بیرونی سرمایہ کاری اور بزنس فورمز سے پاکستانی معیشت میں استحکام آ رہا ہے، وزیر اطلاعات
اشاعت کی تاریخ: 11th, April 2025 GMT
اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے وزیراعظم شہباز شریف کے بیلاروس کے اہم دورے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اسے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان تعاون کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔
عطاءاللہ تارڑ نے بتایا کہ بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ اب اس تسلسل کو آگے بڑھاتے ہوئے زرعی مشینری، دفاع، دفاعی پیداوار سمیت مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ دورہ بیلاروس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ بیلاروس کے صدر کا پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کے ساتھ دیرینہ ذاتی تعلق ہے اور انہیں غیر رسمی عشایئے میں بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا ہے۔
عطاءاللہ تارڑ نے مزید کہا کہ گزشتہ ایک سال میں پاکستان نے عالمی سطح پر فعال خارجہ پالیسی اپنائی ہے اور تنہائی سے نکل کر دنیا کے ساتھ مؤثر رابطے بحال کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہ اجلاس کی میزبانی کی، جبکہ مختلف عالمی رہنماؤں نے بھی پاکستان کا دورہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان منرلز انوسٹمنٹ فورم میں دنیا بھر سے 300 سے زائد ماہرین اور مندوبین نے شرکت کی، جو کہ ملک میں سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔ بیرونی سرمایہ کار مختلف منصوبوں میں سرمایہ لگا رہے ہیں، جس سے معیشت کو استحکام مل رہا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق وزیراعظم کا یہ دورہ بیلاروس نہ صرف دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کو ابھرتی ہوئی معیشت کے طور پر پیش کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
Post Views: 3.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: وزیر اطلاعات بیلاروس کے
پڑھیں:
شرجیل میمن اور ناصر شاہ کی یوٹونگ بس کمپنی کو سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت
کراچی:سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے چین میں یوٹونگ بس کمپنی کے حکام سے ملاقات کرکے انہیں سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
ملاقات میں سندھ میں ٹرانسپورٹ اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی بات چیت ہوئی، ٹرانسپورٹ و متبادل توانائی کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
یوٹونگ کے حکام نے وزراء کو اپنی نئی اور جدید ماڈل بسوں کے بارے میں بریفنگ دی، یوٹونگ حکام نے پاکستان بالخصوص سندھ میں بسیں متعارف کرانے میں دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت شہریوں کو معیاری اور محفوظ ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، دھابیجی اسپشل اکنامک زون غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے بہت بڑا موقع ہے، سرمایہ کاروں کو دس سالہ ٹیکس چھوٹ دی جارہی ہے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ دھابیجی انڈسٹریل زون میں حکومت سندھ کی جانب سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی، سندھ میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں عوام کو معیاری بس سروس فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے، ہم چاہتے ہیں کہ یوٹونگ جیسے بین الاقوامی ادارے پاکستان آئیں اور جدید بسیں تیار کر کے یہاں کی مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کریں، سندھ حکومت سرمایہ کاروں کو مکمل سہولتیں اور تحفظ فراہم کرے گی۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سندھ میں ماحول دوست اور توانائی کے متبادل ذرائع پر مبنی پبلک ٹرانسپورٹ متعارف کرائی جائے، یوٹونگ بسیں ماحول دوست اور توانائی کے متبادل ذرائع کے حوالے سے بہترین آپشن ثابت ہو سکتی ہیں۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت شفاف سرمایہ کاری کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی، عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور سرمایہ کاروں کو پائیدار کاروباری ماحول کی فراہمی حکومت سندھ کا عزم ہے۔