بلوچستان سیاسی و سماجی قیادت کیلئے غیر محفوظ ہو چکا ہے، اسرار زہری
اشاعت کی تاریخ: 3rd, March 2025 GMT
اپنے بیان میں بی این پی عوامی کے رہنماء اسرار زہری نے کہا کہ بلوچستان میں حکومتی رٹ تقریبا ختم ہو چکی ہے۔ عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں، جبکہ حکمرانوں کی بے حسی اپنی انتہاء کو پہنچ چکی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے مرکزی صدر اسرار اللہ زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بگڑ رہی ہے۔ جو قابل تشویش ہے۔ حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ اپنے جاری بیان میں انہوں نے جھالاوان میں قبائلی و سیاسی رہنماؤں کے خلاف بڑھتے ہوئے پرتشدد واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطہ سیاسی و سماجی قیادت کے لئے غیر محفوظ ہو چکا ہے۔ جے یو آئی کے رہنماء وڈیرہ غلام سرور موسیانی پر حملے میں انکی جان کے ضیاع پر شدید افسوس ہوا۔ ان کا قتل ناقابل تلافی نقصان ہے۔ اسرار زہری نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں حکومتی رٹ تقریبا ختم ہو چکی ہے۔ عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں، جبکہ حکمرانوں کی بے حسی اپنی انتہاء کو پہنچ چکی ہے۔ دہشت گردی، چوری اور ڈکیتی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر حکام کی خاموشی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وڈیرہ غلام سرور موسیانی اور مولوی امان اللہ موسیانی کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔ بصورت دیگر حالات مزید خراب ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوگی۔
.ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
فیلڈ مارشل عاصم منیر کی چین میں اعلی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں، مستقل حمایت پر اظہار تشکر
فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے دورۂ چین میں اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں، جس میں چین کی جانب سے پاکستان کی مستقل حمایت کرنے پر اظہار تشکر کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سپہ سالارِ پاکستان، فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے عوامی جمہوریہ چین کا اہم سرکاری دورہ کیا، جس میں انہوں نے چین کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ یہ ملاقاتیں پاکستان اور چین کے درمیان آہنی اسٹریٹیجک شراکت داری کے عزم کو مزید مستحکم کرنے کا باعث بنیں گی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چینی نائب صدر ہان ژینگ اور وزیر خارجہ وانگ ژی سے علیحدہ ملاقاتیں کیں، جن میں خطے اور عالمی سیاسی منظرنامے کی بدلتی صورتِ حال، چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت روابط کے منصوبے اور مشترکہ جیوپولیٹیکل چیلنجز سے نمٹنے کی مربوط حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقاتوں میں فریقین نے دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے خودمختاری، کثیرالجہتی تعاون اور علاقائی استحکام کے لیے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ چینی قیادت نے جنوبی ایشیا میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کے کلیدی کردار اور پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
عسکری سطح پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چین کے جنرل ژانگ یوشیا (وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن)، جنرل چن ہوئی (سیاسی کمشنر، پی ایل اے آرمی) اور لیفٹیننٹ جنرل کائی زائی جن (چیف آف اسٹاف، پی ایل اے آرمی) سے اہم بات چیت کی۔
پی ایل اے ہیڈکوارٹرز آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جو دونوں افواج کے درمیان دیرینہ اور مستحکم تعلقات کی علامت تھا۔
ان ملاقاتوں میں دفاعی و سکیورٹی تعاون، انسداد دہشتگردی کی مشترکہ کوششوں، دوطرفہ مشقوں، دفاعی ٹیکنالوجی میں جدت اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مستحکم کرنے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملاقاتوں میں ہائبرڈ خطرات اور سرحد پار چیلنجز سے نمٹنے کے لیے آپریشنل ہم آہنگی اور اسٹریٹیجک تعاون کو بڑھانے پر خصوصی زور دیا گیا۔
چینی عسکری قیادت نے پاکستان کے ساتھ دفاعی شراکت داری پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے علاقائی امن میں پاکستان کے کلیدی کردار کو تسلیم کیا جب کہ آرمی چیف نے چین کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے پاکستانی عزم کا اعادہ کیا۔
فیلڈ مارشل کا دورہ پاکستان اور چین کے درمیان گہرے سیاسی و عسکری تعلقات کا عکاس ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے دونوں ممالک کے قریبی رابطے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔