وزیراعظم نے جاپان کے ساتھ صنعتی تعاون بڑھانے کیلئے اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کر دی
اشاعت کی تاریخ: 17th, September 2025 GMT
وزیراعظم شہباز شریف نے جاپان کے ساتھ صنعتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کر دی ہے، جو نہ صرف موجودہ تعاون کو بڑھائے گی بلکہ جاپانی کمپنیوں کو درپیش مسائل کے حل اور نئی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔
کمیٹی کی سربراہی وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار کریں گے، جبکہ وزارت صنعت و پیداوار، وزارت تجارت، اقتصادی امور ڈویژن، وزارت اوورسیز، وزارت داخلہ، فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور اسٹیٹ بینک کے اعلیٰ افسران اس کے رکن ہوں گے۔
اس کے علاوہ پاکستان جاپان بزنس فورم کے نمائندے، پارلیمانی سیکریٹری برائے تجارت ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی اور سابق سفیر برائے جاپان چوہدری آصف محمود بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
وزیراعظم آفس کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کو درج ذیل ٹرمز آف ریفرنس (TORs) دیے گئے ہیں۔
پاکستان اور جاپان کے درمیان موجودہ صنعتی تعاون میں اضافہ، پاکستان میں کام کرنے والی جاپانی کمپنیوں کے مسائل کا حل، جاپانی سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کے لیے اقدامات تجویز کرنا اور متعلقہ دیگر معاملات کا جائزہ لینا شامل ہیں۔
کمیٹی دو ہفتوں کے اندر اپنی رپورٹ اور سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی جبکہ اس کا سیکریٹریٹ وزارت صنعت و پیداوار ہوگا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس اقدام سے پاکستان میں جاپانی سرمایہ کاری کے لیے نئی راہیں کھلیں گی اور دونوں ممالک کے صنعتی تعلقات کو عملی بنیادوں پر نئی وسعت ملے گی۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس، برآمدات بڑھانے کیلئے اقتصادی سفارتکاری پر زور
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس جمعرات کو یہاں منعقد ہوا جس میں اقتصادی سفارتکاری اور تجارت بڑھانے کی مجموعی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا یورپی یونین اور دیگر اہم شراکت داروں کیساتھ اقتصادی تعلقات بڑھانے کیلئے سفارتکاری کی جائے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں تجارت قانون و انصاف کے وزراء، وزیراعظم کے معاون خصوصی ایم طارق باجوہ، سیکرٹری خارجہ، سیکرٹری تجارت اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں کمیٹی کے گزشتہ اجلاس سے اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ نائب وزیراعظم نے برآمدات کو بڑھانے، سرمایہ کاری کو راغب کرنے اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے کے لئے اقتصادی سفارتکاری پر زور دیا۔ اسحاق ڈار کی زیر صدارت دوسرے اجلاس میں شعبہ پٹرولیم کے موجودہ انفراسٹرکچر اورآر ایل این جی اور اس سے منسلک شعبوں کا جائزہ لیا گیا۔ نائب وزیر اعظم آفس سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی ایم طارق باجوہ، سیکرٹری پٹرولیم، چیئرمین اوگرا اور وزارت پٹرولیم کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کارکردگی بڑھانے اور مسابقتی قیمتوں پر معیاری پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مسلسل تکنیکی اپ گریڈیشن اور سسٹمز کی ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔