صدر ایف پی سی سی آئی کا بجلی قیمتوں میں کمی کیلئے حکومت سے آئی ایم ایف کو قائل کرنے کا مطالبہ
اشاعت کی تاریخ: 9th, March 2025 GMT
صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی قرض پروگرام کی اگلی قسط کے لیے مذاکرات کی کامیابی کے لیے پرامید ہے، آئی ایم ایف مذاکرات پائیدار اور مستحکم معاشی ترقی کی بنیاد ثابت ہوں گے، بجلی قیمتوں میں کمی کیلئے آئی ایم ایف کو قائل کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے۔
صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری عاطف اکرام شیخ نے آئی ایم ایف سے جاری مذاکرات کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مذاکرات میں رئیل اسٹیٹ اور دیگر شعبوں کے لیے ٹیکس شرح میں کمی ترجیح ہونی چایئے۔
ان کا کہنا تھا کہ پالیسی سطح کے مذاکرات میں تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسز کا بوجھ کم کرنے پر بات کی جائے، بجلی قیمتوں میں کمی کیلئے آئی ایم ایف کو قائل کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے، آئی ایم ایف پروگرام سے ملک کو معاشی ترقی ملے گی اور سماجی خوشحالی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت اپنے قدموں پر کھڑی ہو رہی ،اب ہمارا ہدف معاشی نمو ہونا چاہیے، ہمارا ٹیکس کا نظام معیاری نہیں جو کاروبار کے چلنے میں بڑی رکاوٹ ہے، مہنگائی کی شرح 1 اعشاریہ 6 فیصد پر آچکی، پالیسی ریٹ میں بڑی کمی ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف مذاکرات پائیدار اور مستحکم معاشی ترقی کی بنیاد ثابت ہونگے ، بزنس کمیونٹی قرض پروگرام کی اگلی قسط کیلئے مذاکرات کی کامیابی کیلئے پرامید ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: آئی ایم ایف
پڑھیں:
سپر اسٹورز اور سپر مارکیٹوں میں برانڈڈ اشیا کی قیمتیں مقرر کرنے کا فیصلہ
کراچی:سندھ حکومت نے کراچی کے سپر اسٹورز اور سپرمارکیٹوں میں فروخت ہونے والی برانڈڈ اشیا کی قیمتیں مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق برانڈڈ اشیا کی تیاری کی لاگت اور منافع کے مارجن سے متعلق بھی ڈیٹا اکٹھا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں ڈائریکٹرجنرل بیورو آف سپلائی پرائسززاہد حسین شر کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں اعلی افسران کے ساتھ ساتھ کراچی کے سپراسٹورز اور سپر مارکیٹوں کےنمائندوں نے شرکت کی۔
ڈی جی بیورو آف سپلائی نے اجلاس کے شرکا سے ابت کرتے ہوئے کہا کہ کاروبار کرنے والے تمام ادارے بیورو آف سپلائی کے پاس اپنے گوداموں کا اندراج اور تجدید کرائیں گے۔ انہوں نے صارفین کے حقوق کے تحفظ اور اس حوالے سے صارف تحفظ ایکٹ پر عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ضروری اشیا کی قیمت کنٹرول،ذخیرہ اندوزی، منافع خوری روکنےاور کراچی میں تیار کردہ اوربرانڈڈ ضروری اشیا کی قیمتوں کے تعین کا اختیار دیا ہے۔ کراچی میں اگلے ماہ تمام برانڈڈ اشیا کی قیمتیں مقرر کردی جائیں گی۔
زاہد حسین شر کا کہنا تھا کہ اس سے قبل اشیا کی لاگت اور منافع کی شرح کے بارے میں تفصیلی معلومات جمع کی جائیں گی۔ انہوں نے قیمتوں کےمناسب ضابطے اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام کویقینی بنانے کی ہدایات جاری کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام اہل کراچی کو برانڈڈ اشیا مناسب قیمتوں پردستیاب کرانے اور مہنگائی پر قابو پانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔