مریم نواز کا دورہ میوہسپتال، بدانتظامی، شکایات پر سخت سرزنش، سی ای او، ایم ایس فارغ
اشاعت کی تاریخ: 7th, March 2025 GMT
لاہور(نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے میو ہسپتال کے سی ای او، ایم ایس (سی او او) کو عوامی شکایات پر عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ نے میو ہسپتال کا دورہ کیا۔ مریضوں نے مریم نواز کے سامنے ادویات نہ ملنے، گندگی اور دیگر امور کے بارے میں شکایات کے انبار لگا دیئے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے میوہسپتال انتظامیہ کی سخت سرزنش کی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ مخلوق رُل رہی ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں۔ کیا اللہ کو جواب نہیں دینا، میوہسپتال کے حالات بہت برے ہیں۔ لوگ ہسپتال میں علاج کی توقع اور امید لیکر آتے ہیں۔ کس وارڈ میں کیا ہو رہا ہے، ہسپتال انتظامیہ کو علم ہی نہیں۔ جو عوام کے ساتھ ہورہا ہے ذمہ داروں کے اپنوں کے ساتھ ہو تو پتہ چلے۔ کسی کی بد انتظامی کی سزا عوام کو کیوں ملے۔ میو ہسپتال میں زیر علاج مریضوں اور لواحقین نے سرنج، برنولا وغیرہ تک نہ ملنے اور کارڈیالوجی وارڈ میں کیڑے مکوڑے پائے جانے اور دیگر شکایات پر مریم نواز نے مزید برہمی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے رُک کر انتظار گاہ اور راستے میں کھڑے مریضوں اور لواحقین کی شکایات سنیں۔ ایک معصوم بچی نے بتایا کہ ماں بیمار ہے، رات بھر دوائیوں کیلئے بھاگ بھاگ کر تھک گئی ہوں، معصوم بچی کی بات سن کر مریم نواز نے میو ہسپتال انتظامیہ پر شدید ناراضی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے دورہ کے دوران ہی میو ہسپتال میں ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔ میو ہسپتال کے امور کے بارے میں تفصیلی انکوائری کی اور تمام ذمہ داروں سے جواب طلب کیا۔ ٰ مریم نواز نے میڈیسن کے واجبات کی ادائیگی کے لئے فوری اقدامات کا حکم دیا اور میو ہسپتال میں ادویات کی100 فیصد فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور سیکرٹری ہیلتھ کو ذمہ داروں کی تعین کرکے کارروائی کا حکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ نے میو ہسپتال کی تعمیر و مرمت کا جامع پلان طلب کر لیا۔ سٹور میں ادویات، سرنج،برنولا اور دیگر اشیاء کی فراہمی بھی چیک کرائی۔ میو ہسپتال ایمرجنسی بلاک، آئی سی یو، کارڈیالوجی اور دیگر وارڈ زکا جائزہ بھی لیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور جلد صحت یابی کی دعائیں کیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو لوگ جگہ جگہ روک کر اپنے مسائل اور شکایات سے آگاہ کرتے رہے۔ وزیراعلیٰ نے سٹاف کو موقع پر ازالے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سندھ سے آئے میاں بیوی کی شکایت سنیں اور فوری ازالہ کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے گردے کے مرض میں مبتلا بچی کی ماں کی اپیل پر فوری ٹرانسپلانٹ کیلئے اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے گوجرانوالہ سے علاج کیلئے آنے والی زخمی خاتون کو گلے لگا کر تسلی دی اور بہترین علاج کی ہدایت کی۔ وارڈز میں مریضوں کے علاج کے عمل کا مشاہدہ کیا۔ ہسپتال کے مختلف وارڈزمیں صفائی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور غیر تسلی بخش قراردیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت ہیلتھ سے متعلق خصوصی اجلاس پنجاب بھر میں دیہی مراکز صحت کی آؤٹ سورسنگ کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ڈویژنل لیول پر ہر مرض کے علاج کے لئے میڈیکل سٹی بنانے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ ہر ضلع کی سطح پر برن یونٹ،کارڈیک سنٹراور چلڈرن وارڈ بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر لاہور رنگ روڈ کے اطراف میں میگا میڈیکل سٹی قائم کرنے کی تجویز پر غورکیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ مراکز صحت کا نظام ینگ ڈاکٹرزکے سپرد کرنے کے بعد مریضوں کی تعداد میں تین گنا تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ 225آر ایچ سی ری ویمپنگ مکمل ہونے کے بعد نئے شاندار کلینک میں بدل گئے۔ مراکز صحت کو مریضوں کے لئے ابتدائی ریفرل سنٹر بنایا جائے گا۔ مراکز صحت میں بڑے ہسپتالوں کے برابر طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ جنرل سرجری، گائنی،تشخیص، طبی ٹیسٹ اور دیگر سہولیات بھی میسر ہونگی۔ آر ایچ سی کی آؤٹ سورسنگ کے بعد نئے کلینک ہفتہ بھر 24گھنٹے کھلے رہیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے نوازشریف انسٹی ٹیوٹ آف سرگودھا کی او پی ڈی کو جون تک فنکشنل کرنے اور نوازشریف کینسر ہسپتال کو مقررہ مدت میں فعال کرنے کا حکم دیا۔ جناح ہسپتال پی آئی سی ٹو کو 30ستمبر تک فعال کرنے کی ہدایت کی اور بورڈ ز آف گورنر کی نامزدگی اور دیگر امور کی جلد تکمیل کا حکم بھی دیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کے 1147مراکز صحت میں سے 766کی ری ویمپنگ مکمل ہوچکی جبکہ 396محکمہ صحت کے سپرد کر دیئے گئے۔ پنجاب بھر کے او پی ڈی میں 6ارب 70کروڑ سے زائد کی مفت ادویات فراہم کی جا چکی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں 100فیصد بہتری لانا ہدف ہے۔ ہسپتالوں میں مناسب صفائی نا ہونا انتہائی افسوسناک اور تکلیف دہ امر ہے۔پسماندہ اور دوردراز علاقوں کے عوام کو بھی جدید ترین طبی سہولتوں کی ضرورت ہے۔ تمام ہسپتالوں میں ضرورت کے مطابق جدید ترین طبی آلات مرحلہ وار فراہم کررہے ہیں۔ڈاکٹروں اور سٹاف کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے پائیدار اقدامات کیے جارہے ہیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: مریم نوازشریف نے مریم نواز شریف نے میو ہسپتال مریم نواز نے کی ہدایت کی ہسپتال میں ہسپتال کے مراکز صحت اور دیگر شریف نے کے لئے کی اور کا حکم
پڑھیں:
مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب کار حادثے میں زخمی، ہسپتال منتقل
لاہور (نیوزڈیسک) پنجاب کی سینئر وزیر اور مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کی گاڑی کو لاہور کے ڈی ایچ اے فیز 5 میں حادثہ پیش آیا، جس سے ان کی آنکھ اور چہرے پر چوٹیں آئیں۔
اس وقت مریم کے ساتھ ان کی والدہ اور ایم این اے طاہرہ اورنگزیب بھی تھیں۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب چار گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں اور ان میں سے ایک مریم کی گاڑی سے ٹکرا گئی۔
پی ٹی آئی کی رہنما ،چیف آرگنائزر پنجاب عالیہ حمزہ کو رہا کر دیا گیا