عوام کے پیروں تلے معدنی ذخائر، ہاتھوں میں مہارت ہے، مایوسی کی کوئی گنجائش نہیں، آرمی چیف
اشاعت کی تاریخ: 8th, April 2025 GMT
پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم 2025ء سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ مجھے پختہ یقین ہے کہ پاکستان معدنی معیشت میں ایک عالمی رہنما کے طور پر ابھرنے کے لیے تیار ہے۔ اسلام ٹائمز۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کے پیروں تلے معدنی ذخائر اور ہاتھوں میں مہارت ہے، ایسے میں مایوسی کی کوئی گنجائش نہیں۔ پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم 2025ء سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ مجھے پختہ یقین ہے کہ پاکستان معدنی معیشت میں ایک عالمی رہنما کے طور پر ابھرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بین الاقوامی اداروں کو خوش آمدید کہتے ہیں کہ وہ اپنی مہارت سے پاکستان کو روشناس کرائیں، سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں اور وسائل کی وسیع صلاحیت کے فروغ اور ترقی میں ہمارے ساتھ شراکت داری کریں۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کی معدنیات کی دولت کو اخذ کرنے کے لیے انجنیئر ، جیالوجسٹ، آپریٹر اور بہت سے ماہر کان کن درکار ہیں، اسی لیے ہم اس شعبے کی ترقی کے لیے طلبہ کو بیرون ملک تربیت کے لیے بھی بھیج رہے ہیں ۔ اس وقت بلوچستان کے 27 طلبہ، زیمبیا اور ارجنٹینا میں منرل ایکسپلوریشن میں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد معدنی شعبے کے لیے افرادی قوت، مہارت اور انسانی وسائل پیدا کرنا بھی ہے۔ اقتصادی سلامتی، قومی سلامتی کے ایک اہم جُزو کے طور پر ابھری ہے۔ پاک فوج اپنے شراکت داروں اور سرمایہ کاروں کے مفادات اور اعتماد کے تحفظ کے لیے ایک مظبوط سکیورٹی فریم ورک اور فعال اقدامات کو یقینی بنائے گی۔ فورم سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اپ اسٹریم اور ڈاؤن اسٹریم معدنی صنعتوں کی ترقی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ یہ بات اہم ہے کہ لاگت کو بہتر بنانے اور منڈیوں کو متنوع بنانے کے لیے پاکستان میں ریفائننگ اور ویلیو ایڈیشن میں سرمایہ کاری کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کے پیروں کے نیچے وسیع معدنی ذخائر، ہاتھوں میں مہارت اور شفاف معدنی پالیسی کے ہوتے ہوئے مایوسی اور بے عملی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ آگے بڑھیں اور جدوجہد کریں۔ ملک کے لیے اور اپنے لیے۔
آرمی چیف نے کہا کہ ہم پاکستانی بیک آواز شراکت داروں اور سرمایہ کاروں کو یقین دلاتے ہیں کہ کاروبار اور معدنی دولت سے استفادہ کرنے کے لیے آپ کی مہارت سے مستفید ہونا ہماری اجتماعی قومی خواہش ہے۔ آپ پاکستان پر پُر اعتماد پارٹنر کے طور پر بھروسا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں بلوچ قبائلی عمائدین کی کاوشوں کا بھی معترف ہوں، جنہوں نے کان کنی کے کاموں کو فروغ دینے اور بلوچستان کی ترقی و پیشرفت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ مل کر کام کرنے سے پاکستان کا معدنی شعبہ اجتماعی فائدے کے لیے علاقائی ترقی، خوشحالی اور پائیداری کو فروغ دے سکتا ہے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: کہ پاکستان نے کہا کہ کے طور پر آرمی چیف کے لیے
پڑھیں:
سینیٹ انتخابات اور عوام کی امیدیں
خیبر پختونخوا میں ایوان بالا کے انتخابات کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے، حکومت اور اپوزیشن نے انتخابی فارمولے کے مطابق 6 اور 5 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ سینیٹ کی 11نشستوں میں تحریک انصاف نے 6، جمعیت علمائے اسلام2، پیپلز پارٹی2 اور پاکستان مسلم لیگ ن 1نشست پر کامیاب ہوئی، سینیٹ انتخابات میں پی ٹی آئی اور اپوزیشن کے درمیان معاہدہ کامیاب رہا۔پنجاب کی ایک نشت پر مسلم لیگ ن کے حافظ عبدالکریم کامیاب ہوئے ہیں۔
ملک میں سینیٹ کے حالیہ انتخابات مکمل ہو چکے ہیں، جس کے ساتھ ہی قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر بھی اراکین کی تقرری عمل میں آ چکی ہے۔ یوں پاکستان کی پارلیمان کے دونوں ایوان سینیٹ اور قومی اسمبلی مکمل ہو چکے ہیں۔ ایک طویل غیر یقینی اور خلاؤں سے بھرپور ڈیڑھ برس کے بعد، بالآخر دونوں ایوانوں کی تکمیل عمل میں آ چکی ہے۔
یہ مرحلہ صرف آئینی ضرورت کی تکمیل نہیں، بلکہ جمہور کی ان گہری تمناؤں کا مظہر ہے جو برسوں سے ایک مضبوط، مربوط اور مؤثر جمہوری نظام کے خواب دیکھتے آئے ہیں۔ یہ امر بظاہر جمہوریت کے تسلسل اور پارلیمانی نظام کی مضبوطی کی علامت ہے، لیکن اگر اس منظر نامے کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے تو کئی تلخ حقیقتیں اور سوالات جنم لیتی ہیں، جو جمہوریت کی روح اور عوامی نمایندگی کے اصولوں سے انحراف کا پتا دیتے ہیں۔
اس تمام عمل کو پریشان کن اس پہلو نے بنایا کہ عام انتخابات کے بعد تقریباً سال سوا سال تک عدالتی پیچیدگیوں اور قانونی رکاوٹوں کی وجہ سے پارلیمان مکمل نہ ہو سکا۔ یہ صورتِ حال نہ صرف جمہوری عمل کو نقصان پہنچاتی ہے بلکہ نئے نئے سیاسی اور آئینی مناقشوں کو جنم دینے کا باعث بنتی ہے ۔
سینیٹ انتخابات سے پہلے جس ’’طے شدہ فارمولے‘‘ کے تحت حکومت اور اپوزیشن کے مابین نشستوں کی تقیسم ہوئی، وہ بذاتِ خود اس امر کا غماز ہے کہ جب بات سیاسی مفادات کی ہو، تو بظاہر ایک دوسرے کے شدید مخالف نظر آنے والے سیاسی فریقین کس طرح خوش اسلوبی سے ایک صفحے پر آ جاتے ہیں۔ وہی سیاسی جماعتیں اور ان کی قیادت، جو عوامی جلسوں میں ایک دوسرے پر سنگین الزامات عائد کرتی ہیں، پس پردہ مفاہمت کی میز پر باآسانی اکٹھا ہو جاتی ہیں۔ یہ طرزِ عمل نہ صرف سیاسی دوعملی کو بے نقاب کرتا ہے بلکہ پارٹی ورکرز اور ووٹرز کے اعتماد کو بھی مجروح کرتا ہے، جنھیں تاثر دیا جاتا ہے کہ ان کے رہنما اور سیاسی جماعت اپنے بیانئے اور اصولوں پر قائم رہیں گے۔
خیبر پختونخوا میں ہونے والے سینیٹ انتخابات کے بعد ایوان بالا میں پیپلزپارٹی نشستوں کے اعتبار سے سب سے بڑی پارٹی بن گئی ہے، اس کے سینیٹرز کی تعداد 26ہوگئی، یوں حکمراں اتحاد سینیٹ میں دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کے قریب پہنچ گیا ہے، ایوان بالا میں حکمراں اتحاد کے سینیٹرز کی تعداد 61جب کہ اپوزیشن کے سینیٹر کی تعداد 34 ہوگئی، سینیٹ اور قومی اسمبلی میں نئی ارکان کی آمد کے بعد اب حکومتی اتحاد کو دو تہائی کے قریب اکثریت حاصل ہو چکی ہے۔
بلاشبہ یہ اکثریت کسی بھی حکومت کے لیے قانون سازی کو مؤثر بنانے کا موقع فراہم کرتی ہے، مگر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آیا یہ عددی طاقت عوامی فلاح و بہبود کے لیے استعمال ہوگی یا سیاسی جوڑ توڑ اور اتحادیوں کے تقاضے پورے کرنے تک محدود رہے گی؟ ماضی کی مثالیں دیکھ کر یہ اندیشہ بجا ہے کہ اکثریت کے بل پر کی جانے والی قانون سازی عموماً عوامی مفادات سے زیادہ طاقتور طبقات کے مفادات کی ترجمان ہوتی ہے۔
حالیہ سینیٹ الیکشن کے جائزے میں یہ واضع ہے، حسب روایت دولت مند افراد کو پارٹی ٹکٹ دیے گئے اور وہ منتخب ہوکر سینٹر بن گئے ہیں ۔سیاسی جماعتوں نے تعلیم یافتہ مڈل کلاس کو لفٹ نہیں کرائی ، یوں متوسط طبقے کے پڑھے لکھینوجوان سیاسی کارکن، خواتین، اقلیتوں اور محنت کش طبقے کی نمایندگی برائے نام رہی۔ سیاسی جماعتوں کی اعلیٰ ترین قیادت کے اس قسم کے فیصلے اس تاثر کو تقویت دیتے ہیں کہ ہماری پارلیمان طاقتور اور دولت مند طبقات کا کلب ہے، جہاں عوامی مسائل کی گونج کم اور مفاداتی سیاست کا شور زیادہ سنائی دیتا ہے۔
جمہوری نظام کی اصل روح اس وقت ظاہر ہوتی ہے جب پارلیمان میں ہر طبقے کی نمایندگی ہو، جب عوام کے حقیقی مسائل پر قانون سازی ہو، اور جب حکومتی فیصلے ریاست اور عوام کے اجتماعی مفادات کی ترجمانی کریں۔ ورنہ جمہوریت صرف انتخابی عملکا نام بن جاتی ہے، جس میں عوامی شمولیت کا عنصر ختم ہو جاتا ہے۔ عوام کو صرف ووٹ دینے کی مشین سمجھا جاتا ہے، اور انتخابات کے بعد ان کی آواز کو دبانے کی کوشش کی جاتی ہے۔
جمہوریت صرف انتخابات کا نام نہیں، بلکہ ایک مکمل نظام حکومت ہے، ایک مسلسل عمل، جو عوام کی شمولیت، شفاف احتساب، مؤثر ادارہ جاتی کردار اور میرٹ پر مبنی نمایندگی کا تقاضا کرتا ہے۔ جب یہ اجزا موجود نہ ہوں تو پھر انتخابات نمائشی عمل بن جاتے ہیں، اور پارلیمان چند مراعات یافتہ افراد کا حلقہ بن جاتی ہے۔
اس سینیٹ الیکشن کے نتائج نے یہ بات ایک بار پھر واضح کر دی کہ ہمارے ملک میں سیاسی جماعتیں اب بھی اپنے منشورو پروگرام پر عمل کرنے کے بجائے مفاداتی اتحادوں کو ترجیح دیتی ہیں۔ عوامی نمایندوں کے چناؤ میں عوامی مقبولیت، خدمات یا اصولی موقف کے بجائے صرف مالی حیثیت، خاندانی پس منظر اور اندرونی تعلقات کو ترجیح دی جاتی ہے۔ ایسے میں یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ جمہوریت کی آڑ میں ایک محدود طبقے کی بالادستی کو دوام بخشا جا تا ہے۔
عوام کے لیے یہ لمحہ فکریہ ہے کہ جب حکومت اور اپوزیشن ایک دوسرے کو جلسوں میں غدار، کرپٹ اور نااہل قرار دیتی ہیں، تو وہی جماعتیں پسِ پردہ ایک دوسرے سے ہاتھ ملا کر اقتدار کی تقسیم پر راضی ہو جاتی ہیں۔ عوامی نمایندگی کا دعویٰ کرنے والے رہنما جب اپنی جماعتی مصلحتوں اور ذاتی مفادات کو اجتماعی عوامیمفاد پر ترجیح دیتے ہیں تو سیاسی کارکن مایوس ہوجاتا ہے۔ اس حقیقت کو سمجھنے اور تسلیم کرنے کی ضرورت ہے کہ ہمارے سیاسی رہنما عوام کے لیے نہیں، بلکہ طبقاتی سیاست کرتے ہیں۔
وقت آ گیا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی قیادت بھی اپنے رویوں اور پالیسی میں تبدیلی لائے ، عوام کو نمائشی نعروں کے بجائے عملی اقدامات سے مطمئن کریں، اگر جمہوریت کو واقعی مستحکم کرنا ہے تو مڈل کلاس کے سیاسی کارکنوں،پروفیشنلز،درمیانے کاروباری لوگوں کو آگے بڑھنے کا موقع دیں۔چند دولت مند اور طاقتورخاندانوں اور مفاد پرست، موقع پرست ٹولوں کے گرد گھومتی سیاست پارلیمانی جمہوری نظام کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ عوام میں بڑھتی ہوئی بیزاری اور مایوسی کو غیر اہم نہ سمجھا جائے۔عدلیہ، الیکشن کمیشن، اور دیگر ریاستی اداروں پر بھی بھاری ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی غیر جانبداری، شفافیت اور مؤثریت کو یقینی بنائیں۔
مبہم، یکطرفہ اور ذومعنی قانون سازی جمہوریت ہی نہیں بلکہ اداروں کے حق میں بہتر نہیں ہوتی ۔ پارلیمانی جمہوری نظام میں، اصل طاقت عوام اور ووٹرز کے پاس ہوتی ہے۔ اس لیے پولنگ سے لے کر گنتی تک انتخابی قوانین واضع اور ابہام سے پاک ہونے چاہیں اور الیکشن کو انتخابی کے ساتھ انتظامی اختیارات بھی حاصل ہونے چاہیں۔ جب تک عوام اپنی سیاسی بصیرت کا استعمال نہیں کریں گے، ووٹ دینے کے بعد خاموش تماشائی بنے رہیں گے، تب تک یہ طبقاتی سیاست پر چیک رکھنا ممکن نہیں ہوگا ۔ عوام کو نہ صرف ووٹ دینا ہے، بلکہ منتخب نمایندوں کا احتساب بھی کرنا ہے۔ سوال پوچھنا، کارکردگی کا جائزہ لینا اور خاموشی توڑنا ہی وہ عمل ہے جو جمہوریت کو زندہ رکھ سکتا ہے۔
ہماری تاریخ ایسے مواقع سے بھری پڑی ہے جب قوم کو درست سمت میں موڑنے کا موقع ملا، مگر ہر بار طبقاتی قوتوں نے اسے ناکام بنا دیا۔ اب ایک بار پھر ایک نیا دور شروع ہونے کو ہے۔ اگر آج بھی ہم نے سیکھنے سے گریز کیا تو آنے والی نسلیں بھی اسی دائرے میں مقید رہیں گی، جہاں جمہوریت صرف ایک لفظ ہوگا، اس کی روح اور اثر ناپید۔ سینیٹ اور قومی اسمبلی کا مکمل ہونا ایک موقع ہے،ایک ایسا نکتہ آغاز جہاں سے ہم قومی مفاد کو ذاتی اور جماعتی مفادات پر ترجیح دینے کا نیا باب رقم کر سکتے ہیں۔ سیاسی بالغ نظری، تحمل، مکالمے کی روایت، اور آئین کی پاسداری اب محض نعرے نہیں رہنے چاہییں، بلکہ وہ اصول بننے چاہییں جن پر ایوان کی ہر آواز اور ہر قانون کی بنیاد ہو۔
عوام نے جس اعتماد کے ساتھ اپنے نمایندے چُنے، وہ کسی معمولی توقع پر مبنی نہیں تھا۔ وہ چاہتے ہیں کہ تعلیم، صحت، روزگار، انصاف اور معیشت جیسے بنیادی مسائل پر سنجیدگی سے قانون سازی ہو۔ وہ یہ بھی چاہتے ہیں کہ احتساب کا عمل بلا تفریق ہو، اور ہر فرد، خواہ وہ کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو، قانون کے سامنے جواب دہ ہو۔جمہور کی آنکھیں اب ان منتخب نمایندوں پر مرکوز ہیں۔ عوام کی توقعات محض تقریروں، وعدوں یا بیانات تک محدود نہیں رہیں، وہ ٹھوس اقدامات، باوقار قانون سازی، شفاف طرزِ حکمرانی اور عام آدمی کی زندگی میں حقیقی بہتری کے خواہاں ہیں۔