بھارتی کرکٹ بورڈ نے ’تھوک‘ پر سے پابندی اٹھا لی
اشاعت کی تاریخ: 20th, March 2025 GMT
نئی دہلی (نیوز ڈیسک)بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کے دوران گیند پر تھوک کے استعمال کی پابندی ختم کر دی ہے۔ جمعرات 20 مارچ کو ہونے والے کپتانوں کے اجلاس میں آئی پی ایل کی بیشتر ٹیموں کے کپتانوں نے اس فیصلے کی حمایت کی۔
بی سی سی آئی نے پہلے ہی اس معاملے پر اندرونی مشاورت کی تھی، جبکہ حتمی فیصلہ ٹیموں کے کپتانوں کے سپرد تھا۔ آج کے اجلاس میں کپتانوں نے اس سیزن کے لیے گیند پر تھوک کے استعمال کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کے مطابق، بی سی سی آئی نے کپتانوں کو گیند پر تھوک کے استعمال پر تبادلہ خیال کرنے کو کہا تھا۔
کووڈ-19 کی عالمی وبا کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے گیند پر تھوک کے استعمال پر پابندی لگا دی تھی، جس سے فاسٹ باؤلرز کے لیے ریورس سوئنگ کرانا مشکل ہو گیا تھا۔
بی سی سی آئی نے بھی 2020 میں کووڈ-19 کے باعث آئی پی ایل کو بھارت سے باہر منتقل کرنے کے بعد اس پابندی کو برقرار رکھا تھا۔ 2021 میں بھی ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں منتقل کرنا پڑا تھا جب پہلے مرحلے کے دوران آئی پی ایل کیمپوں میں کورونا کیسز سامنے آئے تھے۔
حالیہ چیمپئنز ٹرافی کے دوران بھارتی فاسٹ باؤلر محمد شامی نے بھی آئی سی سی سے گیند پر تھوک کے استعمال کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا تھا۔
دبئی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شامی نے کہا تھا، ’ہم ریورس سوئنگ کرانے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر تھوک کے استعمال کی اجازت نہ ہونے کے باعث یہ ممکن نہیں ہو رہا۔ ہم مسلسل اس کی اجازت دینے کی اپیل کر رہے ہیں کیونکہ اس سے کھیل مزید دلچسپ ہوگا۔‘
آئی پی ایل 2025 کا افتتاحی میچ ہفتہ 22 مارچ کو ایڈن گارڈنز، کولکتہ میں کھیلا جائے گا، جہاں دفاعی چیمپئن کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) اور راجت پٹیدار کی قیادت میں رائل چیلنجرز بینگلور (آر سی بی) آمنے سامنے ہوں گے۔
مزیدپڑھیں:الیکشن کمیشن میں اعلی سطح پر تبادلے کردیے گئے
ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: آئی پی ایل کی اجازت
پڑھیں:
منشیات کے استعمال پر نیدرلینڈز کے کرکٹر پر پابندی عائد
دبئی:انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے منشیات کے استعمال پر نیدرلینڈز کے کرکٹر ویویان کنگما پر پابندی عائد کردی۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نیدرلینڈ کے فاسٹ بولر ویویان کنگما کو منشیات کے استعمال کے حوالے سے ٹیسٹ مثبت آنے پر 3 ماہ کے لیے پابندی عائد کردی ہے۔
اعلامیے میں کہاگیا ہے کہ نیدرلینڈز کے فاسٹ بولر ویویان کنگما پر تین ماہ کی پابندی آئی سی سی اینٹی ڈوپنگ کوڈ کی خلاف ورزی پر عائد کی گئی ہے۔
آئی سی سی نے کہ اہے کہ 30 سالہ بولر کا ڈوپنگ ٹیسٹ 12 مئی کو متحدہ عرب امارات کے خلاف ورلڈ کپ لیگ 2 کے ون ڈے میچ کے بعد کیا گیا تھا اور ان کے نمونوں میں بینزولیکوگونین کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ویویان کنگما نے جرم کا اعتراف کیا ہے اور منشیات کا استعمال مقابلے کے بعد استعمال کیا تھا۔
آئی سی سی نے بتایا کہ نیدرلینڈز کے بولر پر پابندی کا اطلاق 15 اگست 2025 سے ہوگا اور اس سزا میں ایک ماہ کی کمی جاسکتی ہے اگر وہ ثابت کرپائے کہ انہوں نے اس حوالے سے منظور شدہ پروگرام کامیابی سے مکمل کرلیا ہے۔
آئی سی سی نے اینٹی ڈوپنگ کوڈ کے تحت ویویان کنگما کا 12 مئی کو متحدہ عرب امارات کے خلاف ایک روزہ میچ اور اس کے بعد کھیلے گئے میچوں کے ریکارڈ منسوخ کردیے گئے ہیں۔