم الرحمٰن خصوصی خطاب کریں گے۔

متعلقہ مضامین

  • بدامنی کیخلاف جماعت اسلامی کا 30 جولاِئی کو پشاور میں امن جرگہ منعقد کرنیکا اعلان
  • پشاور کو ملکی سطح پر بہترین اور خوبصورت دارالخلافہ بنائیں گے: علی امین گنڈاپور
  • پشاور سے کوئٹہ جانیوالی جعفر ایکسپریس کو سکیورٹی خدشات پر سبی ریلوے اسٹیشن پر روک لیا گیا
  • پشاور میں پی ٹی آئی کی آل پارٹیز کانفرنس؛ تمام جماعتوں نے بائیکاٹ کر دیا
  • پشاور سمیت دیگر شہروں میں موسلادھار بارش، ندی نالوں میں طغیانی، 3 افراد زخمی
  • پشاور؛ گاڑی نے خاتون کو کچل دیا، ملزم گرفتار