سہراب سائیکل کے بانی اور مالک شیخ اکرم صاحب ارب پتی پاکستانی تھے جو بے بسی اور انتہائی کسمپرسی کی حالت میں چند روز قبل دنیا سے رخصت ہوئے۔ کہا جاتا ہے ان کی میت کئی دنوں تک ہسپتال میں بے گوروکفن پڑی رہی مگر اسے وصول کرنے کے لئے وارثین نہیں پہنچے۔ اپنی موت سے چار دن پہلے تک وہ ڈاکٹروں سے مسلسل التجا کرتے رہے کہ وہ نصیحت لکھنے کے لئے اپنے بچوں سے ملنا چاہتا ہیں مگر تمام ڈاکٹر اس کی درخواست کو مسلسل نظر انداز کرتے رہے۔ ڈاکٹروں نے اسے یہ نہیں بتایا کہ وہ اس کی اولاد کو اس بارے آگاہ کرتے رہے تھے مگر اس کے بچوں کو مرنے سے پہلے اپنے باپ کو دیکھنے کا کوئی شوق نہیں تھا کیونکہ وہ سب اپنے اپنے کاموں میں مصروف تھے۔ شیخ اکرم انتہائی نیک دل انسان تھے وہ یتیم بچیوں کی شادی کرواتے تھے اور درجنوں غریب گھروں کا خرچہ اٹھاتے تھے۔ ان میں سے بھی کسی کو معلوم نہ ہو سکا کہ وہ کس حالت میں ہیں۔ آخرکار یہ نیک دل باپ اپنی نصیحت لکھے اور اولاد کو آخری بار دیکھے بغیر آنکھوں میں آنسوئوں کی سسکیاں بھرتے بھرتے موت کے منہ میں چلا گیا، اور جن بچوں کے لئے ورثے میں باپ نے اربوں روپے کی جائیداد چھوڑی تھی وہ اپنے باپ کی آنکھوں پر آخری بار ہاتھ رکھنے کے لئے بھی میسر نہیں تھے۔
یہ حسرت بھری اور المناک موت ہماری ہر دوسری المیہ کہانی کا نتیجہ ہے جس کا آغاز غربت اور انجام امارت کی چاردیواری کے حبس میں ہوتا ہے۔ جب تک انسان کی صحت ہو اور دولت بھی ہو تو اس کے گرد درجنوں سینکڑوں لوگوں کا مجمع لگا رہتا ہے۔ لیکن کسی امیر آدمی کے مرنے کا جونہی وقت قریب آتا ہے تو اس کی اولاد اور رشتہ دار مرنے والے کو بھول کر اس کی جائیداد کا بٹوارہ کرنے میں مصروف ہو جاتے ہیں۔ یوں انسان کے رشتوں اور تعلقات کی حد فاصل بستر مرگ ہے جس پر پڑا انسان ساری دنیا کی دولت رکھنے کے باوجود بھی کسی کو اپنے پاس بلا سکتا ہے اور نہ ہی کوئی جتنا بھی پیارا ہو مرنے والے کے ساتھ جانے کو تیار ہوتا ہے۔
ہمارے سرمایہ داری زدہ معاشرے میں تو صورتحال اور بھی بدتر ہے کہ جہاں اخلاقی اقدار اور رکھ رکھائو کو بھی رسم و رواج اور دکھاوے میں بدل دیا گیا ہے۔ آپ شہروں یا دیہاتوں میں میت والے گھروں میں جا کر دیکھ لیں کہ ابھی میت گھر میں پڑی ہوتی ہے اور لواحقین اسے جلدی دفنانے کی تیاری کر رہے ہوتے کہ اس سے بدبو نہ آنے لگے مگر سوگواران اور اہل خانہ مہمانوں کے کھانے پینے کا بندوبست کرنا شروع کر دیتے ہیں اور ایسا نہ کیا جائے تو افسوس کرنے کے لئے آئے ہوئے دوست احباب طرح طرح کی باتیں بناتے ہیں اور طعنے تک دیتے ہیں کہ میت والے گھر میں اتنی بھی سکت نہیں ہے کہ وہ ڈھنگ سے مہمانوں کو کھلا پلا سکیں۔ بہت سی جگہوں پر اس مد میں سوگ کو شادی کی طرح منانے کے خلاف انتظامات کیے گئے ہیں جہاں کمیٹیاں بنائی گئی ہیں جو یہ سارا انتظام و انصرام کرتی ہیں۔
لیکن اصل بات یہ نہیں کہ ہمارے معاشرے میں کوئی کتنا امیر ہے یا وہ کس بری طرح غربت کی چکی میں پس رہا ہے۔ اس معاملے میں ہمارا اصل مسئلہ ہمارے ذہنی رجحان (مائنڈ سیٹ) کا ہے جس کی روشنی میں ہم لوگوں کے درمیان غربت اور امارت کے تفاوت کی لکیر کھینچتے ہیں۔ ہمارے معاشرے کے مقابلے میں ایسی طبقاتی سوچ یورپ یا دیگر ترقی یافتہ ممالک میں تقریبا مفقود ہے۔ یہ تہذیب یافتہ ممالک اسی وجہ سے ’’سوشل سٹیٹس‘‘ کہلاتی ہیں کہ وہاں کوئی غریب ہے یا نان نفقہ سے تنگ ہے تو ان ممالک کی حکومتیں ایسے شہریوں کو عزت کے ساتھ سرکاری گھر اور اسے چلانے کے لیئے ہفتہ وار رقم کی ادائیگی کرتی ہیں۔ وہاں ایک دوسرے کو کوئی یہ الزام نہیں دیتا کہ وہ سوشل بینیفٹس پر زندگی کیوں گزار رہا ہے کیونکہ اس طرح کے فوائد لینے والے شہری اپنی وہ رقوم وصول کر رہے ہوتے ہیں جو وہ پہلے ہی حکومت کو ٹیکس کی مد میں ادا کر چکے ہوتے ہیں۔ان ممالک میں آپ کو کوئی حادثہ پیش آ جاتا ہے یا آپ بیمار پڑ جاتے ہیں تو آپ کی تیمارداری اور نگہداشت کے لئے حکومت کے منظور شدہ سوشل ورکر فوری طور پر خدمت کے لئے آپ کے پاس پہنچ جاتے ہیں اور بعض دفعہ زخم یا بیماری وغیرہ کی صورت میں حکومت آپ کو اتنا کچھ دے دیتی ہے کہ اتنا آپ نے عمر بھر نہیں کمایا ہوتا ہے۔
سکندر اعظم کے بارے ایک محاورہ بڑا مشہور ہے کہ، ’’سکندر جب چلا جہاں سے دونوں ہاتھ خالی تھے۔‘‘ انسان پوری کائنات کا مالک بھی بن جائے مگر وہ مرتے وقت اپنے ساتھ کچھ نہیں لے جا سکتا۔ اسی لئے ترقی یافتہ ممالک میں لوگوں کو زیادہ دولت جمع کرنے کا لالچ ہوتا ہے اور نہ کم پیسہ ہونے کی وجہ سے ان کی عزت نفس مجروح ہوتی ہے۔ ہمارے ایشیائی لوگ امریکہ، یورپ، آسٹریلیا اور جاپان وغیرہ کا پاسپورٹ لینے کے لئے اسی معیار زندگی کی وجہ سے جدوجہد کرتے ہیں۔ دولت کی ہوس بذات خود ایک نفسیاتی بیماری ہے۔ ہمارے معاشرے میں شیخ اکرم جیسی امیرانہ مگر تکلیف دہ اذیت تب محسوس ہوتی ہے جب اتنا کچھ کما کر بھی آخر میں انسان اکیلا رہ جاتا ہے اور اس کے بلانے پر اس کی اولاد تک اس کے پاس آنے سے انکار کر دیتی ہے۔ اس لئے زندگی میں اتنا ہی کمائیں جس سے آپ کسی کے محتاج نہ ہوں اور آپ کی پہچان بن جائے یا اسے آپ کی اولاد جتنا ہضم کر سکے۔ اس کی دوسری صورت یہ ہے کہ دولت کے انبار لگانے اور جائیدادیں بنانے کی بجائے اپنا کمایا ضرورت مندوں اور دوستوں پر خرچ کریں تاکہ ایسی دولت کو سخاوت اور نیک اعمال کی شکل میں اپنے ساتھ اوپر لے جا سکیں۔
یہ پہلی کہانی نہیں جو ایک مرنے والے دولت مند آدمی کے ساتھ پیش آئی ہے۔ پاکستان کی بہت سی امیر فیملیوں کے ساتھ ایسے واقعات پیش آئے ہیں بلکہ ورثے میں ملنے والی زمینوں اور جائیداد پر بہت زیادہ لڑائیاں اور قتل و غارت بھی ہوتی ہے۔اس کے برعکس ترقی یافتہ تہذیبوں کے امیر ترین افراد بھی آپ نے اکثر دیکھا ہو گا کہ وہ سیکورٹی عملہ کے بغیر لائن میں لگ کر برگر خریدتے نظر آتے ہیں یا بستر مرگ تک پہنچنے تک وہ اپنی ساری یا آدھی دولت چیرٹی کے نام کر جاتے ہیں۔
ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: جاتے ہیں کی اولاد ہوتا ہے کے ساتھ ہوتی ہے کے لئے ہے اور
پڑھیں:
بانی پی ٹی آئی نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں اپنے حق میں کوئی شواہد پیش نہیں کیے۔ وفاقی وزیر اطلاعات
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے سانحہ میں ملوث ملزمان کے خلاف شواہد موجود تھے اور ان کے خلاف کارروائی کے لیے تمام ضروری معلومات اکٹھی کی گئی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے یہ معلوم ہو گیا تھا کہ ان واقعات میں کون ملوث تھا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےوزیر ِاطلاعات نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں بانی پی ٹی آئی نے اپنے حق میں کوئی شواہد پیش نہیں کیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ کہنا کہ "ہم ریاست مدینہ کی بات کر رہے تھے، اس لیے سزا ہو گئی" ایک بے بنیاد دعویٰ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کا تعلق مذہب یا ریاست مدینہ سے نہیں ہے بلکہ یہ ایک کرپشن کا کیس ہے جس میں شواہد کے مطابق کارروائی کی گئی ہے۔عطاء اللہ تارڑ نے بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اُن کا حق ہے کہ وہ مہم چلائیں، لیکن انہیں یہ قوم کو بتانا چاہیے کہ ان کے والد کو 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا ہوئی ہے۔ وہ جہاں جا رہے ہیں، وہاں لوگوں کو بتائیں کہ ہمارے والد کو 190 ملین پاونڈ کرپشن کیس میں سزا ہوئی ، وہ جس سے بھی ملیں تو یہ بتائیں کہ سیاسی نہیں بلکہ کرپشن کا کیس ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس ایک سیاسی کیس ہے، لیکن حقیقت میں یہ ایک کرپشن کیس ہے جس میں تمام شواہد موجود ہیں۔