پاکستانی سفیر رحیم حیات قریشی نے بیلجیم کی وزارتِ خارجہ میں اسنادِ سفارت پیش کردیں
اشاعت کی تاریخ: 2nd, April 2025 GMT
رحیم حیات قریشی نے پروٹوکول کے سربراہ، سفیر پیئر کارتیویلز کو اپنی اسنادِ سفارت کی نقل پیش کی۔
پاکستان کے سفیر برائے بیلجیم، گرینڈ ڈچی آف لکسمبرگ اور یورپی یونین رحیم حیات قریشی نے بیلجیم کی وزارتِ خارجہ میں پروٹوکول کے سربراہ، سفیر پیئر کارتیویلز کو اپنی اسنادِ سفارت کی نقل پیش کی۔
یہ ملاقات سفیر قریشی کی بیلجیم میں سفارتی ذمہ داریوں کے آغاز کی علامت تھی۔ دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان اور بیلجیم کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سفیر قریشی نے تجارت، سرمایہ کاری، ترقی، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کےلیے پاکستان کے عزم کو دہرایا۔
سفیر کارتیویلز نے سفیر قریشی کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کے ساتھ کثیر الجہتی تعاون کو فروغ دینے میں بیلجیم کی مسلسل دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے سفارتی تعلقات کو مستحکم رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
دونوں معززین نے دوطرفہ تعلقات کی مضبوط بنیاد کو تسلیم کیا اور باہمی و کثیر الجہتی سطح پر تعاون کے فروغ کے حوالے سے امید کا اظہار کیا۔
رحیم حیات قریشی نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان اور بیلجیم کے درمیان شراکت داری مستقل مذاکرات اور تعمیری تعاون کے ذریعے مزید فروغ پاتی رہے گی۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: رحیم حیات قریشی نے
پڑھیں:
صدر مملکت آصف علی زرداری سے چین کے سفیر کی ملاقات،دوطرفہ تعلقات اور علاقائی تعاون پر تبادلہ خیال
چین کے سفیر جیانگ زائی دونگ نے ایوانِ صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان تجارت، معیشت، ثقافت اور علاقائی روابط کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ پاکستانی عوام اپنے آہنی بھائی چین کی مستقل حمایت پر شکر گزار ہیں۔چین پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ چینی سفیر جیانگ زائی دونگ نے صدر مملکت کی آنے والی سالگرہ کے موقع پر صدر شی جن پنگ کی جانب سے دلی نیک خواہشات کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔