کراچی کے شہری 12 اپریل کو سفید پرچم لے کر گھروں سے نکلیں، آفاق احمد
اشاعت کی تاریخ: 3rd, April 2025 GMT
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایم کیو ایم حقیقی نے کہا کہ سندھ حکومت کی طرف سے سنجیدہ اقدامات نظر نہیں آتے، لاہور میں 8 ہزار سی سی ٹی وی کیمرے لگا کر ٹریفک پولیس کا کام کم کر دیا گیا ہے، 30 سال سے کراچی میں پانی بیچا جا رہا ہے، ایک مہینے میں اربوں روپےکا پانی فروخت ہورہا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ اس شہر کی مجرم پیپلز پارٹی ہے یہ وسائل کو اپنے اوپر استعمال کرتی ہے پیپلز پارٹی کی سرپرستی میں ٹینکر مافیا پانی فروخت کررہی ہے یہ کام 30 سال سے ہورہا ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوگوں سے درخواست کی ہے کہ 12 اپریل کو سفید پرچم لے کر گھروں سے نکلیں، مہاجروں کی طرح دیگر قومیتوں کے ساتھ بھی زیادتی ہورہی ہے، جنوری سے اب تک 262 لوگ ٹریفک حادثات میں مرچکے ہیں گزشتہ سال ساڑھے 7 سو لوگ جاں بحق ہوئے مگر حادثات پر حادثات ہورہے ہیں حکومت نے سرد مہری کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ جاں بحق ہوئے ان کی تکالیف زیادہ ہیں مجھے بھی گرفتار کیا گیا لیکن ہماری تکلیف کچھ نہیں، اسٹریٹ کرائم میں بچوں کے سامنے باپ کو مار دیا گیا بچہ اپنے باپ کو بچانے کے لیے پتھر سے مقابلہ کررہا تھا، کسی کارکن کو پکڑنا ہو تو زمین کھود کر نکال لیتے ہیں لیکن اسٹریٹ کرمنل پکڑے نہیں جاتے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی بدترین اور بدعنوان پارٹی ثابت ہوئی ہے، حکومت کو جیب اور خزانے بھرنے سے فرصت نہیں، لاہور میں 8 ہزار کیمرے لگائے ہیں وہاں پولیس کو کام کرنے ہی ضرورت نہیں، کراچی میں ٹریفک پولیس کا سارا زور چالان کاٹنے پر ہے کیونکہ 30 فیصد انہیں ملتا ہے۔
آفاق احمد کا کہنا تھا کہ اس شہر کی مجرم پیپلز پارٹی ہے یہ وسائل کو اپنے اوپر استعمال کرتی ہے، جو پروجیکٹ 6 ارب کا ہوتا ہے تاخیر کے سبب 36 ارب کا ہوجاتا ہے، ہم شہر میں حفاظت سے حرکت نہیں کرسکتے جو روزگار کے لیے نکلتا ہے اس کے گھر والے پریشان رہتے ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سرپرستی میں ٹینکر مافیا پانی فروخت کررہی ہے یہ کام 30 سال سے ہورہا ہے، جزیروں میں پانی پہنچا دیا گیا مڈل کلاس علاقوں میں پانی نہیں ہے، 12 ہزار ٹینکر اربوں روپے کا پانی روزانہ فروخت کررہے ہیں، بلوچستان اور کے پی کے میں غیر یقینی ہے، ہم کراچی میں کچھ ایسا نہیں چاہتے جس سے شہر کی فضا خراب ہو، شہر کے لوگ خاموش ہیں مگر انہیں مردہ یا غلام نہ سمجھا جائے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: پیپلز پارٹی کراچی میں نے کہا کہا کہ
پڑھیں:
کراچی، کباڑ کے بڑے گودام میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی
کراچی:شہر قائد کے علاقے سہراب گوٹھ کے قریب مچھر کالونی میں واقع کباڑ کے بڑے گودام میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی، آگ کی شدت اس قدر زیادہ ہے کہ شعلے اور دھواں دور دور سے دیکھا جا سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مذکورہ مقام پر استعمال شدہ کپڑوں، پلاسٹک اور دیگر اشیاء کے کئی گودام موجود ہیں، جہاں اچانک لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے 15 گوداموں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
آگ لگنے کے بعد علاقہ دھوئیں سے بھر گیا اور فضا میں سانس لینا مشکل ہوگیا۔
عینی شاہدین کے مطابق فائر بریگیڈ کے عملے کو پانی کی شدید کمی کا سامنا ہے۔ متعدد فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچ چکے ہیں تاہم اُن میں موجود پانی ختم ہوگیا ہے اور تاحال واٹر ٹینکرز موقع پر نہیں پہنچ سکے۔
فائر فائٹرز اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے لیے مزید فائر ٹینڈرز طلب کرلیے گئے ہیں، تاہم پانی کی فراہمی میں رکاوٹیں ریسکیو آپریشن کو متاثر کر رہی ہیں۔
جائے وقوعہ پر پولیس اور رینجرز کی نفری موجود ہے، ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی جبکہ آگ کے باعث جانی نقصان کی بھی کوئی اطلاع نہیں ملی۔