بجلی ذخیرہ کرنے کی کوششوں میں اہم سنگِ میل عبور
اشاعت کی تاریخ: 28th, February 2025 GMT
سائنس دانوں نے جوہری فضلے کو بجلی میں بدلنے کی صلاحیت رکھنے والی نیوکلیئر بیٹری بنا کر توانائی کو ذخیرہ کرنے کی کوششوں میں ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔
امریکا میں سائنس دانوں کی ایک ٹیم نے نیکسٹ جنریشن بیٹری کو ایک پروٹوٹائپ ڈیوائس کے ساتھ پہلے ہی آزما چکی ہے جو مناسب مقدار میں نیوکلیئر تابکاری اکٹھا کر کے مائیکرو چپس کو توانائی دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
نیوکلیئر بیٹریوں کو برسوں تک چارجنگ یا مرمت کے بغیر بجلی بنانے کی ممکنہ صلاحیت کے لیے جانا جاتا ہے۔
اوہائیو اسٹیٹ یونیورسٹی کے محققین کی جانب سے بنائی یہ جدید بیٹری استعمال شدہ نیوکلیئر ایندھن سے گیما شعاعوں کو اکٹھا کر کے سِنٹیلیٹر کرسٹلز کا استعمال کرتے ہوئے روشنی میں بدلتی ہے۔ بعد ازاں سولر سیلز کی مدد سے روشنی کو بجلی میں بدل دیا جاتا ہے۔
تحقیق کے سربراہ اور یونیورسٹی کے پروفیسر ریمنڈ کاؤ کا کہنا تھا کہ اس سے کچھ ایسا اکٹھا کیا جا رہا ہے جس کو فضلا سمجھا جاتا تھا اور اس کو خزانے میں بدلا جا رہا ہے۔
یہ تحقیق جرنل آپٹیکل مٹیریلز: ایکس میں شائع ہوئی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
واٹس ایپ گروپس میں فحش مواد دکھا کر بلیک میلنگ، نیشنل سرٹ نے الرٹ جاری
ملک بھر میں سوشل میڈیا کے ذریعے فراڈ اور بلیک میلنگ کے کیسز میں خطرناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں جعلی ملازمت، فری لانسنگ اسکیمز، اور ہنی ٹریپ کے ذریعے شہریوں کو واٹس ایپ گروپس میں شامل کر کے فحش مواد دکھا کر بلیک میل کیا جا رہا ہے۔
نیشنل سائبر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم (سرٹ) نے اس حوالے سے ایک ہنگامی سائبر الرٹ جاری کیا ہے۔ ایڈوائزری کے مطابق، یہ گروہ خصوصاً نوجوانوں، طلبہ اور فری لانسرز کو نشانہ بنا رہے ہیں، جنہیں ملازمت یا فری لانسنگ کے جھوٹے دعوے کر کے گروپس میں شامل کیا جاتا ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ متاثرین کو پہلے گروپس میں شامل کیا جاتا ہے جہاں فحش مواد دکھایا جاتا ہے، جس کے بعد انہیں بلیک میل کیا جاتا ہے۔ مجرم خود کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جعلی اہلکار ظاہر کر کے متاثرہ افراد سے 10 سے 15 لاکھ روپے تک کی رقم طلب کرتے ہیں۔
سرٹ کے مطابق ان وارداتوں میں ملوث عناصر سوشل میڈیا پروفائلز، گروپ سرگرمیوں اور دیگر آن لائن رویوں کی بنیاد پر افراد کو ٹارگٹ کرتے ہیں۔ یہ جعلی ریکروٹرز اور گروپ ممبرز فری لانسنگ کے پرکشش مواقع کا جھانسہ دے کر اعتماد حاصل کرتے ہیں۔
نیشنل سرٹ نے شہریوں کے لیے احتیاطی تدابیر جاری کرتے ہوئے درج ذیل ہدایات دی ہیں:
واٹس ایپ اور سوشل میڈیا پر اپنی پرائیویسی سیٹنگز محدود کریں۔
کسی بھی غیر مصدقہ ملازمت یا فری لانسنگ آفر سے ہوشیار رہیں۔
صرف قابل اعتماد پلیٹ فارمز پر ہی فری لانسنگ مواقع تلاش کریں۔
کسی بھی گروپ میں فحش مواد نظر آئے تو فوری طور پر گروپ چھوڑ دیں۔
اگر آپ کو کسی قسم کی بلیک میلنگ یا مشتبہ سرگرمی کا سامنا ہو تو فوراً نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی، پی ٹی اے یا نیشنل سرٹ کو رپورٹ کریں۔
یہ الرٹ شہریوں کو آگاہ کرنے کے لیے جاری کیا گیا ہے تاکہ وہ اس جدید اور خطرناک سائبر فراڈ سے خود کو بچا سکیں۔ باشعور رہیں، محتاط رہیں، اور مشتبہ سرگرمیوں کو نظر انداز نہ کریں۔
Post Views: 5