وزیراعظم کا بجلی کی قیمتوں میں کمی کے ذریعے فائدہ عوام کو منتقل کرنے کا فیصلہ
اشاعت کی تاریخ: 16th, March 2025 GMT
لاہور (نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رکھتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا بڑا فائدہ عوام کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا کہ بجلی کے نرخوں میں کمی کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت ایک پیکج تیار کیا جا رہا ہے جس کا اعلان آئندہ چند ہفتوں میں کر دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ریلیف پیکج سے بجلی کے نرخوں میں کمی ہوگی اور مہنگائی کی شرح میں مزید کمی آئے گی۔
لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرپٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو ہرممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور وزیراعظم جلد بجلی صارفین کی سہولت کیلئے جامع ریلیف پیکج پیش کریں گے جب کہ بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی ایک یا دو مہینے کے لیے نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے انتہائی تندہی سے کام کر رہے ہیں، شہباز شریف نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچالیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے مجھے پیٹرولیم کی وزارت دینے کے ساتھ حکم دیا تھا کہ عوام کو گیس کی لوڈشیڈنگ کی تکلیف پیدا نہ ہو۔
مزیدپڑھیں:پی آئی اے : برطانیہ جانے والے مسافروں کے لیے خوشخبری
ذریعہ
ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: شہباز شریف عوام کو تھا کہ
پڑھیں:
دہشتگردی کے خاتمے تک فتنۃ الخوارج و فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، فیلڈ مارشل
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں، عوام کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی، پاکستان میں جہاں بھی دہشت گردوں کا انفرا اسٹرکچر ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنے گا، اسے ختم کرنے کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر مسلسل بلوچستان میں بدامنی، عدم استحکام اور امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم مسلح افواج عوام کی یک جہتی اور ثابت قدمی کے ساتھ ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیا اور کہا کہ یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل، محب وطن، باصلاحیت اور باہمت عوام سے مالا مال ہے، جو بلوچستان کی اصل طاقت ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے عوام دوست اور جامع منصوبوں پر عمل پیرا ہیں، جن کا مقصد صوبے کی تقدیر بدلنا ہے۔
انہوں نے قومی یک جہتی کے فروغ میں سول سوسائٹی، جامعات، میڈیا اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لیے قومی اتحاد، استقلال اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں تقریب کے اختتام پر شرکا کے ساتھ تفصیلی سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شرکا نے پاکستان کے استحکام، ترقی، امن اور خودمختاری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔