مولانا حامد الحق سے خودکش حملہ آور سیڑھیوں کے قریب ملا، اعضاء نادرا روانہ
اشاعت کی تاریخ: 1st, March 2025 GMT
اسکرین گریب
نوشہرہ میں گزشتہ روز دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں ہونے والے دھماکے کے خودکش حملہ آور کے اعضاء کے نمونے شناخت کے لیے نادرا کو بھیج دیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی ٹیموں نے مختلف مقامات سے سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر لی ہیں۔
مولانا حامد الحق مسجد سے گھر کے لیے نکلے تو سیڑھیوں کے قریب حملہ آور ان سے ملا، خودکش حملہ آور سیڑھیوں تک کیسے پہنچا؟ تفتیشی ٹیمیں کھوج لگا رہی ہیں۔
گزشتہ روز خودکش حملے میں شہید ہونے والے جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا حامد الحق کو ان کے مرحوم والد مولانا سمیع الحق کے پہلو میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختون خوا ذوالفقار حمید نے ’جیو نیوز‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دارالعلوم حقانیہ خودکش حملے کی تحقیقات 3 زاویوں سے جاری ہیں۔
ذوالفقار حمید کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی سمیت مختلف ادارے تیزی سے تحقیقات کر رہے ہیں، حملے میں ملوث دہشت گردوں کو ہر صورت گرفتار کر کے سزا دلائی جائے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس واقعے کے بعد خیبر پختون خوا میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نوشہرہ کے دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں ہوئے خودکش دھماکے میں مولانا سمیع الحق کے صاحبزادے مولانا حامدالحق حقانی سمیت 8 افراد شہید اور 16 زخمی ہو گئے تھے۔
جمعیت علمائے اسلام س کے سربراہ مولانا حامدالحق حقانی کو آج نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد ان کے والد مولانا سمیع الحق کے پہلو میں سپردِ خاک کر دیا گیا ہے۔
شہید مولانا کی نماز جنازہ ان کےصاحبزادے مولانا صاحبزادہ عبد الحق ثانی نے پڑھائی۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: مولانا سمیع الحق کے مولانا حامد الحق حملہ آور
پڑھیں:
قلات: سڑک کنارے نصب آئی ای ڈی دھماکا، 4 افراد جاں بحق
قلات (نیوز ڈیسک )بلوچستان کے ضلع قلات میں سڑک کنارے نصب آئی ای ڈی دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار خواتین اور بچے سمیت 4 افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق لیویز ذرائع نے بتایا کہ کبوتو کے مقام پر سڑک کنارے نصب آئی ای ڈی کا دھماکا ہوا، دھماکے سےگاڑی مکمل تباہ ہوگئی۔
ذرائع لیویز کے مطابق دھماکے میں گاڑی میں سوار 2 خواتین اور بچے سمیت چار افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ پانچ افراد زخمی ہوگئے۔
مزید بتایا کہ دھماکے میں جاں بحق افراد کی لاشیں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کرکے پانچ زخمیوں کو کوئٹہ کے ہسپتال میں ریفر کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل آج حساس اداروں نے بلوچستان کے ضلع نوشکی میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 4 خودکش جیکٹس برآمد کر لی تھیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق حساس اداروں نے خفیہ اطلاع پر بائی پاس روڈ نزد ڈی سی ہاؤس سے خودکش جیکٹس برآمد کی تھیں، جنہیں بڑے تھیلے میں رکھ کر ریڈ زون میں کچروں کے اندر چھپایا گیا تھا۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے خودکش جیکٹس کو ناکارہ بنا دیا گیا تھا۔