رینجرز کی تعیناتی کی کابینہ سے باضابطہ منظوری حاصل کر لی ہے، انوارالحق
اشاعت کی تاریخ: 7th, April 2025 GMT
وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر حکومت محکمہ انسداد دہشت گردی کے قیام کے آخری مراحل میں ہے تاکہ عوام کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں امن و امان کو مزید مؤثر بنانے کے لیے رینجرز کی تعیناتی کی کابینہ سے باضابطہ منظوری حاصل کر لی گئی ہے جس کے تحت ایک ہزار جوان اور 300 افسران مروجہ قواعد و ضوابط کے تحت بھرتی کیے جائیں گے جو مقامی ہوں گے۔ سرکاری خبر ایجنسی اے پی پی کو دیے گئے انٹرویو میں وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے واضح طور پر کہا کہ رینجرز فورس کی قیادت آزاد کشمیر کے مقامی افسران کے سپرد ہو گی جبکہ کسی غیر ریاستی فرد کو اس فورس کا حصہ نہیں بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر حکومت محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے قیام کے آخری مراحل میں ہے تاکہ عوام کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں یہ اقدام ناگزیر ہو چکا ہے، خاص طور پر جب پاکستان کی مسلح افواج نے امن کے قیام کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں۔
 
 حکومتی کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 71 ارب روپے کے خسارے کے باوجود سرکاری ملازمین کو عید سے قبل تنخواہوں کی ادائیگی ممکن بنائی گئی، بلدیاتی اداروں کو فنڈز جاری کیے گئے، بند منصوبوں کو فعال کیا گیا اور جامعات کو مالی امداد فراہم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مالی دباؤ کے باوجود مسلسل کارکردگی دکھائی ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے بتایا کہ تعلیم اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے بھی پیش رفت جاری ہے، "آؤٹ آف اسکول چلڈرن” منصوبہ جلد آغاز کے مراحل میں ہے اور وزیراعظم پاکستان نے تین ارب روپے مالیت کے دانش اسکول منصوبے کی منظوری دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مظفرآباد میں شونٹر ٹنل کی تعمیر بھی وفاقی تعاون سے شروع کی جائے گی۔
 
 ریاست آزاد کشمیر میں بینکاری کے شعبے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر بینک کو 30 جون سے قبل شیڈیولڈ بینک کا درجہ دلانے کے لیے تمام حکومتی ذمہ داریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور دیگر انتظامی مراحل بینک کی انتظامیہ کے سپرد ہیں۔ انتظامی اصلاحات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ مذاکرات کامیابی سے مکمل ہو چکے ہیں، بلدیاتی ادارے آزاد کشمیر کے آئینی نظام کا اہم جزو ہیں اور ان کی شمولیت کے بغیر گورننس کا عمل مکمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی کے ترقیاتی فنڈز کے اجرا کا معاملہ آئینی طریقے سے عدالتی راستے یا قانون سازی کے ذریعے حل کیا جائے گا۔ سیاسی وابستگی کی بنیاد پر بھرتیوں کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ تمام تقرریاں باقاعدہ اشتہار اور میرٹ کے تحت کی گئی ہیں، تاہم بعض خصوصی حالات، جیسے دور افتادہ علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فوری فراہمی کے لیے ریاستی باشندہ کی شرط میں نرمی برتی گئی تاہم رینجرز اور پولیس جیسی حساس فورسز میں کسی غیر ریاستی فرد کو شامل نہیں کیا گیا۔
 
 خطے کی سکیورٹی صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے بھارت پر الزام عائد کیا کہ وہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دہشت گردی کی نئی لہر کو ہوا دے رہا ہے، بھارتی خفیہ ایجنسی "را" دشمن عناصر کے ساتھ مل کر پاکستان اور آزاد کشمیر میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے جس کے نتائج نہایت خطرناک ہو سکتے ہیں۔ چوہدری انوارالحق نے کہا کہ پاک فوج نے گزشتہ 77 برسوں میں لائن آف کنٹرول کی حفاظت اور آفات کے دوران عوام کی خدمت میں جو قربانیاں دی ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں، ان اداروں کے خلاف بے بنیاد الزامات کسی صورت قابل قبول نہیں۔ 
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: انہوں نے کہا کہ کا کہنا کے لیے
پڑھیں:
پی پی اور ن لیگ کی سیاسی کشمکش؛ آزاد کشمیر میں اِن ہاؤس تبدیلی تاخیر کا شکار
مظفرآباد:پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی سیاسی مفادات حاصل کرنے کی دوڑ میں آزاد کشمیر میں اِن ہاؤس تبدیلی تاحال تاخیر کا شکار ہے۔
ذرائع کے مطابق آزاد جموں و کشمیر اسمبلی میں اِن ہاؤس تبدیلی کے معاملے میں پیپلز پارٹی کی ہائی کمان نے تاحال متبادل قائد ایوان کی نامزدگی نہیں کی اور متبادل قائد ایوان کے بغیر تحریک عدم اعتماد جمع ہونے میں مسلسل تاخیر ہو رہی ہے۔
پیپلز پارٹی عددی برتری کے دعوے کے باوجود ڈیڑھ ہفتے سے اپنی برتری ثابت کرنے میں لیت و لعل کا شکار ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی وطن واپسی پر ہی عدم اعتماد جمع کرانے کا فیصلہ متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر مسلم لیگ ن کے قبل از وقت انتخابات منعقد کرانے کا مطالبہ بھی تاخیر کی وجہ ہے۔ قبل از وقت انتخابات کی صورت میں اِن ہاؤس تبدیلی سے پیپلز پارٹی کوسیاسی فائدہ نہیں پہنچ پائے گا۔
دوسری جانب آزاد حکومت کا 80 فیصدترقیاتی بجٹ ابھی خرچ ہونا باقی ہے اور فوری بھرتیوں کے لیے 2 ہزار کے لگ بھگ نوکریاں اور صحت کارڈ جیسے کئی اہم اقدامات نئی حکومت کو سیاسی فائدہ پہنچا سکتے ہیں۔
آزاد کشمیر کی موجودہ اسمبلی کی مدت جولائی میں ختم ہو رہی ہے اور انتخابات سے 2 ماہ قبل تمام ترقیاتی کام روک کر نوکریوں پر تقرریاں اور تبادلے کا اختیار ختم کر دیا جاتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ مارچ میں انتخابات کے مطالبے پر مصر ہے اور انتخابات سے 2 ماہ قبل جنوری ہی میں نئی حکومت اختیارت سے محروم ہو جائے گی۔ 2 ماہ یعنی دسمبر، جنوری میں پیپلز پارٹی مطلوبہ سیاسی اہداف حاصل نہیں کر پائے گی۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کااسمبلی کی مدت پوری کرنے پراصرار ڈیڈ لاک کی مبینہ وجہ ہے۔